ز وبین گرگ کی موت سے کیوں تھم گیا آسام اور ہل گئی دنیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-09-2025
ز وبین گرگ کی موت سے کیوں تھم گیا  آسام  اور ہل گئی دنیا
ز وبین گرگ کی موت سے کیوں تھم گیا آسام اور ہل گئی دنیا

 



ر ہٹا مکنڈ

جمعہ، 19 ستمبر 2025 کی دوپہر آسام ایک گہرے غم میں ڈوب گیا۔ خبر آئی کہ زُبین گرگ ، مشہور گلوکار، موسیقار، اداکار اور انسان دوست ، اچانک ڈوبنے سے انتقال کر گئے۔ سہ پہر 3 بجے ان کی یاد میں ایک اجتماع منعقد ہوا۔چہرے زرد، آنکھیں ساکت اور ساری فضا سوگوار تھی۔ دکھ اس قدر متعدی تھا کہ کچھ ہی دیر میں ہر کوئی اشکبار تھا۔ بعد میں ایک آسامیہ لڑکی نے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سبھی ایک ہی کیفیت سے گزر رہے ہیں؛ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ ہمیں اتنا متاثر کرے گا۔

غم و اندوہ کی یہ شدت ناقابلِ بیان تھی۔ ایسے لوگ بھی جو زُبین گرگ کے نام سے زیادہ واقف نہ تھے، ان کی موت کے بعد ان کی شخصیت سے اس قدر مسحور ہوئے کہ افسوس کرنے لگے کہ کاش وہ انہیں زندگی میں مل پاتے۔ 3 کروڑ آبادی والے آسام کی فضا سنسان ہو گئی۔ ایک ملین سے زیادہ افراد گوہاٹی میں ان کے جنازے میں شامل ہوئے۔ ہجوم اتنا بڑا تھا کہ یہ لیمکا بُک آف ریکارڈز میں دنیا کی چوتھی سب سے بڑی جنازہ گاہ کے طور پر درج ہوگیا، مائیکل جیکسن کے جنازے کے بعد۔ اسی موقع پر بھارت کے دیگر حصوں کو بھی پہلی بار ان کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔ خبر نیویارک ٹائمز تک پہنچی، اور مشہور صحافی رویش کمار، جنہوں نے ان کے بارے میں پہلی بار سنا، مسلسل ان کے ذکر سے باز نہ آئے۔

سڑکوں پر لوگ زومبی کی طرح آہ و بکا کر رہے تھے، پنڈت منتر پڑھ رہے تھے، امام آنسوؤں کے ساتھ اجتماعی دعائیں کر رہے تھے۔ گھروں اور گلیوں میں "مایابنی راتیر بُکوت"کی دردناک دھنیں سنائی دیتی رہیں جو غم کو اور گہرا کرتی گئیں۔ وہ آسام کے "ایلوس" تھے، لیکن ان سے کہیں زیادہ سادہ، معصوم اور بچپنے کی معصومیت رکھنے والے۔

زُبین: جو کسی خانے میں نہ سمائے

زُبین گرگ کبھی سماجی خانوں میں فٹ نہ بیٹھے۔ ہندو برہمن خاندان میں پیدا ہونے کے باوجود انہوں نے ہمیشہ اعلان کیا کہ وہ ذات پات یا مذہبی شناخت سے آزاد ہیں۔ انہیں اس پر تنقید کا سامنا بھی ہوا، لیکن انہوں نے کبھی اپنی سچائی اور دیانت ترک نہ کی۔ان کے والد، محنی موہن برتھاکر، مجسٹریٹ تھے، شاعر و نغمہ نگار بھی تھے اور ’کپِل ٹھاکر‘ کے قلمی نام سے لکھتے تھے۔ والدہ ایالی برتھاکر خود بھی گلوکارہ تھیں۔ ان کی بہن جونکی برتھاکر ایک گلوکارہ اور اداکارہ تھیں، جو فروری 2002 میں صرف 18 برس کی عمر میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوئیں۔ اس سانحے نے زُبین کی زندگی کو گہرائی تک مجروح کیا۔ اسی برس 4 فروری کو زُبین نے گریما سائقیا سے شادی کی۔

ایک انسان دوست، ہر دل عزیز شخصیت

زُبین صرف ایک موسیقار یا فلم ساز نہیں تھے؛ وہ آسام کی روح اور عوام کا ضمیر تھے۔ ان کی سادگی اور انسان دوستی نے انہیں لوگوں کے دلوں سے جوڑ دیا۔ وہ رکشہ کھینچنے والوں اور سڑک کنارے کے خوانچہ فروشوں کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے، عام لوگوں سے بات کرتے، غریبوں کی مدد کرتے، اور کبھی اپنی شہرت کو سر پر سوار نہ کیا۔آج ان کے بعد آسام کے عوام خود کو اندھیرے میں محسوس کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ۔کوئی بھی ان کی جگہ نہیں لے سکتا، صدیوں میں بھی نہیں۔"

ایک سماجی آئینہ

مصنفہ ڈولی کِکون نے اپنے مضمون میں لکھا کہ میں نے زُبین گرگ کے بارے میں زیادہ تر آٹو ڈرائیوروں، ٹیکسی ڈرائیوروں، سبزی فروشوں اور سیکیورٹی گارڈز سے سنا۔ لیکن آسام کے اونچے طبقے کے لوگ اکثر ان کا مذاق اڑاتے، انہیں 'پاگولا' یعنی پاگل کہتے۔ حقیقت یہ ہے کہ زُبین ان کے سماجی ڈھانچوں میں نہیں سماتے تھے۔2024 میں جب حکومت نے گوہاٹی میں درخت کاٹ کر فلائی اوور بنانے کا منصوبہ بنایا تو زُبین نے کہاکہ"درخت ایک ایک کر کے کاٹنا، پھر مجھے بھی کاٹ دینا۔"

"لُویٹ کانتھو" ، برہم پُترا کی آواز

استاد ہماشری مہانتا کہتی ہیں۔"ہم انہیں ’لُویٹ کانتھو‘ کہتے تھے، یعنی برہم پُترا کی آواز۔ وہ ہمارے لیے خاندان کا حصہ تھے: بزرگوں کے بیٹے، نوجوانوں کے بھائی اور دوست۔ ان کے گانے ہر گھر کا حصہ تھے۔"

ایک دکاندار تالوکر نے جنازے سے واپس آ کر کہا کہ "دنیا میں کہاں ملے گا ایسا انسان؟ پانچ دن سے میرے بچے اور بیوی روتے جا رہے ہیں۔ لوگ بارش اور دھوپ میں گھنٹوں کھڑے ہیں صرف انہیں آخری بار دیکھنے کے لیے۔"

عالمی سطح پر پہچان

ان کی شہرت امریکہ تک پہنچی۔ نیویارک ٹائمز نے لکھا:"زُبین گرگ، گلوکار، موسیقار، پروڈیوسر اور کثیر ساز بجانے والے فنکار، جو بولی وُڈ کے ہٹ گانے 'یا علی' سے گھر گھر جانے گئے، سنگاپور میں انتقال کر گئے۔"اسی رپورٹ میں یہ بھی درج ہوا کہ 2024 میں انہیں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، میگھالیہ کی جانب سے اعزازی ڈگری دی گئی۔

ایک پل، ایک صدا، ایک احساس

پروفیسر سب شنکر مجمدار کے مطابق "ان کے گانوں میں ایسی سچائیاں تھیں جو ثقافتوں سے بالاتر تھیں۔ ان کا مذہب انسانیت تھا۔ ہم سب آج بھی سکتے میں ہیں۔"

ڈاکٹر متالی گوسوامی نے کہا کہ زُبین کا مطلب میرے لیے ایک معمّا ہے۔ میں نے انہیں اپنے بیٹے، دوست، فلسفی اور رہنما کی طرح محسوس کیا۔ ان کی موت میں پورے آسام نے ایک ساتھی کھو دیا۔ وہ اپنی موت کے بعد بھی شمال مشرق کو ایک کر گئے۔ یہ ہجوم کسی مذہب یا طبقے کا نہیں تھا، بلکہ ایک ایسی روح کا عاشق تھا جو صدیوں میں کبھی زمین پر اترتی ہے۔

ایک نایاب ورثہ

زُبین کے گیت شاید تکنیکی لحاظ سے کامل نہ ہوں، مگر ان کی سچائی اور درد نے لاکھوں دلوں کو چھوا۔ ان کی موسیقی نے ایک ایسے خطے کو جو دہائیوں کی بغاوت اور نظراندازی سے زخمی تھا، مرہم دیا۔ نوجوانوں کو نئی شناخت، نیا حوصلہ اور نیا خواب دیا۔ زُبین گرگ محض ایک فنکار نہیں تھے، وہ آسام کی دھڑکن تھے۔ آج جب وہ نہیں رہے تو پوری ریاست اور دنیا کے لاکھوں مداح ایک ہی سوال پوچھ رہے ہیں:"ایسا انسان پھر کب آئے گا؟"