نئی دہلی: رازداری کے حق اور ریاست کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے اختیارات کے درمیان توازن کا معاملہ ایک اہم مباحثے کا مرکز بن گیا، جس میں بھارت کے سابق چیف جسٹس صاحبان، سینئر وکلا اور قانونی ماہرین نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے نام پر حکومتی نگرانی کی حدود کا جائزہ لیا۔ یہ مباحثہ معروف قانونی فرم شارداُل امرچند منگل داس اینڈ کمپنی کی جانب سے 22 نومبر کو منعقد کیا گیا، جس کا موضوع تھا: ’’یہ ایوان سمجھتا ہے کہ رازداری کا حق ریاست کو ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کرنے سے نہیں روکنا چاہیے۔‘
‘ مباحثے میں اس بات پر مختلف آرا سامنے آئیں کہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں، اور اس سلسلے میں آئین کے تحت کون سی حفاظتی ضمانتیں ضروری ہیں۔ بھارت کے سابق چیف جسٹس جسٹس یو یو للت اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے علاوہ ممتاز قانون دان اور رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے مباحثے میں جج کے فرائض انجام دیے۔ صحافی اور موجو اسٹوری کی بانی و مدیر برکھا دت نے اس مباحثے کی نظامت کی۔ قرارداد کے حق میں سینئر وکلا پنکی آنند، بل بیر سنگھ اور بھارت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما نے دلائل پیش کیے۔
جبکہ قرارداد کی مخالفت کرنے والوں میں سینئر وکیل سی اے سندرم، ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس راجیو شاکدھر اور نندیتا راؤ شامل تھے۔ مباحثے میں روزمرہ زندگی میں نگرانی کی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں مالی لین دین، فون کالز اور عوامی مقامات پر شہریوں کی نقل و حرکت کی نگرانی شامل ہے۔ مقررین نے اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ ایسی ٹیکنالوجی ریاست کو سلامتی اور امن و امان کے مسائل سے نمٹنے میں کس حد تک مدد فراہم کرسکتی ہے، جبکہ دوسری جانب شہریوں کی ذاتی معلومات ضرورت سے زیادہ جمع کرنے اور مناسب نگرانی و ضابطوں کے بغیر ان کے استعمال سے کیا خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر یہ مسئلہ بھی زیرِ بحث آیا کہ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کہیں انفرادی آزادیوں اور آئین کے تحت حاصل رازداری کے بنیادی حق کو متاثر نہ کردے۔ شارداُل امرچند منگل داس اینڈ کمپنی کی پارٹنر شالی بھاسین نے کہا کہ ذاتی رازداری اور عوامی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا موجودہ دور کے اہم آئینی سوالات میں سے ایک ہے، جس پر باخبر اور کھلی بحث ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مباحثے نے قرارداد کے حق اور مخالفت میں پیش کیے گئے دلائل کو سنجیدگی، توازن اور قانونی گہرائی فراہم کی۔ مباحثے کے اختتام پر شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باعث عوامی تحفظ اور شہریوں کی ذاتی رازداری کے درمیان توازن برقرار رکھنا ایک مسلسل چیلنج بنتا جا رہا ہے، کیونکہ قانونی اور آئینی ضابطے ٹیکنالوجی کی رفتار کے ساتھ آگے نہیں بڑھ پا رہے۔