نیشنل باکسنگ چیمپین شپ میں' بھائی بہن'جلوہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
حیدرآباد کے بھائی بہن کی دھاک
حیدرآباد کے بھائی بہن کی دھاک

 

 

شیخ محمد یونس: حیدر آباد

سرکاری اقلیتی اقامتی اسکولس میں زیرتعلیم بھائی،بہن اجواد احمد اور ایانی سلطانہ نے قومی سطح پر منعقدہ باکسنگ چیمین شپ میں بالترتیب سونے اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔تلنگانہ مائناریٹیز ریسیڈنشییل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز)کے تحت چلائے جانے والے اقامتی اسکولس کے طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے شعبہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپورمظاہرہ کررہے ہیں۔

طلائی اور چاندی کے تمغوں کا حصول

اقامتی اسکول بوائزآصف نگر کے طالب علم اجواد احمد اور گولکنڈہ گرلز کی طالبہ ایانی سلطانہ نے باکسنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے سونی پت ہریانہ میں منعقدہ چوتھی جونیر مینس اینڈ ویمنس نیشنل باکسنگ چیمین شپ 2021میں حصہ لیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جواد احمد اور ایانی سلطانہ بھائی بہن ہیں۔اجواد احمد نویں جماعت میں زیرتعلیم ہیں۔انہوں نے 43-46کیلوکے زمرہ میں باکسنگ مقابلہ میں حصہ لیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ ان کی بہن ایانی سلطانہ انٹرمیڈیٹ سال اول کی طالبہ ہیں۔ایانی سلطانہ نے 54-57کیلو کے زمرہ میں باکسنگ مقابلہ میں حصہ لیا اور سلور میڈل کی حقدار رہیں۔

ٹمریز کیا ہے؟

حکومت تلنگانہ کی جانب سے غریب اور مستحق اقلیتی طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے بڑے پیمانہ پر اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس کا قیام عمل میں لایاگیا ہے۔اقامتی اسکولس اور کالجس تلنگانہ مائنارٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز)کے تحت چلائے جارہے ہیں۔ریاست بھر میں زائد از200اقلیتی اقامتی اسکولس کارکرد ہیں۔ان اقامتی اسکولس میں طلبہ کو قیام وطعام کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔فی طالب علم پر سالانہ زائد ازایک لاکھ روپئے صرف کئے جارہے ہیں۔

اسکولس میں انگریزی ذریعہ تعلیم کانظم ہے۔تعلیم کے علاوہ طلبہ کی کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے بھرپوررہنمائی اور ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ماہر کوچس کی نگرانی میں طلبہ کو بہترین تربیت کی فراہمی کا نظم ہے۔یہی وجہ ہے کہ طلبہ مسابقتی امتحانات کے ساتھ ساتھ کھیل کود کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھارہے ہیں۔

میرے بچوں کی محنت رنگ لائی

اجواد احمد اور ایانی سلطانہ کے والد محمد احمد نے بتایا کہ میرے بچوں کی سخت محنت اور جدوجہد رنگ لائی ہے۔انہوں نے اپنے بچوں کی کامیابی پر خوشی اور مسرت کااظہار کیا اور کہا کہ کورونا وبا کے باعث انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑا تاہم ان کے بچوں نے ہمت نہیں ہاری۔وہ روزانہ مسلسل تربیت حاصل کرتے۔سخت محنت اور جستجو کے باعث ان کے بچوں نے قومی سطح کے مقابلوں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔محمد احمد تعمیراتی ورکر ہیں۔انہوں نے کہاکہ قومی مقابلوں میں کامیابی کے ذریعہ ان کے بچوں نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کا عزم

اجواد احمد اور ایانی سلطانہ نے کہا کہ آج وہ جس مقام پر ہیں، وہ ٹمریز سوسائٹی کی معیاری اور بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اتنی کم عمری میں قومی سطح کے مقابلوں میں کامیابی کا تصور بھی نہیں کئے تھے۔اجواد احمد اور ایانی سلطانہ نے عالمی سطح کے مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کے عزم کااظہارکیا۔

ٹمریز کیلئے لمحہ فخریہ

تلنگانہ مائنارٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز)کے سکریٹری بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے کہا کہ ٹمریز کے طلبہ،تعلیم،سائنس و ٹکنالوجی کے علاوہ کھیل کود کے شعبہ میں بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اجواد احمد اور ایانی سلطانہ نے باکسنگ چیمپین شپ میں بہترین مظاہرہ کیا ہے جس پر ٹمریز کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹمریزکے طلبہ کو مختلف کھیلوں کی معیاری تربیت کے علاوہ تغذیہ بخش غذا فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے طلبہ کو سہولیات کی فراہمی پر وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کی آئندہ بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لئے رہنمائی اور رہبری کی جائے گی۔