سری نگر: آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے کشمیر کو خوبصورت اور بابرکت خطہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف جموں و کشمیر ایک قابل ستائش قدم ہے۔ اس کے ذریعے وادی کی قدرتی خوبصورتی۔ متحرک ثقافت اور کشمیری عوام کی مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔
اے آر رحمان نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم فیسٹیول عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا پُرامن اور متاثر کن ماحول فلم سازوں اور فنکاروں کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیر کی خوبصورتی کو زیادہ نمایاں کرے اور مقامی موسیقاروں کے ساتھ مزید تعاون کرے۔
اے آر رحمان نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک خوبصورت اور بابرکت جگہ ہے۔ ایسے میں یہاں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا انعقاد قابل تعریف ہے۔ اس کے ذریعے دنیا کشمیر کی خوبصورتی اور یہاں کی ثقافتی زندگی کو دیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ فلم فیسٹیول بہت مقبول ہو اور بڑی تعداد میں لوگ کشمیر آئیں اور کشمیری عوام کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں۔
اپنے موجودہ دورہ کشمیر کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشتہار کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اس دوران انہیں کام کرنے میں بہت لطف آیا۔
اے آر رحمان نے کشمیر میں مستقبل میں مزید کام کرنے کے امکانات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر وہ یہاں لائیو پرفارمنس بھی کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ انہیں کشمیر میں پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔
اس سوال پر کہ کیا بالی ووڈ کو فلموں کی شوٹنگ کے لیے کشمیر کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔ اے آر رحمان نے کہا کہ فلمی صنعت کو وادی کی خوبصورتی اور امن کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں قدرت کو ایک مثبت انداز میں پیش کیا جانا چاہیے نہ کہ تشدد یا ماضی کے واقعات کے حوالے سے۔ ماضی گزر چکا ہے اور مستقبل روشن ہے۔
کشمیر کی لوک اور روایتی موسیقی کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے اے آر رحمان نے بالی ووڈ کے موسیقاروں اور مقامی فنکاروں کے درمیان مزید تعاون کی حمایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ فلم ’راک اسٹار‘ کے سلسلے میں بھی کشمیر آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے مقامی خواتین کو لوک گیت گاتے ہوئے ریکارڈ کیا تھا اور ان آوازوں کو فلم ’راک اسٹار‘ میں استعمال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی کشمیر آکر مزید کام کرنا چاہتے ہیں۔
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا ذکر کرتے ہوئے اے آر رحمان نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب بتدریج ایک عالمی سطح کے فلم فیسٹیول میں تبدیل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار آغاز ہے اور ان کی خواہش ہے کہ یہ فیسٹیول مسلسل ترقی کرے اور ایک ایسا تجربہ بن جائے جسے دنیا بھر میں سراہا جائے۔ انہوں نے ایمسٹرڈیم۔ لندن فلم فیسٹیول اور سن ڈانس جیسے معروف فلمی میلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فلم فیسٹیول ہندوستان کا بہترین فلم فیسٹیول بنے۔