اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-06-2026
اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی
اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی

 



نئی دہلی
 عالمی بازاروں میں مثبت رجحان اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے درمیان جمعہ کو ابتدائی کاروبار کے دوران سینسیکس اور نفٹی میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جلد معاہدہ ہونے کے اشاروں کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی، جس کا مثبت اثر حصص بازاروں پر بھی نظر آیا۔
ابتدائی کاروبارمیں بی ایس ای سینسیکس 921.30 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 74,753.85 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 254.20 پوائنٹس کی بڑھت کے ساتھ 23,417.25 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے انٹرگلوب ایوی ایشن، لارسن اینڈ ٹوبرو، بجاج فنانس، ایٹرنل، ٹرینٹ اور ایچ ڈی ایف سی بینک کے حصص میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب صرف ٹیک مہندرا کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی۔
ایشیائی بازاروں میں بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس آٹھ فیصد سے زائد چڑھ گیا، جبکہ جاپان کا نکی 225 انڈیکس تین فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ کاروبار کرتا رہا۔
اسی طرح چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ انڈیکس اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس بھی سبز نشان میں ٹریڈ کرتے نظر آئے۔ادھر امریکی حصص بازار جمعرات کو مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔بین الاقوامی معیار کے برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.62 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ تقریباً 88.92 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار  جمعرات کو خالص فروخت کنندہ رہے اور انہوں نے مجموعی طور پر 1,987.09 کروڑ روپے مالیت کے حصص فروخت کیے۔یاد رہے کہ جمعرات کو سینسیکس 150.63 پوائنٹس اور نفٹی 53.35 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے تھے، تاہم جمعہ کو بازار نے مضبوط واپسی کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔