بچھڑے بھائی سےملاقات کے لیے سکہ خان کو ملا پاکستان کا ویزہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
بچھڑے بھائی سےملاقات کے لیے سکہ خان کو ملا پاکستان کا ویزہ
بچھڑے بھائی سےملاقات کے لیے سکہ خان کو ملا پاکستان کا ویزہ

 

 

نئی دہلی :ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے محمد حبیب عرف سکہ خان کو بھائی اور اہل خانہ سے ملاقات کے لیے ویزہ جاری کردیا ہے۔یاد رہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی تناو نے باہمی تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔مگر یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے پاکستان کو ایک بڑا قدم اٹھانے پر مجبور کردیا۔ سکہ خان اور محمد صدیق دونوں سگے بھائی ہیں جو تقسیم برصغیر کے موقع پر 1947 میں بچھڑ گئے تھے۔ دونوں بھائی کچھ عرصہ قبل کرتارپور میں ملے تو ان کی گذشتہ ملاقات کو 74 برس کا طویل عرصہ بیت چکا تھا۔

نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ویزے کا اجرا جمعہ کو کیا گیا ہے۔اس کا مقصد یہی ہے کہ دونوں بھائی برسوں بلکہ دہائیوں کے بعد ایک دوسرے کے ساتھ سکون سے وقت گزار سکیں۔جن کے کرتار پور میں گلے مل کر پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے تصاویر نے دونوں ممالک میں کروڑوں افراد کو جذباتی کردیا تھا۔

پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سکہ خان کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں وہ ویزہ جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں سکہ خان کہہ رہے ہیں کہ ’ویزہ مل گیا، میں بہت خوش ہوں۔ جا کر ملوں گا، شکریہ کہتا ہوں سب کو۔ اس کا شکریہ جس نے مجھے بھائیوں کے پاس بھیج دیا ہے۔

اس سے قبل سکہ خان نے عرب نیوز کو دیے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے میرا گاؤں ہی میرا خاندان ہے۔ اب میں پاکستان جانا چاہتا ہوں اور اپنے بھائی کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ پاکستان حکومت مجھے ویزہ جاری کر دے گی۔

سکہ خان 1947 میں اپنے والد اور بڑے بھائی سے اس وقت بچھڑ گئے تھے جب ان کے والد اور بھائی کو پھولے والا گاؤں جو بھارت کا حصہ بن گیا تھا کو چھوڑنا پڑ گیا تھا۔ اس وقت سکہ خان کی عمر صرف دو برس تھی جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ وہیں رہ گئے تھے۔ بعد میں ان کی والدہ نے اپنے شوہر یعنی سکہ خان کے والد کی موت کا سن کر خودکشی کر لی تھی۔

مزید پڑھیں: کیسے ملے دو بچھڑے ہوئے بھائی کرتار پور میں

ہائی کمیشن کے مطابق ویزہ جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ سکہ خان اپنے بھائی محمد صدیق اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان آسکیں۔

ہندوستان میں رہ جانے والے سکہ خان کے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد پاکستان میں مقیم ہیں۔

حال ہی میں ان بچھڑے بھائیوں کی ملاقات 10 جنوری کو پاکستان میں موجود کرتار پور میں ہوئی ہے۔ اس موقع پر 76 سالہ سکہ خان نے اپنے بھائی سے مل کر کہا: ’میں نے کہا تھا کہ ہم پھر ضرور ملیں گے۔واضح رہے کہ کرتاپور راہداری کا افتتاح 2019 میں سکھ برادری کے لیے کیا گیا تھا تاکہ انہیں اپنے مقدس مقام گردوارہ دربار صاحب رسائی مل سکے۔

اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد سکہ خان نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ ہمارے لیے ایک جذباتی لمحہ تھا اور مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ میں اپنے بھائی اور اس کے خاندان سے مل رہا ہوں۔‘ ’زندگی نے مجھے اپنے بھائی سے دوبارہ ملنے کا موقع دیا ہے اور میں اس کے بغیر نہیں رہنا چاہتا۔ مجھے اپنے بھائی کے ساتھ کی اب سے پہلے اتنی ضرورت کبھی نہیں تھی۔ میں اپنی بقیہ زندگی اپنے بڑے بھائی کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں۔‘