گلوکارہ پلک، 3,800 دل کے آپریشنز کے لیے مالی امداد،نام گینیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2025
گلوکارہ پلک، 3,800 دل کے آپریشنز کے لیے مالی امداد،نام گینیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل پپ
گلوکارہ پلک، 3,800 دل کے آپریشنز کے لیے مالی امداد،نام گینیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل پپ

 



 

 اندور کی مشہور گلوکارہ پلک مُچھل، جو اپنی مدھر آواز اور دل کو چھو لینے والے گیتوں کے لیے جانی جاتی ہیں، اب گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز اور لمکا بک آف ریکارڈز میں شامل ہو گئی ہیں ، مگر یہ اعزاز اُنہیں گلوکاری کے لیے نہیں بلکہ اُن کی غیر معمولی انسانیت دوست خدمات کے لیے ملا ہے۔

اپنی ’’پلک پلاش چیریٹیبل فاؤنڈیشن‘‘ کے ذریعے پلک نے اب تک ہندوستان اور بیرونِ ملک 3,800 سے زائد غریب بچوں کے دل کے آپریشنز کا خرچ برداشت کیا ہے، یوں اُنہوں نے اپنے فنِ موسیقی کو خدمتِ انسانیت کا ذریعہ بنا دیا ہے۔

یہ سفر اُس وقت شروع ہوا جب پلک بچپن میں ایک ٹرین کے سفر کے دوران کچھ غریب بچوں سے ملیں۔ اُس لمحے نے اُن کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ اُس دن اُنہوں نے دل ہی دل میں وعدہ کیا: ’’میں ایک دن ان کی مدد ضرور کروں گی۔‘‘ سالوں بعد یہی وعدہ اُن کے فاؤنڈیشن کے قیام کی بنیاد بنا، جو اُن کے ہر کنسرٹ کی آمدنی اور ذاتی بچت کو ضرورت مند بچوں کے علاج پر خرچ کرتا ہے۔

پلک کی سخاوت صرف ایک مقصد تک محدود نہیں رہی۔ وہ کرگل کے شہیدوں کے اہلِ خانہ کی مدد کر چکی ہیں اور گجرات زلزلے کے متاثرین کے لیے 10 لاکھ روپے کا عطیہ بھی دے چکی ہیں۔ اُن کا سماجی خدمت کا جذبہ ہمدردی اور عمل دونوں پر مبنی ہے۔

جب اُن کی گلوکاری نے شہرت کی بلندیوں کو چھوا ، ’میری عاشقی‘، ’کون تجھے‘ اور ’پریم رتن دھن پائیو‘ جیسے گانوں کے ساتھ ، تب بھی اُنہوں نے اپنی آمدنی کا بڑا حصہ فلاحی کاموں میں لگانا جاری رکھا۔ یہی لگن اُنہیں لمکا بک آف ریکارڈز میں بھی جگہ دلانے کا سبب بنی۔

اُن کے شوہر، موسیقار متھون، اس مشن میں اُن کے ہم سفر ہیں۔ اُنہوں نے ایک بار کہا تھا: ’’چاہے شو ہو یا نہ ہو، آمدنی ہو یا نہ ہو ، بچوں کے آپریشن کبھی رُکیں گے نہیں۔‘‘ یہ جملہ اس جوڑے کی انسانیت کے لیے پختہ عزم کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔