مندراحاطے میں نکاح،آرایس ایس ،وی ایچ پی کے لیڈروں نے دیا آشیرواد

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مندراحاطے میں نکاح،آرایس ایس ،وی ایچ پی کے لیڈروں نے دیا آشیرواد
مندراحاطے میں نکاح،آرایس ایس ،وی ایچ پی کے لیڈروں نے دیا آشیرواد

 

 

شملہ: ہماچل پردیش کے ضلع شملہ کے رام پور بوشہر میں مذہبی ہم آہنگی اور خیر سگالی کی انوکھی مثال سامنے آئی ہے۔ وشو ہندو پریشد کے زیر انتظام ٹھاکر ستیانارائن مندر کے احاطے میں ایک مسلم لڑکی کی شادی ایک مسلم لڑکے سے قانون کے مطابق کی گئی۔ اس شادی کو مندر کے احاطے میں کرانے کا مقصد لوگوں میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے کا پیغام پہنچانا تھا۔

شادی کرنے والوں میں لڑکی ایم ٹیک گولڈ میڈلسٹ اور لڑکا سول انجینئر ہے۔ یہ قابل ذکر ہے کہ ستیہ نارائن مندر کمپلیکس وشو ہندو پریشد اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا ضلعی دفتر ہے۔ مندر میں شادی کی بارات، استقبالیہ سے لے کر گاجے باجے اور کھانے تک ہندو روایت کے مطابق انجام دی گئی۔ لیکن نکاح کی رسم مولوی نے مسلم روایت کے مطابق ایک وکیل اور دو گواہوں کی موجودگی میں ادا کی۔

اس دوران شادی کی تقریب کو دیکھنے کے لیے مختلف مذاہب اور برادریوں کے لوگ موجود تھے۔ شادی کی اس تقریب کو بڑی عزت و احترام سے کروانے میں سب نے اہم کردار ادا کیا۔ ستیانارائن ٹیمپل ٹرسٹ کے آپریٹروں اور مسلم لڑکی کے رشتہ داروں نے بتایا کہ یہ ان کی ایک منفرد کوشش ہے کہ مذہبی ہم آہنگی اور لازوال روایت کے ساتھ سماجی ہم آہنگی پیدا کرکے آگے بڑھنے کی پہل کی جائے۔