ممبئی
اداکارہ نیتو کپور نے اپنی فلم "دادی کی شادی" کے ساتھی اداکار کپل شرما کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک "بہترین انسان" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کپل نے اس فلم میں "شاندار کام" کیا ہے۔ "دادی کی شادی" 8 مئی کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں کپل شرما نے ٹونی کا کردار ادا کیا، جبکہ نیتو سنگھ مرکزی کردار میں نظر آئیں۔
اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیتو کپور نے فلم کے سیٹ پر کپل شرما کی خوش مزاج طبیعت کی تعریف کی اور ان کی اداکاری کو بھی سراہا۔نیتو کپور نے کہا کہ کپل ایک بہترین انسان ہیں اور بہت خوش مزاج بھی ہیں۔ ان کے ساتھ وقت گزارنا بہت مزے دار ہوتا ہے۔ انہوں نے اس فلم میں بے حد اچھا کام کیا ہے۔ وہ کپل شرما بالکل نہیں لگ رہے تھے بلکہ مکمل طور پر ٹونی کے کردار میں ڈھل گئے تھے۔ ایک لمحے کے لیے بھی یہ محسوس نہیں ہوتا کہ وہ اسٹیج کے کامیڈین کپل شرما ہیں یا اپنے شو والے کپل شرما ہیں۔ وہ صرف ٹونی ہی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے بعض مناظر اتنے شاندار انداز میں ادا کیے کہ میں نے ان سے کہا کہ تم نے واقعی کچھ بہت مختلف کیا ہے۔
فلم کی شوٹنگ سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے نیتو نے کہا کہ انہوں نے کبھی خود کو سب سے آگے رکھنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ میں کپل شرما ہوں، اس لیے سب کچھ میرے گرد ہی ہونا چاہیے۔ بالکل نہیں۔ وہ میرے سینز اور ڈائیلاگز پر میرے ساتھ تفصیل سے گفتگو کرتے تھے۔ وہ کہتے تھے، 'نیتو جی، یہ جملہ اس طرح بولیے، یہ ایسے کیجیے۔' یعنی وہ پوری طرح اس فلم سے جڑے ہوئے تھے۔
نیتو کپور نے اپنی حالیہ ریلیز فلم "دادی کی شادی" کے بارے میں بات کرتے ہوئے پوری ٹیم کی محنت پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا، "میں بہت خوش ہوں۔ سب نے بہت محنت کی ہے اور اس فلم کو بے حد محبت سے بنایا ہے۔ ہر شخص اس منصوبے سے دل و جان کے ساتھ وابستہ تھا۔
فلم کی کہانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے کئی دوست ایسے ہیں جو اپنے بچوں کے ساتھ بہت خوش ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں اپنے بچوں سے ملنے کا موقع نہیں ملتا۔ جب میں نے یہ کہانی سنی تو مجھے اپنے بہت سے دوست یاد آئے۔ کچھ اپنے بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ کچھ اپنے بچوں کی مصروفیات کی وجہ سے تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں اس کہانی سے گہرا تعلق محسوس کر سکی۔
فلم کے ہدایت کار آشیش آر موہن نے بتایا کہ انہوں نے فلم میں دادی کے کردار کے لیے نیتو کپور کو کیسے منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے طویل مرحلہ تھا۔ ہم دادی کے کردار کے لیے مناسب اداکارہ کی تلاش میں تھے۔ اسی دوران ایک ہدایت کار دوست نے نیتو میم کا نام تجویز کیا۔ صرف 15 سے 20 سیکنڈ بعد مجھے کپل کی ٹیم کی طرف سے نیتو جی کی کاسٹنگ کے بارے میں فون آیا۔ میں نے فوراً کہا کہ انہیں فائنل کر لیجیے، کیونکہ یہ کسی خدائی اشارے سے کم نہیں تھا۔
اداکار دیپک دتہ نے بھی بتایا کہ وہ فلم کی کہانی سے فوراً کیوں جڑ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرے والدین اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔ میں نے آٹھ سال کی عمر میں اپنے والد کو کھو دیا تھا، جبکہ اپنی والدہ کو تقریباً چھ یا سات سال پہلے کھویا۔ جب آشیش نے مجھے یہ کہانی سنائی تو میں فوراً اس سے جڑ گیا۔ میرے کردار کا نام جیون آہوجا ہے۔ میں نے آشیش سے کہا کہ جیون آہوجا ہر انسان کے اندر موجود ہوتا ہے۔ ہم سب کہیں نہ کہیں قصوروار ہیں، کیونکہ شاید ہم اپنے والدین کی وہ خدمت، محبت اور دیکھ بھال نہیں کر پاتے جس کے وہ حق دار ہوتے ہیں۔
آر ٹیک اسٹوڈیوز، بینگ یو اسٹوڈیوز اور شملہ ٹاکیز کے اشتراک سے بننے والی فلم "دادی کی شادی" کو آشیش آر موہن نے تحریر اور ہدایت دی ہے۔فلم میں نیتو کپور اور کپل شرما کے علاوہ ردھیما کپور ساہنی، سرتھ کمار اور سادیہ خطیب بھی اہم کرداروں میں نظر آئے ہیں۔