واشنگٹن ڈی سی۔ پاپ آئیکون میڈونا 23 سال بعد ایک بار پھر ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز وی ایم ایز کے اسٹیج پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ میڈونا 2026 کی تقریب کا افتتاح اپنی لائیو پرفارمنس سے کریں گی۔ ایم ٹی وی اور سی بی ایس نے بدھ کو اس کا اعلان کیا۔ پیپل کی رپورٹ کے مطابق یہ 2003 کے بعد وی ایم ایز میں ان کی پہلی لائیو پرفارمنس ہوگی۔68 سالہ میڈونا نے آخری بار 2003 میں وی ایم ایز میں پرفارم کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے برٹنی اسپئیرز۔ کرسٹینا ایگیلیرا اور مسی ایلیٹ کے ساتھ تقریب کا افتتاح کیا تھا۔ اس پرفارمنس میں ’’ہالی ووڈ‘‘۔ ’’لائک اے ورجن‘‘ اور ’’پیسنجر‘‘ گانوں کا میڈلے پیش کیا گیا تھا۔ اسی دوران برٹنی اسپئیرز اور کرسٹینا ایگیلیرا کے ساتھ اسٹیج پر میڈونا کے بوسے بھی خاصی توجہ کا مرکز بنے تھے۔2 دہائیوں سے زیادہ عرصے کے بعد میڈونا ایک بار پھر وی ایم ایز کے اسٹیج پر نظر آئیں گی۔
یہ واپسی پاپ اسٹار کے لیے ایک اہم سال میں ہو رہی ہے۔ میڈونا اس سال وی ایم ایز میں 11 نامزدگیوں کے ساتھ تمام فنکاروں میں سب سے آگے ہیں۔ ان کی نامزدگیوں میں آرٹسٹ آف دی ایئر۔ ’’کنفیشنز ٹو۔ دی فلم‘‘ کے لیے ویڈیو آف دی ایئر اور سبرینا کارپنٹر کے ساتھ ’’برنگ یور لو‘‘ کے لیے سونگ آف دی ایئر شامل ہیں۔میڈونا کے پاس اس وقت 19 مسابقتی وی ایم اے ایوارڈز ہیں اور وہ اپنے اعزازات کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کریں گی۔ پیپل کے مطابق وہ اس سے قبل 3 مرتبہ وی ایم ایز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فنکار رہ چکی ہیں۔ 1990 میں ’’ووگ‘‘ کے لیے انہیں 9 نامزدگیاں ملیں جبکہ 1998 میں ’’رے آف لائٹ‘‘ اور ’’فروزن‘‘ کے لیے بھی انہیں 9 نامزدگیاں حاصل ہوئیں۔
میڈونا کا وی ایم ایز سے تعلق 1984 کی پہلی تقریب سے ہے جب انہوں نے ’’لائک اے ورجن‘‘ پر پرفارم کیا تھا۔ وہ عروسی لباس میں ایک بڑے ویڈنگ کیک سے باہر نکلی تھیں اور ’’بوائے ٹوائے‘‘ بیلٹ پہنے ہوئے تھیں۔ انہوں نے اسٹیج پر رقص کیا۔ اس دوران ان کا ایک جوتا بھی اتر گیا تھا۔ یہ پرفارمنس بعد میں وی ایم ایز کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شمار ہونے لگی۔پیپل کے مطابق 1986 میں میڈونا پہلی سولو خاتون فنکار بنیں جنہیں باوقار ویڈیو وینگارڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
1989 میں انہوں نے وی ایم ایز میں واپسی کرتے ہوئے ’’ایکسپریس یور سیلف‘‘ پر تقریب کا افتتاح کیا۔ ایک سال بعد انہوں نے میری اینٹونیٹ سے متاثرہ انداز میں ’’ووگ‘‘ پیش کیا۔ 1993 میں انہوں نے صنفی حدود کو چیلنج کرنے والی ’’بائے بائے بیبی‘‘ پرفارمنس پیش کی۔ اس کے بعد 2003 میں انہوں نے وی ایم ایز میں پرفارم کیا تھا۔
2021 میں بھی میڈونا نے وی ایم ایز میں اچانک شرکت کی تھی۔ وہ ایم ٹی وی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر بغیر اعلان کے بلیک لیدر ٹرینچ کوٹ اور اسی رنگ کے لباس میں اسٹیج پر پہنچی تھیں۔
1986 کے ویڈیو وینگارڈ ایوارڈ سمیت مجموعی طور پر 20 وی ایم اے ایوارڈز اور اپنے کیریئر میں 80 سے زیادہ نامزدگیوں کے ساتھ میڈونا اس ایوارڈ شو کی تاریخ کی سب سے زیادہ اعزازات حاصل کرنے والی فنکاروں میں شامل ہیں۔
میڈونا کی وی ایم ایز میں واپسی ان کے البم ’’کنفیشنز ٹو‘‘ کی ریلیز کے بعد ہو رہی ہے۔ یہ ان کا 15 واں اسٹوڈیو البم اور تنقیدی طور پر سراہا جانے والا نمبر ون البم ہے۔ یہ البم 3 جولائی کو ریلیز ہوا تھا اور 2005 میں ریلیز ہونے والے ان کے معروف البم ’’کنفیشنز آن اے ڈانس فلور‘‘ کے بعد طویل عرصے کے بعد ان کا نیا البم ہے۔پیپل کے مطابق اس البم میں میڈونا نے خاندان۔ جدائی۔ محبت اور بطور فنکار اپنے ابتدائی برسوں کی یادوں پر اظہار خیال کیا ہے۔2026 وی ایم ایز کی میزبانی اسنوپ ڈاگ کریں گے۔ تقریب اتوار 27 ستمبر کو لاس اینجلس سے براہ راست نشر کی جائے گی۔ سی بی ایس پر امریکی وقت کے مطابق شام 7:30 سے 9:30 بجے تک تقریب نشر ہوگی جبکہ ایم ٹی وی پر بھی بیک وقت دکھائی جائے گی۔ امریکہ میں اسے پیراماؤنٹ پلس پر بھی دیکھا جا سکے گا۔یہ تقریب اگلے روز دنیا بھر میں پیراماؤنٹ پلس اور ایم ٹی وی پر دستیاب ہوگی۔