قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کی مشترکہ کوشش ضروری ہے: چیف آف ڈیفنس اسٹاف

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2026
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کی مشترکہ کوشش ضروری ہے: چیف آف ڈیفنس اسٹاف
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کی مشترکہ کوشش ضروری ہے: چیف آف ڈیفنس اسٹاف

 



جام نگر: چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے جمعرات کو انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کے درمیان بہتر تال میل اور قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت سے مؤثر طریقے سے نمٹنا کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں ہے۔

جام نگر میں ہندوستانی فضائیہ کی مشق ’سہایتا سیتو 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آفات کے دوران امدادی کارروائیوں کے لیے حکومت، مسلح افواج، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، نیم فوجی دستوں، شہری اداروں، صنعتوں، ٹیکنالوجی اور عام شہریوں کی مشترکہ شرکت ضروری ہے۔

جنرل راجا سبرامنیم نے کہا، ’’انسانی امداد اور قدرتی آفات سے متعلق راحت رسانی (ایچ اے ڈی آر) ہندوستان اور اس کے وسیع تر پڑوسی خطے میں انسانی سلامتی کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اظہار ہے۔ آج کی دنیا میں، جہاں قدرتی آفات کا خطرہ مسلسل موجود ہے، وہاں کوئی ایک ادارہ تنہا مؤثر طریقے سے ان حالات سے نہیں نمٹ سکتا۔ اس کے لیے پوری قوم کی مشترکہ اور مربوط کوششیں ضروری ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ’سہایتا سیتو 2026‘ مشق میں مسلح افواج کے تینوں شعبے، ہندوستانی کوسٹ گارڈ، قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، این ڈی آر ایف، ریاستی اور شہری انتظامیہ کے ساتھ دوست ممالک بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس مشق کا مقصد قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں میں مختلف اداروں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا ہے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کے معاملے میں ہندوستان کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کوششیں ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی اور ’مہاساگر‘ کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحر ہند کے خطے اور ہند-بحرالکاہل میں ہندوستان ایک قابل اعتماد ملک کے طور پر فوری امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ترکی میں ’آپریشن دوست‘ اور میانمار میں ’آپریشن برہما‘ کے دوران ہندوستان کی امدادی کارروائیاں اس کی نمایاں مثالیں ہیں۔ ان کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان سرحدوں سے باہر بھی ضرورت مند ممالک کو مدد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔