واشنگٹن ڈی سی: مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ایک غلط انٹیلی جنس رپورٹ نے مبینہ طور پر ایران کے ساتھ جنگ کے دوران مغربی ایشیا میں ایک چینی بحری جہاز کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کا راستہ تقریباً ہموار کر دیا تھا۔ سی این این نے اس واقعے سے واقف متعدد ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔سی این این کے مطابق رواں موسم بہار میں امریکی فوج کے مختلف حلقوں میں گردش کرنے والی انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مغربی ایشیا میں موجود ایک چینی بحری جہاز جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے منسلک پرزے لے جا رہا ہے۔
اس رپورٹ کے بعد امریکی فوج میں فوری تشویش پیدا ہوئی اور جہاز کو روکنے کی تیاری شروع کردی گئی۔واقعے سے واقف 4 ذرائع کے حوالے سے سی این این نے بتایا کہ امریکی فوج نے چینی جہاز کے خلاف کارروائی کی جانب پیش قدمی کی۔ 2 ذرائع کے مطابق مسلح امریکی فوجی جہاز پر سوار ہونے کی تیاری کر رہے تھے جبکہ 2 دیگر ذرائع نے بتایا کہ فوجی طیارے پہلے ہی فضا میں موجود تھے۔تاہم کارروائی شروع ہونے سے کچھ دیر قبل حکام نے انٹیلی جنس کا مزید باریک بینی سے جائزہ لیا اور معلوم کیا کہ رپورٹ مصنوعی ذہانت کے ایک نظام کی مدد سے تیار کی گئی تھی۔ ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے ایک تجزیہ کار نے جس چیٹ بوٹ کا استعمال کیا تھا اس نے جہاز کے ذریعے منتقل کیے جانے والے سامان کی غلط شناخت کی تھی۔
سی این این کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جہاز میں اصل میں کیا سامان موجود تھا۔ ایک ذریعے نے انٹیلی جنس رپورٹ کو مکمل طور پر غلط قرار دیا۔اسی ذریعے نے سی این این کو بتایا کہ اس واقعے نے تقریباً جنگ شروع کر دی تھی۔ اس کے مطابق چینی بحری جہاز کے خلاف امریکی فوجی کارروائی سے دونوں ملکوں کے درمیان مسلح تنازع بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا تھا۔سی این این کے مطابق امریکی تجزیہ کار نے جہاز کے کارگو سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹنگ کے بارے میں چیٹ بوٹ سے سوال کیا تھا۔ اصل معلومات امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ پیسیفک سے موصول ہوئی تھیں جو ہوائی میں قائم ہے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ استعمال کیا جانے والا چیٹ بوٹ تجارتی طور پر دستیاب اے آئی نظام تھا یا امریکی حکومت کی جانب سے تیار کیا گیا کوئی نظام تھا۔رپورٹ کے مطابق چیٹ بوٹ نے کھلے ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو حکومت کے پاس موجود خفیہ سگنلز انٹیلی جنس کے ساتھ ملا کر سامان سے متعلق غلط نتیجہ اخذ کیا۔اس کے بعد تجزیہ کار نے دوسری مرتبہ اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ان نتائج کو باقاعدہ انٹیلی جنس رپورٹ کی شکل دی۔ سی این این کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ یہ رپورٹ بعد میں فوجی ذرائع اور مواصلاتی نظام کے ذریعے مختلف حلقوں تک پہنچا دی گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج اور انٹیلی جنس برادری مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے بڑھا رہی ہے۔ ان شعبوں میں بڑی مقدار میں انٹیلی جنس کا تجزیہ۔ حملوں کے لیے اہداف کا انتخاب۔ فوجی اثاثوں کی نقل و حرکت اور بجٹ۔ لاجسٹکس اور سپلائی چین کا انتظام شامل ہیں۔اس واقعے نے جاری جنگ کے دوران فوجی اہداف سے متعلق فیصلوں میں اے آئی سے تیار کردہ معلومات کے استعمال پر تشویش کو نمایاں کیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی کو تیزی سے فوجی نظام میں شامل کرنا ضروری ہے تاکہ امریکی فوج میدان جنگ میں زیادہ تیزی سے فیصلے کرسکے اور ان مخالف قوتوں سے پیچھے نہ رہے جو ممکنہ طور پر اسی طرح کی ٹیکنالوجی استعمال کرسکتی ہیں۔
جنوری میں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایکسیلیریشن اسٹریٹیجی جاری کی تھی جس کا مقصد فوج میں اے آئی کے استعمال کو تیز کرنا ہے۔حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا تھا کہ تجربات کو فروغ دیا جائے گا۔ انتظامی رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور سرمایہ کاری کو ترجیحات کے مطابق کیا جائے گا تاکہ فوجی اے آئی کے شعبے میں امریکہ کی قیادت یقینی بنائی جاسکے۔اس حکمت عملی میں امریکی محکمہ جنگ کے اندر اے آئی تک رسائی بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے متعلق ایک میمو میں کہا گیا تھا کہ مقصد محکمہ بھر میں اے آئی کے تجربات اور تبدیلی کے عمل کو وسیع کرنا ہے تاکہ امریکہ کے جدید اے آئی ماڈلز کو 30 لاکھ فوجی اور سویلین اہلکاروں تک تمام سطحوں کی سکیورٹی درجہ بندی میں پہنچایا جاسکے۔
تاہم صورتحال سے واقف متعدد امریکی حکام نے سی این این کو بتایا کہ اے آئی کا استعمال اب بھی مختلف اداروں اور شعبوں میں الگ الگ طریقے سے ہو رہا ہے۔ مختلف سرکاری ادارے مختلف نظام۔ احکامات اور حفاظتی معیار استعمال کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اے آئی نظام سے حاصل ہونے والی معلومات کی تصدیق کے لیے کوئی ایک مشترکہ معیار موجود نہیں ہے۔فوج اور انٹیلی جنس برادری کے مختلف حصوں میں استعمال ہونے والے اے آئی نظاموں کی نوعیت بھی مختلف ہے۔ اس کے نتیجے میں ان کی کارکردگی اور قابل اعتماد ہونے کی سطح بھی ایک جیسی نہیں ہے۔
اس واقعے نے انٹیلی جنس حکام میں اس خدشے کو بڑھایا ہے کہ اے آئی سے پیدا ہونے والی غلط معلومات باقاعدہ انٹیلی جنس رپورٹس میں شامل ہوسکتی ہیں اور بعد میں فوجی فیصلہ ساز ان پر انحصار کرسکتے ہیں۔موجودہ فوجی پالیسیوں سے واقف ایک ذریعے نے سی این این کو بتایا کہ اہداف کے تعین میں اے آئی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن اس حوالے سے واضح رہنمائی موجود نہیں ہے کہ فیصلے کے عمل میں انسان کی موجودگی کس طرح عام شہریوں کی ہلاکت یا اپنی ہی فوج کے اہلکاروں اور تنصیبات کو غلطی سے نشانہ بنائے جانے سے روک سکتی ہے۔
سی این این کے مطابق چینی جہاز سے متعلق اس واقعے میں اے آئی کی جانب سے غلط نتیجہ اخذ کیے جانے کا معاملہ انٹیلی جنس برادری میں واحد واقعہ نہیں ہوسکتا۔ ایک ذریعے کے مطابق حکومت کے مختلف حصوں میں اے آئی ٹولز کا استعمال بڑھنے کے بعد اس نوعیت کے مزید واقعات کا امکان موجود ہے۔کئی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بعض ایسے سینئر انٹیلی جنس حکام جو اے آئی کے استعمال کی حمایت کرتے ہیں انہیں خدشہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں پر انٹیلی جنس تیار کرنے اور اسے تیزی سے آگے پہنچانے کا دباؤ بڑھا رہی ہے۔ اس سے غلطیوں کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق نوجوان تجزیہ کار اے آئی ٹولز کے استعمال سے زیادہ مانوس ہیں اور ممکن ہے کہ وہ ان کے نتائج پر مناسب جانچ پڑتال کے بغیر زیادہ اعتماد کریں۔
ایک ذریعے نے سی این این سے کہا کہ اے آئی آپ کو کسی غلط خیال تک زیادہ تیزی سے پہنچا سکتی ہے۔سی این این کے ذرائع کی جانب سے بیان کیا گیا چینی بحری جہاز کا واقعہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اگر اے آئی سے تیار کردہ غلط انٹیلی جنس کو باقاعدہ فوجی رپورٹنگ کے نظام میں شامل کرلیا جائے تو اس کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔ خاص طور پر اس وقت جب کوئی ملک فعال جنگ میں مصروف ہو اور ایسی معلومات فوجی کارروائیوں سے متعلق فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتی ہوں۔