چرمری (چھتیس گڑھ) ۔جنوبی کشمیر کے نزاکت علی ہر سال سردیوں میں چھتیس گڑھ کے قصبے چرمری آتے ہیں۔ وہ یہاں گرم کپڑے، شالیں، اسٹول اور جیکٹس بیچتے ہیں۔ مگر اس سال ان کا استقبال ایک عام تاجر کے طور پر نہیں بلکہ ہیرو کے طور پر کیا گیا۔جب وہ اس بار چرمری پہنچے تو مقامی لوگوں نے انہیں پٹاخوں، پھولوں کے ہار اور نعرے بازی کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ لوگ ان کے ارد گرد جمع تھے، فخر سے ان کا نام لے رہے تھے۔اس والہانہ استقبال کی ایک بڑی وجہ وہ بہادری تھی جو نزاکت نے اپریل میں پھیلگام کی وادی بیسارن میں دکھائی تھی۔ اپریل 22 کو دہشت گردوں نے اس خوبصورت وادی کو نشانہ بنایا۔ اس وقت چھتیس گڑھ کے چرمری سے آئے ہوئے چار دوست ،کلدیپ سٹھاپک، شیو انش جین، ہیپی بدھوان اور اروند اگروال ،اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وادی کی سیر سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اچانک گولیوں کی آواز گونج اٹھی۔ دہشت اور افراتفری پھیل گئی۔ سیاح دوڑنے لگے، مگر وہ دونوں طرف سے پھنس گئے تھے۔ کسی کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کس سمت جانا محفوظ ہے۔ اسی نازک لمحے میں نزاکت علی، جو وہاں مقامی تاجر کے طور پر موجود تھے، سامنے آئے۔ انہوں نے گھبراہٹ کے بجائے حوصلہ، حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ایک ایک کر کے چار خاندانوں کے 11 بچوں کو اپنی پشت پر اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچایا۔ بعد میں انہوں نے فوج کی مدد سے تمام سیاحوں کو قریبی ہوٹل تک منتقل کیا۔
Remember Nazakat Ali?
— Vishnukant Tiwari (@vishnukant_7) October 30, 2025
The Kashmiri man who saved 11 people from Chhattisgarh during the Pahalgam terror attack, was given a warm welcome in Chhattisgarh’s Chirmiri.
The April 2025 attack in Pahalgam claimed 26 lives. Nazakat rescued 11 members of four families, including… pic.twitter.com/7npdJUrp4j
ان بچوں میں ایک مقامی بی جے پی رہنما امیت اگروال کے بچے بھی شامل تھے۔ جب اس بار نزاکت چرمری پہنچے تو امیت اگروال خود ان کے استقبال کے لیے آگے بڑھے۔نزاکت نے ایک ویڈیو میں کہا، “میں بہت خوش ہوں کہ دوبارہ یہاں آیا ہوں اور اپنے بھائیوں لکّی بھائی، راجو بھائی، ہیپی بھائی، ٹٹو بھائی سے ملا ہوں۔ ہم صرف دوست نہیں، بھائی ہیں۔ ہم نے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔”
ان کے اس جذبے نے کشمیری مہمان نوازی، انسانیت اور بہادری کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔
نزاکت نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر جو کارنامہ انجام دیا، اس نے کشمیر اور چھتیس گڑھ کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی ایک نئی ڈور باندھ دی ہے۔