آسام میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کا بڑا مرکز قائم ہوگا، کام شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
آسام میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کا بڑا مرکز قائم ہوگا، کام شروع
آسام میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کا بڑا مرکز قائم ہوگا، کام شروع

 



رنگیا: آسام میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ ریاست کے رنگیا علاقے کے تلسی باڑی میں مربوط دفاعی مینوفیکچرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا مرکز قائم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بدھ کے روز اس اہم منصوبے کا بھومی پوجن انجام دیا اور اس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسام حکومت روایتی صنعتوں کے ساتھ ایسی نئی صنعتیں بھی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جو ملک کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق دفاعی اور ایرو اسپیس پالیسی تیار کی ہے، تاکہ اس کے تحت ریاست میں دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی صنعتیں قائم کی جا سکیں۔

ہیمنت بسوا سرما کے مطابق، ’اسپیڈ فار ڈیفنس‘ نامی کمپنی کو رنگیا میں تقریباً 15 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے۔ یہ کمپنی فوج کے لیے ڈرون، ڈرون شکن نظام، بنکر اور پہلے سے تیار شدہ عمارتیں اور ڈھانچے بناتی ہے۔ تلسی باڑی میں بھومی پوجن کے بعد یہاں پیداواری سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ ابتدائی مرحلے میں تقریباً 150 لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں بڑے پیمانے پر دفاعی صنعت قائم کرنے کے حکومت کے منصوبے کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیمی کنڈکٹر منصوبے کی کامیاب منصوبہ بندی کے بعد، جو تقریباً 3 سال پہلے شروع ہوئی تھی، ریاستی حکومت نے دفاعی سازوسامان کی تیاری کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے بھی کئی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے۔

ان کے مطابق ہندوستان ہر سال تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپے کے دفاعی سازوسامان خریدتا ہے، جب کہ ملک اس وقت تقریباً 45 ہزار کروڑ روپے کی دفاعی مصنوعات بیرون ملک برآمد کر رہا ہے۔ مجوزہ مرکز میں مسلح افواج کی ضرورت کے مطابق بنکر، ڈرون، ڈرون شکن نظام اور دفاعی ڈھانچے تیار کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت اسپیڈ فور ڈیفنس سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ ہر سال 5,000 پہلے سے تیار شدہ ڈھانچے، 300 زیر زمین بنکر، 100 ڈرون شکن نظام اور 1,500 ڈرون تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کمپنی نئی مصنوعات کی تیاری کے لیے آئی آئی ٹی گوہاٹی کے ساتھ بھی تعاون کرے گی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تحقیق و تیاری کا کام انجام دے گی۔

منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں 150 نوجوانوں کو روزگار ملنے کی امید ہے، جب کہ آنے والے برسوں میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 500 تک پہنچ سکتی ہے۔ ہیمنت بسوا سرما نے مزید اعلان کیا کہ جاگیر روڈ میں سیمی کنڈکٹر منصوبے کے قریب 6,000 بیگھہ زمین پر دفاعی صنعتی پارک قائم کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔ اس پارک میں مسلح افواج کے لیے میزائل تیار کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے رنگیا کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس دفاعی منصوبے کی رازداری اور سلامتی برقرار رکھنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی نوعیت کے اس منصوبے کی حفاظت کے لیے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے۔