مدھیہ پردیش: دو دوستوں کی قسمت چمکی، زمین کے نیچے سے 15.34 قیراط کا ملا قیمتی ہیرا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2025
مدھیہ پردیش: دو دوستوں کی قسمت چمکی، زمین کے نیچے سے 15.34 قیراط کا ملا  قیمتی ہیرا
مدھیہ پردیش: دو دوستوں کی قسمت چمکی، زمین کے نیچے سے 15.34 قیراط کا ملا قیمتی ہیرا

 



پنا : مدھیہ پردیش کے دو گہرے دوستوں کی قسمت اچانک روشن ہو گئی ہے۔ انہیں زمین سے 15.34 کیرٹ کا نہایت قیمتی ہیرا ملا ہے۔ اس ہیرے کی قیمت لاکھوں میں بتائی جا رہی ہے۔ اس دریافت نے دونوں دوستوں کی پوری زندگی بدل دی ہے۔

یہ دونوں دوست رانی گنج کے رہنے والے ہیں۔ ایک گوشت کی دکان چلاتا ہے جبکہ دوسرا پھلوں کے اسٹال پر کام کرتا ہے۔ کبھی ان کی اقتصادی حالت بہت کمزور تھی اور گھر کا خرچ چلانا بھی مشکل تھا۔ لیکن اس ہیرے نے ان کی دنیا ہی بدل دی ہے۔

پنا ضلع کی رتن گربھ دھرتی نے ایک بار پھر دو نوجوانوں کی تقدیر کو نیا رخ دے دیا ہے۔ رانی گنج محلے کے رہنے والے ستیش کھٹیک اور ان کے دوست ساجد محمد کو 15.34 کیرٹ کا قیمتی جیم کوالٹی ہیرا ملا ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ ہیرا کرشن کلیان پور کی ایک کم گہرائی والی کھدان سے نکلا جہاں ستیش اور ساجد نے ایک مہینے تک محنت کی تھی۔

ہیرا ملنے کے بعد ستیش نے اسے دفتر میں جمع کرا دیا ہے۔ یہ ہیرا آئندہ نیلامی میں رکھا جائے گا۔ نیلامی کے بعد سرکار کا ٹیکس کاٹ کر باقی رقم ان دونوں مزدور نوجوانوں کے کھاتوں میں بھیج دی جائے گی۔

ستیش نے بتایا کہ انہوں نے 14 نومبر 2025 سے 31 دسمبر 2025 تک کے لیے کھدان کا پٹہ لیا تھا۔ گھر کی مالی حالت بہت خراب تھی اور ساری گزر بسر مزدوری سے ہوتی تھی۔ اب اس ہیرے کے ملنے سے ان کی زندگی سدھر جائے گی۔ ستیش کا کہنا ہے کہ نیلامی سے ملنے والی رقم سے وہ اپنے گھر کی مالی حالت بہتر کریں گے اور اپنا کاروبار شروع کریں گے۔

موصولہ معلومات کے مطابق پنا میں صرف 20 دن پہلے ہی کرشنا کلیان پور میں ان دونوں دوستوں نے کھدان لگائی تھی۔ ان کی شناخت 24 سالہ ستیش کھٹیک اور 23 سالہ ساجد محمد کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں اس سال کا سب سے بڑا اور چمکتا ہوا 15.34 کیرٹ کا جیم کوالٹی ہیرا ملا ہے جس کی اندازاً قیمت 50 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ ساجد کے دادا اور والد نے بھی برسوں قسمت آزمائی کی لیکن انہیں معمولی کامیابی ہی مل سکی۔ مگر ان نوجوانوں نے صرف 20 دن میں تاریخ رقم کر دی۔دونوں دوستوں نے طے کیا ہے کہ نیلامی سے ملنے والی رقم کو برابر بانٹیں گے۔ سب سے پہلے اپنی بہنوں کی شادی کریں گے۔ پھر باقی رقم اپنے کاروبارمیں لگائیں گے۔

ستیش نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ بکرے کے گوشت کی دکان چلاتے ہیں اور ان کی دو بہنیں شادی کی عمر میں ہیں۔ ساجد محمد بھی اپنے والد کے ساتھ پھلوں کی دکان پر کام کرتے ہیں اور ان کی بھی دو بہنیں شادی کے قابل ہیں۔ دونوں نے بتایا کہ بہنوں کی شادی کے لیے پیسوں کی سخت ضرورت تھی اسی لیے انہوں نے قسمت آزمانے کے لیے پٹہ لیا تھا۔ اب اس چمکتے ہوئے ہیرے نے ان کی امیدوں کو نیا سہارا دیا ہے۔ نیلامی سے ملنے والی رقم دونوں برابر بانٹیں گے۔ اس سے وہ اپنی بہنوں کی شادی کریں گے اور باقی رقم سے دوبارہ کھدان لگا کر اپنے کام کو آگے بڑھائیں گے۔

ساجد نے بتایا کہ ان کے دادا محمد حبیب نے تقریباً 50 برس تک قسمت آزمائی لیکن انہیں صرف ایک کیرٹ کا ہیرا ملا تھا۔ والد نفیس محمد نے بھی تقریباً 20 برس تک کھدان لگائی مگر انہیں صرف چھوٹے موٹے ہی ہیرے مل سکے۔ لیکن آج ساجد کو 15.34 کیرٹ کا ہیرا ملا ہے جس سے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ہیرا انسپکٹر انوپم سنگھ نے بتایا کہ ملا ہوا پتھر جیمس کوالٹی کا ہے اور بازار میں اس کی اچھی مانگ ہے۔ اسے آئندہ نیلامی میں رکھا جائے گا۔