ڈیجیٹل دھوکہ دہی کے شکار لوگوں کی مسیحا بنی اوڈیشہ کی بیٹی
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 23-05-2025
ڈیجیٹل دھوکہ دہی کے شکار لوگوں کی مسیحا بنی اوڈیشہ کی بیٹی
بھونیشور/ آواز د وائس
اوڈیشہ کے کٹک شہر سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی پروفیشنل سواتی داس نہ صرف تکنیکی دنیا کی ماہر ہیں بلکہ وہ اُن چند افراد میں سے ہیں جو دوسروں کے دکھ کو اپنا سمجھ کر اُن کا سہارا بنتی ہیں۔ گزشتہ تین برسوں سے سواتی سائبر جرائم کے متاثرین کو ذہنی اور جذباتی طور پر سنبھالنے میں مصروف ہیں۔ وہ بھونیشور-کٹک کمشنریٹ پولیس کے ساتھ مل کر مسلسل بیداری پروگرام چلا رہی ہیں تاکہ سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے افراد کو ذہنی سکون مل سکے۔
سواتی بتاتی ہیں کہ سائبر جرائم صرف مالی نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ متاثر شخص کی خودداری، اعتماد اور ذہنی صحت پر بھی گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ بہت سے متاثرین میں اضطراب، ڈپریشن اور پی ٹی ایس ڈی (پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر) جیسے علامات دیکھنے کو ملتی ہیں۔ کچھ تو خودکشی کے بارے میں بھی سوچنے لگتے ہیں۔
آئی ٹی پروفیشنل سواتی داس
تعلیمی اداروں میں بیداری مہم
رپورٹ کے مطابق سواتی نے کمشنریٹ پولیس کے ساتھ مل کر 50 سے زائد تعلیمی اداروں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے اسکولوں، کالجوں، سرکاری و نجی اداروں میں سائبر بیداری اور ذہنی صحت سے متعلق ورکشاپس منعقد کی ہیں۔ اب تک وہ 1,000 سے زائد طلباء اور شرکاء کو ڈیجیٹل حملوں سے نمٹنے کے لیے ضروری "کوپنگ میکنزم" سکھا چکی ہیں۔
سواتی کمشنریٹ پولیس کی واحد خاتون رضاکار ہیں جو مسلسل تین برسوں سے سائبر جرائم کی بیداری مہم میں شریک ہیں۔ جس آئی ٹی کمپنی میں وہ کام کرتی ہیں، اُس نے انہیں "سپو رٹنگ مینٹل ہیلتھ" اقدام کے تحت ذہنی مشاورت کی تربیت دی ہے۔ وہ بھونیشور کے سائبر کرائم اور اکنامک آفینس پولیس اسٹیشن میں بھی متاثرین کو مشورہ فراہم کرتی ہیں۔ سواتی بتاتی ہیں کہ بہت سے متاثرین شدید مالی نقصان سے اس قدر متاثر ہوتے ہیں کہ وہ سماجی میل جول سے کٹ جاتے ہیں۔ کئی مرتبہ تو ان کی عمر بھر کی جمع پونجی دھوکہ بازوں کے ہاتھ لگ جاتی ہے۔ یہ درد الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہوتا ہے۔
سواتی کہتی ہیں کہ کئی بار متاثرین "ہنی ٹریپنگ" یا "ڈیپ فیک" جیسے معاملات میں پھنسنے کی وجہ سے اپنی کہانی سنانے میں ہچکچاتے ہیں۔ ان کے بقول، سب سے ضروری بات یہ ہے کہ انہیں راحت محسوس کرائی جائے، ان کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی جائے اور بتایا جائے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ ایسے معاملات میں سماجی تعاون، دباؤ کم کرنے والی سرگرمیوں میں شمولیت اور پیشہ ورانہ ذہنی صحت خدمات سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
سواتی داس
سوشل میڈیا کی لت اور کووڈ کے بعد کی نسل
سواتی کا ماننا ہے کہ کووڈ-19 کے بعد سوشل میڈیا کی لت نے لوگوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جو صارفین سوشل میڈیا پر ضرورت سے زیادہ وقت گزارتے ہیں، وہ مسلسل دباؤ، پریشانی اور عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ پرتشدد یا گمراہ کن مواد کی وجہ سے ان کے رشتے، خود اعتمادی اور زندگی کا معیار متاثر ہوتا ہے۔ سواتی سمجھتی ہیں کہ آج کی سب سے بڑی ضرورت ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات کے بارے میں بیداری پھیلانا ہے۔
رحم دل اور باہمت خاتون
سواتی داس جیسی تکنیکی اور حساس خواتین نہ صرف ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے واقف ہیں بلکہ وہ انسانیت اور ہمدردی کی نئی تعریفیں بھی قائم کر رہی ہیں۔ اوڈیشہ کے کٹک سے نکلنے والی یہ سائبر وارئیر آج اُن ہزاروں متاثرین کے لیے امید کی کرن بن چکی ہیں، جو کسی زمانے میں مجرموں کے جال میں پھنس کر ٹوٹ چکے تھے۔
اس تیزی سے دوڑتی دنیا میں، جہاں ٹیکنالوجی اور جرائم دونوں رفتاری سے بڑھ رہے ہیں، سواتی جیسے افراد کا کام معاشرے کو بہتر، محفوظ اور حساس بنانے کی سمت ایک متاثرکن کوشش ہے۔