ممبئی: فلم ’رامائن‘ کے بنانے والوں نے پیر کو گنیش چتُرتھی کے موقع پر اپنی آنے والی میگا بجٹ فلم کا پہلا گانا جاری کر دیا۔ گانے کا عنوان ’جے جے رام‘ ہے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کی دھن، ڈاکٹر کمار وشواس کے لکھے بول اور اریجیت سنگھ و شریا گھوشال کی آواز سے سجا یہ گانا آرتی کی روحانی کیفیت کو ایک فلمی گیت کے جذبات کے ساتھ پیش کرتا ہے۔
گانے کے بول شری رام کی شفقت، تحفظ اور دھرم پر قائم رہنے کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ بار بار رام کے نام کا جاپ اس گیت کو عقیدت کا رنگ دیتا ہے۔ فلم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ ’دی ورلڈ آف رامائن‘ نے گانا اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے بتایا کہ اس گانے کے پیچھے مقصد بھگوان رام سے متعلق دعا کی ’’پاکیزگی اور قربت کو برقرار رکھنا‘‘ تھا۔
اے آر رحمان نے ایک پریس نوٹ میں کہا، ’’جے جے رام کے مرکز میں شری رام کے نام کی سادہ اور پُراثر تکرار ہے۔ موسیقی کے لحاظ سے ہماری کوشش یہ تھی کہ دعا کی پاکیزگی اور قربت کو برقرار رکھتے ہوئے اس دھن کو ایک فلمی گیت کی شکل میں آگے بڑھایا جائے۔
اریجیت سنگھ اور شریا گھوشال نے ڈاکٹر کمار وشواس کے الفاظ کو اپنے منفرد جذباتی انداز میں پیش کیا ہے، جبکہ گانے کے مرکز میں موجود عقیدت کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ مجھے امید ہے کہ سامعین کو اس گانے میں سکون کے ساتھ ساتھ ایک ذاتی تعلق کا احساس بھی ملے گا۔‘‘ نیتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’رامائن‘ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش راون، سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار میں نظر آئیں گے۔
نمیت ملہوترا کے پرائم فوکس اسٹوڈیوز نے آٹھ مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے ڈی این ای جی اور یش کے مونَسٹر مائنڈ کریئیشنز کے اشتراک سے یہ فلم تیار کی ہے۔ عالمی سطح پر، ہندوستان کے علاوہ، اس کی تقسیم سونی پکچرز کرے گا۔ ’رامائن پارٹ ون‘ دیوالی 2026 کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔