جامعہ ملیہ کےطالب علم کے تیار کردہ گیم کو فن اسکول نے کیا لانچ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2023
جامعہ ملیہ کےطالب علم کے تیار کردہ گیم کو فن اسکول نے کیا لانچ
جامعہ ملیہ کےطالب علم کے تیار کردہ گیم کو فن اسکول نے کیا لانچ

 

 

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بی ٹیک سول انجینئرنگ سال چہارم کے طالب علم سارتھک کمار نے’بیٹل آف سائن‘ نام کا ایک اختراعی اسٹریٹیجک گیم تیار کیا ہے جسے ہندوستان میں کھلونے بنانے والی سرکردہ کمپنی ’فن اسکول‘ نے لانچ کیاہے۔

وزیر اعظم نرنیدر مودی کی شروع کردہ تحریک آتم نربھر بھارت‘ کے تحت اس گیم نے اس سے پہلے ٹوائے کیتھون دوہزار اکیس مقابلہ جیتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ٹوائے کیتھون دوہزار اکیس ایک بین وزارتی مہم ہے جسے وزارت تعلیم کے اختراعی سیل نے آل انڈیا کونسل فار ٹیکنکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) خواتین اور اطفال بہبود،وزارت کامرس،وزارت ایم ایس ایم ای،وزارت ٹکسٹائل اور وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔

پروفیسر نجمہ اخترشیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس حصولیابی کے لیے سارتھک کو مبارک باد دی ہے اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ سرکار نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کراتے ہوئے ٹوائے کیتھون جیسے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

ٹوائے کیتھون دوہزار اکیس کا تصور یہ تھا کہ اختراعی ذہنوں کو ابھاراجائے کہ وہ ہندوستانی تہذیب،تاریخ،ثقافت،اساطیراور سماجی اخلاقیات پر مبنی نادر کھلونے اور گیم تیار کریں جس میں ملک بھر سے ایک اعشاریہ دو لاکھ شرکا نے رجسٹر کرایا تھا۔

’بیٹل آف سائن ‘ کا گیم اس طرح شروع ہوتاہے کہ گیم بورڈ پرپلس اور مائنس سکوں سے جگہ پر قبضہ جماتے ہوئے آگے بھی قبضہ جماتے جاتے ہیں۔کھیل کے دو وضع ہیں:ریگولر وضع اور بیٹل وضع۔پہلا کھلاڑی جو کسی بھی دوخط مستقیم پر قبضہ جمالے یا مسطح شکل میں قبضہ جمالے وہ فاتح قرار پاتاہے۔یہ جانکاری شعبہ تعلقات عامہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے فراہم کی ہے۔