آمنہ فاروق
سوشل میڈیا نے عام افراد کو عالمی شخصیات میں تبدیل کر دیا ہے۔ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارموں نے ڈیجیٹل انفلوئنسرز کی ایک نئی نسل کو جنم دیا ہے جو رجحانات اور رائے اور نوجوانوں کی ثقافت کو متاثر کرتی ہے۔ فیصل شیخ ،اویس دربار،عرشفہ خان،ریاض علی اور جنت زبیر جیسے انفلوئنسرز ہندوستان میں اس ڈیجیٹل انقلاب کی نمایاں مثالیں ہیں۔

فیصل شیخ
فیصل شیخ جنہیں مسٹر فیصل کے نام سے جانا جاتا ہے ایک مشہور سوشل میڈیا شخصیت ہیں۔ ان کا تعلق حسن فٹنس اور تفریح سے ہے۔ وہ انسٹاگرام پر سرگرم ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد 33 ملین ہے۔ انہوں نے کوکا کولا جلیٹ ون پلس اور اسپائکر جیسے بڑے برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان کا اصل نام فیصل شیخ ہے اور ان کی عمر 28 سال ہے۔ وہ ٹک ٹاک سے مشہور ہوئے اور بعد میں انسٹاگرام پر بڑی کامیابی حاصل کی۔ ان کا کنٹینٹ نوجوانوں میں بہت مقبول ہے۔ وہ سائبر بلیئنگ اور ذہنی صحت جیسے سماجی موضوعات پر بھی آواز اٹھاتے ہیں۔
فیصل شیخ جنہیں مسٹر فیسو کے نام سے جانا جاتا ہے ایک دن میں صرف ₹50 کمانے سے لے کر ایک کامیاب انفلوئنسر کاروباری شخصیت اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار بننے تک بہت طویل سفر طے کر چکے ہیں۔ آج وہ ایک عالی شان گھر مہنگی گاڑیوں اور ایک مضبوط برانڈ کے مالک ہیں۔ ان کا جدوجہد سے کامیابی تک کا سفر واقعی متاثر کن ہے۔شہرت حاصل کرنے سے پہلے مسٹر فیسو اپنے والد کے چھوٹے سے کاروبار سے جڑے ہوئے تھے۔ یہ کام بہت محنت طلب تھا اور آمدنی بہت کم تھی جس کی وجہ سے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہو جاتا تھا۔ اپنے خاندان کی مدد کرنے کے عزم کے ساتھ انہوں نے 21 سال کی عمر میں لنکنگ روڈ پر سیلز مین کی نوکری اختیار کی۔ اپنی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد کے ساتھ ایک چھوٹا کاروبار چلاتے ہوئے بڑا ہوا۔ کام بہت سخت تھا اور اجرت بہت کم تھی۔ اسی لیے 21 سال کی عمر میں میں نے لنکنگ روڈ پر سیلز مین کی نوکری کی۔ ₹50 یومیہ کے عوض میں 9 گھنٹے دھوپ میں کھڑا رہتا تھا اور لوگوں کو کپڑے خریدنے کے لیے اپنی طرف متوجہ کرتا تھا۔
اویس دربار
اویس دربار ایک معروف ڈانسر کوریوگرافر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں۔ ان کا تعلق ہندوستان سے ہے اور وہ انسٹاگرام پر متحرک ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد 30.6 ملین ہے۔ انہوں نے ایمیزون، فلپ کارٹ اور پیپسی کے ساتھ مہمات کی ہیں۔ اویس دربار اپنے ڈانس ویڈیوز کی وجہ سے مشہور ہیں جو اکثر وائرل ہو جاتی ہیں۔ ان کے ڈانس میں توانائی نمایاں ہوتی ہے۔ وہ کئی بالی وڈ فلموں اور میوزک ویڈیوز کے لیے کوریوگرافی بھی کر چکے ہیں۔ اویس دربار نے ٹک ٹاک کے ذریعے زبردست مقبولیت حاصل کی جہاں ان کے دلچسپ ڈانس اور لپ سنک کانٹینٹ نے دنیا بھر میں لاکھوں مداح بنائے۔ ہندوستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد بھی اویس نے انسٹاگرام ریلز اور یوٹیوب پر کامیابی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھا اور اپنی مضبوط ڈیجیٹل موجودگی برقرار رکھی۔ وہ اترنگز اسٹوڈیو کے بانی بھی ہیں جو ڈانس کانٹینٹ اور انٹرٹینمنٹ تعاون کا ایک مرکز ہے۔
اویس دربار 16 مارچ 1993 کو ممبئی مہاراشٹر ہندوستان میں ایک معروف موسیقی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ بچپن سے ہی وہ فن موسیقی اور پرفارمنس کے ماحول میں رہے جس نے ان کے اندر ڈانس کا شوق پیدا کیا۔ کم عمری ہی سے اویس نے پرفارمنگ آرٹس میں گہری دلچسپی دکھائی اور ثقافتی تقریبات اور ڈانس مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔
اویس دربار نے اپنے کیریئر کا آغاز ممبئی میں ڈانس کوریوگرافر اور انسٹرکٹر کے طور پر کیا۔ ٹک ٹاک سے جڑنے کے بعد ان کا منفرد کوریوگرافی انداز مزاحیہ اسکیٹس اور اشتراکی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ ٹک ٹاک پر پابندی سے پہلے وہ ملک کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کریئیٹرز میں شامل تھے اور لاکھوں لوگ ان کی صلاحیت کے معترف تھے۔ ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد اویس نے انسٹاگرام ریلز اور یوٹیوب پر اپنا کانٹینٹ منتقل کیا اور اپنے مداحوں کو مسلسل محظوظ کرتے رہے۔ انہوں نے 2014 میں یوٹیوب چینل شروع کیا جہاں وہ ڈانس کورز کوریوگرافی ویڈیوز اور بلاگ پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے پرینکا چوپڑا، سارہ علی خان، کارتک آریان اور اروشی روتیلا جیسے ستاروں کے ساتھ کام کیا جس سے بالی ووڈ اور ڈیجیٹل دنیا میں ان کی پہچان مزید مضبوط ہوئی۔ اپنی تخلیقی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے اویس نے اترنگز اسٹوڈیو قائم کیا جو ڈانس ورکشاپس انفلوئنسر تعاون اور تخلیقی منصوبوں کا اہم مرکز بن چکا ہے۔
آج اویس دربار کو ہندوستان کے کامیاب ترین ڈیجیٹل ڈانسرز اور کوریوگرافروں میں شمار کیا جاتا ہے جو بالی ووڈ اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کے درمیان ایک مضبوط پل قائم کر رہے ہیں۔
عرشفہ خان
عرشفہ خان لائف اسٹائل، فیشن اور تفریح سے وابستہ ہیں۔ وہ انسٹاگرام پر بہت مقبول ہیں اور ان کے فالوورز 30 ملین ہیں۔ وہ مشی می کاسمیٹکس کے نام سے اپنا میک اپ برانڈ بھی چلاتی ہیں۔ عرشفہ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ ٹی وی سے کیا۔ اسی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر تیزی سے مشہور ہو گئیں۔ وہ یوٹیوب پر بھی ویڈیوز بناتی ہیں ۔
عرشفہ خان کی پیدائش 2003 میں ہندوستان میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی۔ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے گریجویشن کے لئے ایک نجی ادارے میں داخلہ لیا۔ انہوں نے گریجویشن مکمل کی اور اس کے بعد اداکاری کے شعبے میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ گلیمر کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد عرشفہ خان نے شوبز میں مسلسل کام جاری رکھا۔ ۔
ریاض علی
ریاض علی اسٹائل اور تفریح کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ انسٹاگرام پر سرگرم ہیں اور ان کے فالوورز 27.3 ملین ہیں۔ انہوں نے رز نسن کپ نوڈلز اور جیو سنیما کے ساتھ کام کیا ہے۔ ریاض علی ٹک ٹاک پر لپ سنک ویڈیوز کے ذریعے مشہور ہوئے۔ بعد میں انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو کامیابی سے منتقل کیا۔ وہ اپنی روزمرہ زندگی فیشن میوزک اور اسٹائل سے جڑی جھلکیاں شیئر کرتے ہیں۔ ان کی ریلز اور تصاویر نوجوانوں میں خاصی مقبول ہیں۔
ریاض علی کا اصل نام ریاض آفرین ہے۔ ان کی ایک بڑی بہن بھی ہیں جو ان کی طرح ٹک ٹاک ویڈیوز بناتی ہیں۔ ریاض علی کو ٹک ٹاک سے شہرت ملی اور انہوں نے بہت مقبولیت حاصل کی۔ ان کے بہت سے فالوورز ہیں جو ان کے سفر میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔ وہ مزاحیہ رومانوی اور پیاری ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں۔ ان کی ویڈیوز کو ان کے مداحوں کی جانب سے بہت سراہا جاتا ہے۔ ان کی پیدائش بھوٹان میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی تعلیم بھی بھوٹان میں ہی حاصل کی۔
ریاض کے ٹک ٹاک پر 27.5 ملین سے زیادہ فالوورز تھے۔ وہ مختلف یوٹیوب ویڈیوز میں بھی نظر آ چکے ہیں۔ تاہم ان کی اصل دولت کا اندازہ لگانا قدرے مشکل ہے۔ وہ ایک پوسٹ کے تقریباً ایک لاکھ روپے کماتے ہیں۔
جنت زبیر
جنت زبیر کا بزنس ماڈل روایتی برانڈ اینڈورسمنٹ اور جدید ڈیجیٹل آمدنی پر مبنی ہے۔ اس حکمت عملی نے انہیں نہ صرف مالی کامیابی دی بلکہ عالمی سطح پر پہچان بھی دلائی۔ 2025 تک انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 50 ملین سے زائد ہو چکی ہے۔ ان کی پوسٹس پر 8 سے 10 فیصد تک لائک ریٹ دیکھا جاتا ہے۔ یہ بات برانڈز کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے مداح ان پر اعتماد کرتے ہیں۔
جنت زبیر رحمانی نے بطور چائلڈ ٹی وی اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج وہ ہندستان کی نمایاں ڈیجیٹل انفلوئنسرز میں شامل ہیں۔ ان کی دلکش شخصیت شاندار فیشن سینس اور قابل فہم مواد نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ وہ 2001 میں ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کم عمری میں ٹی وی شوز میں کام کر کے شہرت حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا کو اپنایا اور براہ راست اپنے مداحوں سے جڑ گئیں۔