فلم ’’بٹوارا 1947‘‘ کا رومانوی گیت ’’تبسم‘‘ جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
فلم ’’بٹوارا 1947‘‘ کا رومانوی گیت ’’تبسم‘‘ جاری
فلم ’’بٹوارا 1947‘‘ کا رومانوی گیت ’’تبسم‘‘ جاری

 



ممبئی۔ فلم ’’بٹوارا 1947‘‘ کے سازندوں نے 7 اگست کو فلم کا نیا رومانوی گیت ’’تبسم‘‘ جاری کردیا۔ یہ گیت اگلے ہفتے دنیا بھر میں ہونے والی فلم کی نمائش سے قبل ناظرین کو اس تاریخی فلم کی جذباتی جھلک پیش کرتا ہے۔اس گیت کے لیے ہندوستانی سنیما کے کئی معروف موسیقی کاروں نے ایک ساتھ کام کیا ہے۔

اے آر رحمان نے اس گیت کی موسیقی ترتیب دینے کے ساتھ اسے پروڈیوس اور ارینج کیا ہے۔ جاوید اختر نے اس کے بول لکھے ہیں جبکہ سونو نگم اور ہیر نے اس خوبصورت گیت کو اپنی آواز دی ہے۔عامر خان پروڈکشنز کی جانب سے جاری کیے گئے اس گیت کو زی میوزک کمپنی کے ذریعے تقسیم کیا گیا ہے۔ گیت کی ویڈیو تقسیم سے قبل کے ہندوستان کے پس منظر میں بنائی گئی ہے اور ہنگامہ خیز دور کے درمیان پروان چڑھنے والی ایک نرم و نازک محبت کی داستان پیش کرتی ہے۔

ویڈیو میں علی فضل۔ کرن دیول۔ کنیکا کپور اور ایشا سندھیر نظر آتے ہیں۔ گیت میں محبت۔ امید اور جذباتی استقامت جیسے موضوعات کو نمایاں کیا گیا ہے۔گیت کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے فلم کے سازندوں نے پیغام میں کہا کہ ایک ایسا نام جو دھوپ کی گرمی۔ زندگی کے رنگوں اور ہمیشہ قائم رہنے والے احساس کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ ’’تبسم‘‘ اب جاری ہوگیا ہے۔

فلم کے سازندوں کے مطابق ’’تبسم‘‘ تمام مشکلات کے باوجود محبت۔ امید اور نرمی کے جذبات کو اجاگر کرتا ہے۔ گیت کی ویڈیو میں رومان کی معصومیت اور مسکراہٹ کی خوشی کو نمایاں کیا گیا ہے جو گیت کے عنوان کے مفہوم کی عکاسی کرتی ہے۔راج کمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’بٹوارا 1947‘‘ ہندوستان کی تقسیم کے دور میں ترتیب دی گئی ہے اور اس میں محبت۔ قربانی اور استقامت کی کہانی پیش کی گئی ہے۔

فلم میں شبانہ اعظمی۔ سنی دیول۔ پریتی جی زنٹا۔ کرن دیول۔ علی فضل اور ابھیمنیو سنگھ سمیت متعدد اداکار شامل ہیں۔ یہ فلم تقریباً 3 دہائیوں کے بعد راج کمار سنتوشی اور سنی دیول کی دوبارہ شراکت کا بھی نشان ہے۔عامر خان اور اپرنا پروہت نے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے فلم کو پروڈیوس کیا ہے۔ ’’بٹوارا 1947‘‘ دنیا بھر کے سینما گھروں میں 14 اگست 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔