ممبئی۔ سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے 37 ویں ایڈیشن میں بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کو ’اسکرین آئیکون ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ ایوارڈ ایشیائی سنیما میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔ایوارڈ کے ساتھ عامر خان کی مشہور فلم ’لگان۔ ونس اپون اے ٹائم اِن انڈیا‘ کی خصوصی نمائش بھی کی جائے گی۔ یہ نمائش فلم کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوگی۔ فلم کے ہدایت کار آشوتوش گواریکر کی بھی فیسٹیول میں شرکت متوقع ہے۔
ورائٹی کے مطابق فیسٹیول کا افتتاح جنوبی کوریا کی تھرلر فلم ’دی اساسن۔س‘ سے ہوگا۔ فلم کی ہدایت کاری ہُر جن ہو نے کی ہے اور اس میں یو ہائے جن۔ پارک ہائے اِل اور لی من ہو نے اداکاری کی ہے۔ ہدایت کار ہُر جن ہو کے علاوہ معاون اداکار شِم اون کیونگ اور پارک سنگ ہون بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔اس سے قبل اعلان کیا جا چکا ہے کہ سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایشیائی سنیما میں دیرپا خدمات کے اعتراف میں جاپانی فلمساز کوری ایدا ہیروکازو کو ’سینما آنریری ایوارڈ‘ دے گا۔ یہ فیسٹیول کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ اس موقع پر ان کی فلم ’لوک بیک‘ بھی دکھائی جائے گی۔
فیسٹیول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جیریمی چوا نے کہا کہ اس سال کا ایڈیشن ایشیا بھر میں بننے والے بااثر کاموں اور معروف فنکاروں کو سنگاپور میں پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں نئے انداز کی پیشکش اور شرکت کے نئے طریقے متعارف کرائے گئے ہیں۔ ٹکٹنگ پلیٹ فارم کو بھی زیادہ آسان بنایا گیا ہے جبکہ انڈسٹری پروگرام کو فنکاروں۔ تکنیکی ماہرین اور کہانی کاروں کے لیے ایک ایسے ریسورس سینٹر میں وسعت دی گئی ہے جہاں وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر کے مختلف مراحل میں استفادہ کرسکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے امتزاج پر مبنی ایک نیا مفت پروگرام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں مستقبل میں کہانی سنانے کے نئے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔ورائٹی کے مطابق سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پروگرام میں سنگاپور کی 25 سے زائد فلمیں اور مشترکہ پروڈکشنز شامل ہیں۔ ان میں ایسی فلمیں بھی شامل ہیں جنہیں کانز۔ سن ڈانس۔ ٹورنٹو۔ وینس اور میلبورن جیسے بین الاقوامی فلمی میلوں میں پذیرائی مل چکی ہے۔
فیسٹیول 21 اکتوبر سے 1 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس سال ’جونیئر ایکسپلوررز‘ کے نام سے ایک نیا سیکشن بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں کم عمر ناظرین کے لیے حسی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی نمائشیں ہوں گی۔ اس سیکشن کا آغاز اسٹاپ موشن فلم ’بریو کیٹ‘ سے ہوگا۔فیسٹیول کے ’انڈر کرنٹ‘ سیکشن میں 3 لائیو پرفارمنس بھی پیش کی جائیں گی۔ ان میں تائیوان کی پتلی تماشے کی پیشکش ’کارپوریل فارمز۔ فور اسٹوریز‘۔ لائیو ویڈیو گیمنگ پرفارمنس ’دی کمپریشن زون‘ اور اینالاگ فلم و موسیقی کی پیشکش ’امیجینیشن پلس دی ریسٹ اِز مائی گھوسٹ‘ شامل ہیں۔