عبد الوسیم انصاری / بالاگھاٹ / بھوپال
اگر ارادے مضبوط ہوں اور خوابوں پر یقین ہو، تو کوئی منزل دور نہیں رہتی– اس کہاوت کو سچ کر دکھایا ہے مدھیہ پردیش کے چھوٹے سے ضلع بالاگھاٹ کی مسلم لڑکی فرخندہ قریشی نے، جنہوں نےUPSC 2024 کی سول سروسز امتحان میں 67ویں رینک حاصل کر کے پورے علاقے کو فخر سے بھر دیا ہے۔ آٹھویں جماعت میں دیکھاIAS بننے کا خواب، حوصلے سے لکھی کامیابی کی کہانی بالاگھاٹ کی گلیوں سے نکل کر ملک کی سب سے معزز خدمات میں شامل انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس(IAS) تک پہنچنے والی فرخندہ کا سفر سراپا تحریک ہے۔
آٹھویں جماعت میں انہوں نے جب اپنے ضلع کے کلکٹر بی چندرشیکھرن کو ایک مقامی چینل پر کام کرتے دیکھا، تبھی دل میںIAS بننے کی چنگاری روشن ہوئی۔ وہ بتاتی ہیں کہ اسی وقت میں نے طے کر لیا تھا کہ ایک دن میں بھی کلکٹر بنوں گی اور سماج کی خدمت کروں گی۔ یہ خواب برسوں کی محنت، ناکامیوں اور خاندانی تعاون کے بعد آج حقیقت بن چکا ہے۔
چوتھا امتحان، ہر کوشش سے نیا سبق، آخرکار کامیابی
فرخندہ کا یہ چوتھا امتحان تھا۔ انہوں نے 2021 سےUPSC کی تیاری شروع کی تھی۔ تین بار ناکامی کے باوجود ہار نہیں مانی۔ وہ کہتی ہیں کہ میرے والدین نے مجھے کبھی ٹوٹنے نہیں دیا بلکہ ہمیشہ حوصلہ بڑھاتے رہے کہ ایک دن ضرور کامیابی ملے گی... اگر ان کا ساتھ نہ ہوتا تو شاید میں پہلے یا دوسرے ہی اٹیمپٹ میں ہار مان لیتی۔ کامیابی کا راز: توازن میں ہے طاقت فرخندہ کے مطابقUPSC جیسے مشکل امتحان کے لیے 18 گھنٹے کی پڑھائی ضروری نہیں، بلکہ تسلسل اور حکمتِ عملی اہم ہے۔ "میں روزانہ 6 سے 8 گھنٹے پڑھتی تھی، لیکن پابندی سے۔ پچھلے سالوں کے پرچے، معیاری کتب، کرنٹ افیئرز اور اخبارات میری تیاری کا اہم حصہ تھے۔
چھوٹے شہر سے نکلی بڑی امید
سینٹ میری اسکول سے دسویں اور میتھوڈسٹ مشن سے بارہویں پاس کرنے والی فرخندہ کہتی ہیں، "بالاگھاٹ جیسے چھوٹے شہر سے ہونا کبھی میری کمزوری نہیں بنا۔ میں مانتی ہوں کہ اگر یہاں کے نوجوانوں کو صحیح رہنمائی اور وسائل ملیں تو وہ پورے ملک میں نام کما سکتے ہیں۔ خاندان کی تحریک بنی طاقت فرخندہ اپنے والد عبدالملک قریشی (جو پیشے سے وکیل ہیں) اور والدہ نکہت انجم قریشی (خاتونِ خانہ) کو اپنی کامیابی کا اصل ہیرو مانتی ہیں۔ ان کے والد جذباتی ہوکر کہتے ہیں۔آج لوگ مجھے میری بیٹی کے نام سے پہچانتے ہیں، اس سے بڑی خوشی میرے لیے کچھ نہیں ہو سکتی۔
علاقے میں جشن کا سماں
کلکٹر نے دی مبارکباد فرخندہ کی اس کامیابی پر پورے بالاگھاٹ میں خوشی کا ماحول ہے۔ ضلع کلکٹر مرنال مینا نے ان سے ملاقات کر کے ذاتی طور پر مبارکباد دی اور روشن مستقبل کی دعا کی۔ وہیں، مقامی انجمن کمیٹی نے بھی ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مسلم سماج کے لیے ایک محرک قرار دیا۔ محض ایک کامیابی نہیں، بلکہ سماج کے لیے پیغام فرخندہ کی کہانی صرفUPSC رینک کی نہیں، بلکہ اس امید اور جذبے کی ہے جو معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتا ہے۔ ایک مسلم لڑکی کاIAS بننا، محض ایک ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ملک کے سماجی ڈھانچے میں مثبت تبدیلی کی ایک مثال بھی ہے۔