ذاکر پاشاہ : دو ہاتھوں سے محروم ہر فن مولا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاشا کی مثالی زندگی
پاشا کی مثالی زندگی

 

 

شیخ محمد یونس ۔ حیررآباد

وہ دوہاتھوں سے محروم ہے مگر محتاج نہیں بلکہ ہر فن مولا ہے۔ وہ بغیر ہاتھوں کے سب کچھ کرسکتا ہے۔ زندگی جینے کے ساتھ ایک مثال بنا ہوا ہے۔

وہ ہاتھوں سے محروم ہے لیکن کمپیوٹر کا ماہر ہے،وہ آرٹسٹ بھی ہے،وہ وہ اسکوٹی بھی چلاتا ہے۔ وہ اپنے پیروں سے کہلاڑی کا استعمال کرکے لکڑی چیر لیتا ہے۔

وہ کنویں سے پانی بھی نکال لیتا ہے۔ کوئی کام ایسا نہیں جو اس کے بس کے باہر ہو۔

دونوں ہاتھوں سے محروم ذاکر پاشاہ سب کیلئے بہترین مثال،ریاست تلنگانہ کے ضلع کمرم بھیمدو  آصف آباد کے کاغذ نگر منڈل کے ساکن ذاکر پاشاہ ولد شیخ بابا دونوں ہاتھوں سے محروم ہیں۔لیکن یہ معذوری ان کے لئے کسی محتاجی کا سبب نہیں بن سکی۔ انہوں نے خود کو قابل رحم نہیں بنایا ۔

یہی وجہ ہے کہ ذاکر پاشاہ عزم مصمم کی بہترین مثال ہونے کے ساتھ ساتھ سب کیلئے ایک تحریک بھی ہیں۔

ان کی زندگی جدوجہد سے عبارت ہے اور جہد مسلسل کی ایک بہترین مثال ہے۔

ذاکر پاشاہ دونوں ہاتھوں سے محروم ہونے کے باوجو کبھی بھی کسی پر بھی منحصر نہیں رہے۔

وہ اپنے کام خود اپنے دونوں پیروں کی مدد سے کرتے ہیں۔معذوری کبھی بھی ان کی تعلیم اور روزمرہ کے معمولات میں حائل نہیں ہوئی۔ذاکر پاشاہ پیدائشی طورپر دونوں ہاتھوں سے محروم ہیں۔

ہاتھ نہیں مگر 

وہ پیروں سے تحریر کرتے ہیں ان کا خط بھی بہت اچھا ہے۔اس کے علاوہ وہ ڈرائنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

ذاکر پاشاہ انتہائی ذہین ہیں ۔ابتدائی تعلیم بالا ودیا مندر ہائی اسکول کاغذ نگر سے حاصل کی ۔

انہوں نے ایس ایس سی میں درجہ اول میں کامیابی حاصل کی۔انٹر میڈیٹ ایم ای سی گروپ میں وویکا نندا جونیر کالج سے مکمل کیا اور 88 فیصد نشانات حاصل کئے۔ذاکر پاشاہ نے حصول تعلیم کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے کافی محنت و مشقت کی ۔

ان کے والد آٹو ڈرائیور ہیں اور یہ خاندان انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کررہا ہے۔ذاکر پاشاہ نے کبھی بھی اپنی معذوری کا رونا نہیں رویا۔بلکہ اپنی محنت و مشقت سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔انہوں نے وسندرا ڈگری کالج کاغذ نگر سے امتیازی نشانات کے ساتھ گریجویشن کی تکمیل کی بعدازاں آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی سے امتیازی نشانات کے ساتھ ایم کام کی ڈگری حاصل کی۔

awazurdu

پاشا کو خاکے بنانے کا بھی شوق ہے 

ذاکر پاشاہ کے والد شیخ بابا پیشہ سے آٹوڈرائیور ہیں ان کے پاس ذاتی آٹو بھی نہیں ہے۔انہوں نے اپنے فرزند ذاکر پاشاہ کو تعلیم کے حصول میں ہر ممکنہ مدد کی۔وہ اپنے آٹو میں ذاکر پاشاہ کو اسکول اور کالجس لئے گئے ہر

پیروں سے ٹائپنگ

موڑ پر ذاکر پاشاہ کی نہ صرف مدد کی بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ان کے والد اور والدہ کی محنت و جستجو کے باعث ذاکر پاشاہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ذاکر پاشاہ پیر وں سے لکھنے کے علاوہ ٹائپنگ بھی کرتے ہیں انہوں نے سافٹ ٹیک انسٹی ٹیوٹ کاغذ نگر سے پی جی ڈی سی اے کورس کی بھی تکمیل کی ہے۔

ذاکر پاشاہ کی تین بہنیں ہیں ایک بہن ڈگری کامیاب ہیں جبکہ دوبہنوں نے انٹر میڈیٹ کامیاب کیا ہے۔ذاکر پاشاہ نے سال 2019 میں پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کی۔وہ اب مناسب اور موزوں ملازمت کی تلاش میں ہیں۔

ذاکر پاشاہ کے والد ذیابیطس کے مریض بھی ہیں ۔یہ خاندان معاشی مسائل کا شکار ہے ۔مسائل کے باوجود ذاکر پاشاہ پرامید ہے کہ انہیں جلد از جلد بہترین ملازمت حاصل ہوگی اور وہ اپنے خاندان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔والد بیمار ہونے کی وجہ سے گھر کی ذمہ داری بھی ذاکر پاشاہ پر عائد ہوگئی ہے۔انہیں بہنوں کی شادی کی ذمہ داری بھی انجام دینی ہے۔

awazurdu

لکڑی کاٹنے سے کنویں سے پانی نکالنے تک۔ کسی کی کوئی محتاجی نہیں 

ذاکر پاشاہ اپنے پیروں سے اسکوٹی بھی ڈرائیو کرتے ہیں وہ اپنے کام خود کرتے ہیں ان کے کام کرنے کے انداز اور طریقہ کو دیکھ کر ہر کوئی حیرت زدہ رہ جاتا ہے۔وہ اپنے پیروں کی مدد سے ہی منہ دھوتے ہیں ' کھانا کھاتے ہیں ' کپڑے تبدیل کرتے ہیں ۔ذاکر پاشاہ اپنے کاموں کیلئے کسی پر منحصر نہیں رہتے۔

ذاکر پاشاہ نے آواز دی وائس کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کام نا ممکن اور مشکل نہیں ہے۔حصول تعلیم کیلئے جدوجہد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ معذوری کے باوجود وہ کبھی بھی احساس کمتری کا شکار نہیں ہوئے۔بلکہ اپنی معذوری پر نہ صرف قابو پایا بلکہ 99 فیصد کام وہ خود اپنے پیروں سے کرتے ہیں ۔ذاکر پاشاہ نے بتایا کہ معذورین کبھی بھی اپنے آپ کو کمتر محسوس نہ کریں۔بلکہ محنت اور جستجو کے ذریعہ سماج میں نمایاں مقام اور ترقی حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور محنت کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتی۔

 پروں کو کھول زمانہ اڑان دیکھتا ہے

 زمین پر بیٹھ کر کیا آسمان دیکھتا ہے

awazurdu

پاشا ووٹ کا حق استعمال کرنا جانتے ہیں 

 ذاکر پاشاہ نے کہا کہ والدین کی محنت اور جستجو کا نتیجہ ہے کہ آج وہ اس مقام پر ہیں اور اپنے کاموں کی انجام دہی کیلئے کسی پر منحصر نہیں ہے۔ذاکر پاشاہ نے کہا کہ ان کی طرح محنت و مشقت کرنے والے معذورین کی مدد کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بے روزگار ہیں اور ملازمت کے حصول کیلئے گزشتہ دوبرسوں سے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ذاکر پاشاہ نے کہا کہ انہیں ملازمت کے حصول پر ان کے خاندان کے مسائل حل ہوں گے اور وہ بھی خوشگوار زندگی بسر کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ترقی حاصل کرتے ہیں اور خوشگوار زندگی بسر کرتے ہیں تب دیگر معذورین کو بھی ان کی زندگی کو دیکھتے ہوئے محنت مشقت اور جستجو کی ترغیب ملے گی۔انہوں نے سماج میں معذورین کو مستحقہ مقام کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ذاکر پاشاہ نے کہا کہ صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔وہ پرامید ہے کہ انہیں جلد از جلد ملازمت حاصل ہوگی۔

awazurdu

پاشا کی زندگی ہر کسی کے لئے ایک مثال ہے ۔کوئی کام ایسا نہیں جو ممکن نہ ہو

 ذاکر پاشاہ کی زندگی عملی طورپر سب کیلئے بہترین مثال ہے ۔وہ ہر کام انتہائی نفاست کے ساتھ اپنے پیروں سے کرتے ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ارباب مجاز اور حکومت اس نوجوان کی طرف توجہ دے۔

نہیں ہے نا امید اقبال اپنی کشت ویراں سے

 ذرا نم ہوتو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی