واشنگٹن:امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی نئی سائنسی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر بالغ افراد روزانہ 400 ملی گرام تک کیفین استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ مقدار تقریباً 8 اونس کے 5 کپ کیفین والی کافی کے برابر ہے اور اس سے عام طور پر دل کی بیماریوں کا خطرہ نہیں بڑھتا۔یہ جائزہ طبی جریدے سرکولیشن میں شائع ہوا ہے جس میں کیفین اور دل کی بیماریوں سے متعلق تازہ ترین تحقیقی شواہد کا تجزیہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بغیر چینی اور کریم والی سادہ بلیک کافی کے ذریعے روزانہ 400 ملی گرام تک کیفین لینا زیادہ تر بالغ افراد کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ بعض افراد میں اس کا تعلق دل کی بیماری۔ دل کی کمزوری اور فالج کے کم خطرے سے بھی دیکھا گیا ہے۔رپورٹ تیار کرنے والے ماہرین کے سربراہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو کے پروفیسر ڈاکٹر گریگوری ایم مارکس نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد روزانہ کافی پیتے ہیں۔ تازہ ترین تحقیق کے مطابق زیادہ تر بالغ افراد کے لیے روزانہ 400 ملی گرام تک کیفین محفوظ ہے اور اس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ نہیں بڑھتا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انرجی ڈرنکس اور انرجی شاٹس میں کیفین کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور ان کا زیادہ استعمال دل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے ایسے مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے۔تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ کافی میں صرف کیفین ہی نہیں بلکہ کئی دوسرے قدرتی اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔ اسی لیے صرف کیفین کے اثرات کو الگ سے جانچنا آسان نہیں۔ ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ مشاہداتی مطالعات کسی چیز کو بیماری کی براہ راست وجہ ثابت نہیں کرتے۔
رپورٹ کے مطابق روزانہ 2 سے 4 کپ کیفین والی کافی پینے والوں میں دل کی بیماری۔ دل کی کمزوری اور فالج کا خطرہ نسبتاً کم دیکھا گیا۔ تاہم بعض افراد میں روزانہ 4 کپ سے زیادہ کافی پینے سے دل کی کمزوری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ بغیر چینی اور دیگر اضافی اجزا والی بلیک کافی کا تعلق ٹائپ 2 ذیابیطس۔ دل کی بیماری۔ فالج۔ دل کی کمزوری اور بعض بے قاعدہ دھڑکنوں کے کم خطرے سے بھی پایا گیا ہے۔
دوسری جانب طبی آزمائشوں سے معلوم ہوا کہ کافی میں موجود کیفین بعض صورتوں میں ایٹریل فبریلیشن کے خطرے کو کم کر سکتی ہے لیکن قبل از وقت دل کی دھڑکنوں کے امکانات میں اضافہ بھی کر سکتی ہے۔ماہرین نے خبردار کیا کہ تمام کیفین والے مشروبات یکساں نہیں ہوتے۔ انرجی ڈرنکس میں فی اونس کیفین کی مقدار عام کافی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے اور ان کا تعلق بلند فشار خون اور دل کی بے قاعدہ دھڑکن سے جوڑا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کیفین کا اثر ہر شخص پر مختلف ہوتا ہے۔ عمر۔ جینیاتی خصوصیات۔ جسمانی میٹابولزم۔ استعمال ہونے والی دوائیں اور پہلے سے موجود بیماریوں کی وجہ سے افراد کا ردعمل ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتا ہے۔کیفین کے فوری اثرات میں وقتی طور پر بلڈ پریشر۔ دل کی دھڑکن۔ خون میں شکر کی سطح اور چوکنا پن میں اضافہ شامل ہو سکتا ہے جبکہ بعض افراد کو دل کی دھڑکن تیز ہونے۔ بے چینی یا نیند میں خلل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ڈاکٹر گریگوری مارکس نے کہا کہ کیفین کے استعمال میں اعتدال اور ہر شخص کی برداشت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایک ہی مقدار ہر فرد کے لیے مناسب نہیں ہو سکتی۔ اس لیے اگر کیفین سے دل کی دھڑکن۔ بے چینی یا نیند کی خرابی جیسی علامات پیدا ہوں تو معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ مستقبل میں مزید تحقیقی مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ یہ بہتر طور پر سمجھا جا سکے کہ چائے۔ سافٹ ڈرنکس۔ انرجی ڈرنکس اور غذائی سپلیمنٹس جیسے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی کیفین دل کی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے اور مختلف افراد میں اس کے اثرات کیوں مختلف ہوتے ہیں۔