ممبئی۔ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی آئیفا ویک اینڈ اینڈ ایوارڈز کا 27 واں ایڈیشن 2027 میں ایک بار پھر ابوظہبی میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب میں سلمان خان۔ کرینہ کپور خان اور شاہد کپور سمیت کئی معروف فلمی ستارے شرکت کریں گے۔کرن جوہر۔ ورون دھون۔ جھانوی کپور۔ پنکج ترپاٹھی اور علی فضل بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گے۔
آئیفا ایوارڈز ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ پر واقع اتحاد ایرینا میں منعقد کیے جائیں گے۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق ابوظہبی میں آئیفا کی یہ چوتھی تقریب ہوگی۔ اس کا انعقاد محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی اور میرال کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
ابوظہبی میں آئیفا کی واپسی کا اعلان عربین ٹریول مارکیٹ 2026 کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر معاہدے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں میرال کے گروپ چیف ایگزیکٹو محمد عبداللہ الزعابی۔ محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی کے شعبہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل صالح محمد الجزیری اور آئیفا کے شریک بانی آندرے ٹمنز نے شرکت کی۔
2 روزہ تقریب میں اداکار۔ فلم ساز اور موسیقی سے وابستہ فنکار شرکت کریں گے۔ اس دوران میوزیکل پرفارمنس کے ساتھ ایوارڈز کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
27 ویں آئیفا ایڈیشن کے ٹکٹ 18 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ 27 واں آئیفا ویک اینڈ اینڈ ایوارڈز 2027 میں ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ پر واقع اتحاد ایرینا میں منعقد ہوگا۔