رفحان عمر:60 سیکنڈ میں 426 مکے کا عالمی ریکارڈ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-09-2021
رفحان عمر
رفحان عمر

 

 

قاضی کوڈ:رفتار اور تیزی ۔ دنیا میں کسی بھی کامیابی کا اہم حصہ ہوتی ہے۔ لوگ پلک جھپکتے کارناموں کو صدیوں تک یا د رکھتے ہیں خواہ وہ سو میٹر کی دوڑ ہو یا پھر باکسنگ رنگ کا کوئی مقابلہ ۔یہی وجہ ہے کہ کوئی تیز ترین انسان کے لئے جانسن کو یاد رکھتا ہے تو کوئی رنگ میں تتلی کی طرح اڑنے والے محمد علی کو ۔

اب ایسا ہی ایک کارنامہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والے رفحان عمر نے انجام دیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں‘ پنچنگ پی’ پر سب سے تیزی کے ساتھ مکے برسانے کا ایک نیا اور انوکھا ریکارڈ بنایا ہے اوراپنا نام گینز بک آف دی ریکارڈ ز میں شامل کرایا ہے۔

قاضی کوڈ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ نوجوان نے صرف 60 سیکنڈ میں 426 بار حیرت انگیز طور پر مکے برسائے اور سلوواکیہ سے تعلق رکھنے والے کک باکسر اور مارشل آرٹسٹ پاویل ٹرسوف کا قائم کردہ سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ ان کی سرکاری گنتی 334 تھی۔ 

کنگ فو میں آٹھ سال سے زیادہ اور باکسنگ میں چار سال سے زیادہ کے تجربے کے ساتھ، لینڈنگ پنچ پہلے ہی رفحان کے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا۔

اس نے کہا کہ میرے دوستوں نے دیکھا کہ میں بہت تیزی سے مکے یا پنچ مار سکتا ہوں ۔ جب میں مکے برسانے شروع کرتا تھا تو بمشکل اپنی رفتار کا مشاہدہ کرپاتا تھا۔لیکن دوستوں کو لگا کہ میرے مکوں کی رفتار کچھ غیر معمولی ہے ۔

لہذا انہوں نے ایک ویڈیو لی اور مجھے دکھایا۔ جس کے بعد میں نے محسوس کیا کہ واقعی میرے ہاتھوں کی رفتار کچھ زیادہ نہیں بلکہ بہت زیادہ ہے۔ جس کے بعد میں نے ریکارڈ سازی کے بارے میں سوچنا شروع کیا ۔

 رفحان کہتے ہیں کہ ریکارڈ کے لئے درخواست دینے سے پہلے 15 سیکنڈ کی ویڈیو ریکارڈ کی،جس میں انہوں نے ایک ہی بار میں 100 سے زیادہ مکوں کی بارش کردی۔

بقول رفحان اس وقت سب کو اس بات کا احساس ہوا کہ میں عالمی ریکارڈ توڑ سکتا ہوں۔ پہلی کوشش کے لئے پیشہ ور فٹنس کوچ رفحان نے پانچ ماہ قبل 414 بار پنچنگ کرنے پر‘ انڈیا بک آف ریکارڈز’میں شمولیت حاصل کی تھی۔اب انہوں نے گینیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کرالیا۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ اتنا آسان نہیں ،تیزی اور رفتار کے لئے بڑی مشق درکار ہوتی ہے۔پنچنگ ورزشیں کرتے وقت سانس پر قابو پانا ایک اور اہم عنصر ہے۔ میں سانس لینے کی ورزش اور یوگا کی مشق بھی کرتا رہا ہوں۔ رفحان کا کہنا ہے کہ میرے لئے سانسوں پر قابو پانا مشکل نہیں تھا کیونکہ میں اسکول کے دنوں سے ورزش کر رہا ہوں۔

آخر کار 11 ستمبر کو کوزی کوڈ انڈور اسٹیڈیم میں رفحان نے وزیر برائے بندرگاہ احمد دیورکوول کی موجودگی میں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ضلع اسپورٹس کونسل کے صدر او راجگوپال۔ ڈاکٹر بینا فلپ، کوزیکوڈ میئر؛ تھوتاتھل رویندرن کے ایم ایل اے اور باکسنگ کوچ رمیش کمار اور راجیش ٹی اس موقع پر موجود تھے۔

 رفحان کے لئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا حتمی مقصد نہیں ہے۔وہ اس سے آگے کا سوچ رہے ہیں ۔ان کا نشانہ ایک سیکنڈ میں سب سے زیادہ مکے یا گھونسے مارنے کا ہے۔انکی نظراب‘ بروس لی‘ کے ریکارڈ پر ہے جس نے ایک سیکنڈ میں نو گھونسےیا مکے مارے تھے۔