سعدیہ کو منی پور میں ملا پہلا رینک: NEET 2021

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-11-2021
این ای ای ٹی : سعدیہ کو منی پور میں ملا پہلا رینک
این ای ای ٹی : سعدیہ کو منی پور میں ملا پہلا رینک

 

 

 شاہ عمران حسن، نئی دہلی

کامیابی ان کے قدم چومتی ہے، جو کوشش کرتے ہیں، جو مسلسل جدو جہد کرتے ہیں، جو تھک کر بیٹھ جاتے ہیں، ہمت ہارجاتے ہیں، انہیں کامیابی نہیں ملتی، مگر ہارکر بھی جو دوبارہ پرعزم ہوجاتے ہیں وہ اپنا مقام بنا لیتے ہیں۔

ایسی ہی کہانی سعدیہ کی بھی ہے، جنھوں نےتین بار کی کوششوں کے بعد بالآخر این ای ای ٹی میں کامیابی حاصل کی ہے۔ریاست منی پور سے تعلق رکھنے والی پی ایچ سعدیہ نے این ای ای ٹی میں کامیاب ہوکرنہ صرف اپنے والدین کا نام بلکہ اپنے شہر اور ریاست کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے آواز دی وائس کو بتایا کہ ان کے والد بچپن سے یہ چاہتے تھے کہ وہ میڈیکل لائن میں جائیں، وہ ڈاکٹر بنیں، وہ خدمت خلق سے وابستہ ہوں۔انہوں نے بارہویں جماعت کے بعد این ای ای ٹی کی تیاریاں شروع کردی، انہوں نے ریاست کرناٹک کے بنگلور میں واقع ادارہ رحمانی تھرٹی میں تیاری کی تھی۔ رواں برس انہیں نہ صرف این ای ای ٹی میں کامیابی ملی بلکہ انہوں نے منی ریاست میں اول مقام حاصل کیا ہے۔

بتا دیں کہ وہ چار بھائی بہن ہیں، وہ اپنے گھر میں سب سے بڑی ہیں جب کہ تینوں بھائی بہن ان سے چھوٹے ہیں جو کہ اسکول میں زیر تعلیم میں ہیں۔ ان کے والد سرکاری ملازمت میں ہیں جب کہ ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں۔سعدیہ نے آواز دی وائس کو بتایا کہ وہ پانچ سالہ کورس ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد نسوانی امراض یعنی گائنیکو لوجسٹ(Gynecologists ) بننا پسند کریں گی۔ 

رحمانی سکول آف ایکسی لینس(RPE)، منی پور ریاست کے کوآرڈینیٹر محمد رئیس احمد نے اس موقع پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے اور انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ واقعی ہم سب کے لیے بہت اچھا لمحہ ہے کہ ہماری ایک بہن پی ایچ سعدیہ نےاین ای ای ٹی (NEET-UG 2021)میں 641 نمبر حاصل کیے ہیں اور وہ منی پوراسٹیٹ میں اول آئی ہیں۔

 خیال رہے کہ پی ایچ سعدیہ نے رحمانی پروگرام آف ایکسی لینس (RPE) کے تحت رحمانی30 میں 2017 میں اورنگ آباد سنٹر میں، اس کےبعد وہ بنگلور سنٹر میں سپر ٹارگٹ کے طور پر منتخب کی گئی تھیں۔رئیس احمد نے کہا کہ ان کے عزم و حوصلوں کو دیکھ کران کی کامیابی کی ضمانت دی جا سکتی تھی، ہم ان کی بہتر کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

واضح رہے کہ سال گذشتہ بھی منی پور میں دوسرا مقام رحمانی 30 کی طالبہ تسلیمہ سہانی نے حاصل کیا تھا. مسلم طالبات کی لگاتار بہترین کارکردگی یقینی طور پر خواتین بالخصوص مسلم بچیوں کے لیے ایک حوصلہ افزاء اور خوش آئند پیغام ہے.

سال در سال رحمانی 30 نمایاں اور بے مثال کامیابی کی طرف گامزن ہے. اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، رحمانی 30 کے تمام ذمے داران و کارکنان بالخصوص سرپرست مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مبارکباد کے مستحق ہیں.