کشمیر سے عالمی اسٹیج تک: تائیکوانڈو فائٹر دانش منظور کا سفر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
کشمیر سے عالمی اسٹیج تک:تائیکوانڈو  فائٹر دانش منظور کا سفر
کشمیر سے عالمی اسٹیج تک:تائیکوانڈو فائٹر دانش منظور کا سفر

 



بارہ مولا،: گلشن آباد کالونی بارہ مولا کے رہائشی دانش منظور نے مقامی چھوٹے ہالز سے اپنے تائیکوانڈو کیریئر کا آغاز کیا اور آج وہ اولمپک رینکنگ چیمپئن شپ تک پہنچنے والے کھلاڑی ہیں۔ 13 سال کی عمر میں کھیل شروع کرنے والے دانش اب بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے نمایاں ناموں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے پاس ورلڈ تائیکوانڈو کی منظور شدہ ایتھلیٹ لائسنس بھی موجود ہے۔

تعلیم اور کھیل کو یکساں وقت دیتے ہوئے دانش نے کشمیر یونیورسٹی سے بایوانفارمیٹکس میں بی ایس سی مکمل کیا۔ انہیں "فٹ انڈیا ایمبیسیڈر" بھی مقرر کیا گیا، اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ واحد تائیکوانڈو کھلاڑی ہیں۔دانش شمالی کشمیر کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے جونیئر نیشنلز کے لیے کوالیفائی کیا اور جموں و کشمیر کے ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر تائیکوانڈو میں میڈل جیتا۔ انہوں نے نارتھ زون نیشنل چیمپئن شپ میں بھی دو گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں، ایک شیرِ کشمیر انڈور اسٹیڈیم میں اور دوسرا چندی گڑھ میں۔بین الاقوامی سطح پر دانش نے ہندوستان کی شاندار نمائندگی کی۔ انہوں نے 2019 میں حیدرآباد میں دوسری انڈیا اوپن انٹرنیشنل اولمپک رینکنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور 2020 میں یورپین تائیکوانڈو پومسے چیمپئن شپ میں ٹاپ 20 میں جگہ بنائی۔

2022 میں انہوں نے اسرائیل اوپن جی 2 اولمپک رینکنگ ایونٹ میں پانچواں مقام حاصل کیا۔ 2023 میں انہوں نے تاریخ رقم کی اور جنوبی کوریا میں ورلڈ تائیکوانڈو اوکٹاگون ڈائمنڈ جی 4 اولمپک رینکنگ ایونٹ میں شرکت کرنے والے پہلے بھارتی بنے، جہاں انہوں نے پانچواں مقام حاصل کیا۔ 2024 میں انہوں نے تہران میں فجر کپ (چھٹا مقام) اور پریذیڈنٹس کپ ایشین ریجن (پانچواں مقام) میں بھی شرکت کی۔ اسی سال انہوں نے ازبکستان نیشنل ٹیم کے ساتھ ان کے اولمپک کیمپ میں بھی تربیت حاصل کی۔

حالیہ دنوں میں انہوں نے اردنی نیشنل ایتھلیٹس کے ساتھ تربیت کی اور اردنی نیشنل فیڈریشن کے زیر اہتمام 13ویں ایلیٹ کپ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں حصہ لیا۔ اس ایونٹ میں دنیا بھر کے بڑے کھلاڑی بشمول اولمپئنز شریک ہوئے۔ دانش نے اس چیمپئن شپ میں برانز میڈل حاصل کیا۔

بیرون ملک مقابلوں کے حوالے سے دانش نے کہا کہ ان میدانوں میں اترنا میرے لیے جذباتی لمحہ ہوتا ہے۔ میں بارہ مولا سے ہوں، جہاں ایسے خواب دیکھنے والے بہت کم تھے۔ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے سامنے میٹ پر کھڑا ہونا ہی میرے لیے ایک جیت ہے۔

قومی سطح پر بھی دانش کا میڈل ریکارڈ ان کی مستقل مزاجی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے جے اینڈ کے اسٹیٹ چیمپئن شپ میں 12 سے زائد گولڈ میڈلز جیتے ہیں، جن میں اوپن کشمیر چیمپئن شپ، گلمرگ کپ اور کشمیر تائیکوانڈو لیگ شامل ہیں۔ انہوں نے دو سلور میڈلز بھی جیتے، جن میں آل انڈیا سینئر فیڈریشن چیمپئن شپ (جے پور، 2016) اور ٹوکی تائیکوانڈو اوپن نیشنل چیمپئن شپ (پنجاب، 2021) شامل ہیں، جبکہ 2011 میں 12ویں جموں و کشمیر اسٹیٹ چیمپئن شپ میں برانز میڈل حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بارہ مولا میں سہولیات کبھی کافی نہیں تھیں۔ کئی بار سوچا کہ چھوڑ دوں، لیکن ہر اسٹیٹ میڈل نے مجھے آگے بڑھنے کی طاقت دی۔دانش نے 2017 میں اورنگ آباد میں ایشین انڈور گیمز ٹیسٹ ایونٹ، 2018 میں رانچی میں ایشین چیمپئن شپ ٹیسٹ ایونٹ میں حصہ لیا اور انہیں برطانیہ کے اولمپک کوچ پال گرین کی نگرانی میں رانچی کے کھیل گاؤں میں ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے منتخب کیا گیا۔

آنے والے دنوں کے لیے دانش کی نظریں اولمپک رینکنگ چیمپئن شپ 2025 پر ہیں۔ ان کا کہنا ہے۔میرا خواب اولمپک میڈل ہے۔ میں یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ بارہ مولا جیسے مقام سے بھی دنیا کے اسٹیج تک پہنچا جا سکتا ہے۔ اگر میں کر سکتا ہوں تو دوسرے بھی کر سکتے ہیں۔فی الحال دانش سابق بھارتی نیشنل ٹیم کوچ اور جموں و کشمیر تائیکوانڈو ٹیم کے چیف کوچ اتل پنگوترا کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی کفالت اور سرپرستی جموں و کشمیر کی این جی او ہیلپ فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔