انیل کپور فیملی گیم شو ’’انڈیا کے ٹاپ 1 پرسینٹ ‘‘ کی میزبانی کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
انیل کپور فیملی گیم شو ’’انڈیا کے ٹاپ 1 پرسینٹ ‘‘ کی میزبانی کریں گے
انیل کپور فیملی گیم شو ’’انڈیا کے ٹاپ 1 پرسینٹ ‘‘ کی میزبانی کریں گے

 



ممبئی۔ بالی ووڈ اداکار انیل کپور بین الاقوامی سطح پر مقبول گیم شو ’’دی 1 فیصد کلب‘‘ کے ہندوستانی ورژن ’’انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ کی میزبانی کریں گے۔پریس ریلیز کے مطابق نیدرلینڈز۔ جرمنی۔ اسپین۔ یونان۔ آسٹریلیا۔ اسرائیل۔ ترکی۔ یوکرین۔ میکسیکو اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ’’دی 1 فیصد کلب‘‘ ہندوستان میں ’’انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔

انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ میں عمومی معلومات کے بجائے منطق۔ مشاہدے اور عام فہم صلاحیت پر توجہ دی جائے گی۔ اس پروگرام کا فارمیٹ اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ ہر عمر کے ناظرین گھر بیٹھے اس میں حصہ لے سکیں اور ہر قسط پورے خاندان کے لیے ایک مشترکہ کھیل کا تجربہ بن جائے۔پروگرام کے پریمیئر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا کہ میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ ’’انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ کا پریمیئر 5 ستمبر کو ہوگا۔ اتنے شاندار ماحول میں پروگرام کی عظیم لانچ کا مشاہدہ کرنا اس اعلان کو میرے لیے مزید خاص بنا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ ایسا پروگرام ہے جسے ناظرین نے اس سے پہلے نہیں دیکھا ہوگا۔ یہ آپ کو حیران کرے گا اور ہر وقت چوکس رکھے گا کیونکہ یہ اس بات پر منحصر نہیں ہے کہ آپ کتنا جانتے ہیں بلکہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس طرح سوچتے ہیں۔ ہر چیلنج آپ کے مشاہدے۔ منطق۔ حاضر جوابی اور دباؤ میں پرسکون رہنے کی صلاحیت کو آزمائے گا۔

پروگرام کی انٹرایکٹو نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ گھر پر موجود ہر شخص ہر سوال کے ساتھ کھیل میں شامل ہوسکتا ہے اور یہ جان سکتا ہے کہ اس کا اپنا ذہن کس طرح کام کرتا ہے۔ پروگرام میں ایسے لمحات ہوں گے جو آپ کو حیران کریں گے۔ ایسے لمحات بھی ہوں گے جو آپ کو اپنی پہلی سوچ پر سوال اٹھانے پر مجبور کریں گے اور ایسے لمحات بھی آئیں گے جو یاد دلائیں گے کہ ذہانت کی کئی شکلیں ہوتی ہیں۔’’انڈیا کے ٹاپ 1 فیصد‘‘ کا پریمیئر 5 ستمبر کو اسٹار پلس اور جیو ہاٹ اسٹار پر ہوگا۔