کون بنے گا کروڑ پتی: حسین کا پیچھے ہٹنا بھی دانشمندی ثابت ہوا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-11-2021
کون بنے گا کروڑ پتی: حسین بوہرا نے جیتا پچاس لاکھ
کون بنے گا کروڑ پتی: حسین بوہرا نے جیتا پچاس لاکھ

 


شاہ تاج خان، پونے

زندگی میں کبھی کبھی پیچھے ہٹنا بھی کامیابی ہوتی ہے، عقل اور سمجھداری کا یہ تقاضا ہے کہ انسان وقت پر درست فیصلہ لے لے، اگراس نے وقت پر درست فیصلہ نہ لیا توانہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ایسی ہی سمجھداری کا ثبوت حسین بوہرا نے دیا ہے۔ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے حسین بوہرا کے بی سی کے 13 ویں سیزن میں 14 سوالات کے صحیح جوابات دے کر پچاس لاکھ کی رقم جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ایک کروڑ کے سوال پر انہوں نے کوئی خطرہ مول نہیں لیا اور سمجھداری کا ثبوت دیتے ہوئے کھیل چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔حُسین کو اپنے فیصلہ پر افسوس نہیں کرنا پڑا۔

اگر انہوں نے جوکھم اُٹھایا ہوتا تو پچاس لاکھ کو تین لاکھ بیس ہزار بننے میں ایک لمحہ نہیں لگتا کیونکہ جو جواب وہ سوچ رہے تھے وہ غلط تھا۔چونکہ پندرویں سوال نے انہیں شش و پنج میں ڈال دیا تھا اور یہاں تک پہنچتے پہنچتے اُن کی چاروں لائف لائن ختم ہو چکی تھیں تو وہ کسی کی مدد بھی نہیں لے سکتے تھے۔

سوال تھا"آٹھ ہزاری چوٹیوں میں سے کس چوٹی کی اونچائی سب سے کم ہے۔لیکن اُسے سب سے بعد میں کامیابی سے سر کیا گیا؟"جس کا جواب تھا شش پنگما' اِس چوٹی نے حُسین کو کروڑ پتی نہیں بننے دیا۔

ہرسیکنڈ کی قیمت

"کون بنے گا کروڑ پتی" میں امیتابھ بچن کے fastest finger triple test میں حُسین ووہرا نے سب سے کم وقت میں صحیح جواب دیا۔اُن کے نہ صرف تینوں سوالات کے جواب درست تھے بلکہ دو سوالات کے جوابات انہوں نے بہت ہی کم وقت میں دیئے تھے۔5.49 سیکنڈ کا وقت نکال کر وہ امیتابھ بچن کے سامنے ہوٹ سیٹ تک پہنچنے میں کامیاب رہے تھے۔

جہاں اُنہیں اپنی ذہانت کا خود ہی امتحان لینا تھا۔حُسین نے مارکیٹنگ میں بی بی اے کیا ہےاور اپنے والد کے ساتھ مل کر بزنس سنبھالتے ہیں۔آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ جی کے اچھا ہونے کے سبب وہ پچاس لاکھ تک پہنچ سکے اور جہاں اٹکے وہاں لائف لائن اُن کی مدد کے لیے موجود تھیں۔

حُسین کہتے ہیں کہ گزشہ پندرہ سال سے اخبار پڑھنے کی عادت نے کے بی سی کے سوالات کے جوابات دینے میں اُن کی بہت مدد کی۔حالانکہ اُن کا ہدف تین لاکھ بیس ہزار یا پھر چھ لاکھ چالیس ہزار تھا۔لیکن جیتے پورے پچاس لاکھ۔ کون بنے گا کروڑ پتی 3جولائی 2000سے اسٹار پلس پر شروع ہونے والے

awazurdu

کون بنے گا کروڑ پتی

پروگرام نے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی ہوئی ہے۔2000سے لےکر اب تک یہ پروگرام سیکڑوں افراد کی قسمت بدل چکا ہے۔اِسی فہرست میں ایک نام حُسین ووہرا کا بھی شامل ہو گیا ہے۔23 اگست 2021 سے کے بی سی کا 13واں سیزن سونی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔

اسی سیزن کے 36 اور 37 ویں ایپی سوڈ میں حُسین نے اپنی ذہانت کا مظاہرہ کیا۔12 اکتوبر کا ایپی سوڈ درگا پوجا اسپیشل پروگرام تھا۔حُسین نے کھیل کو بہت سمجھداری سے کھیلا اور دھیرے دھیرے ایک ایک پڑاؤ پار کرتے گئے۔جہاں کوئی مشکل محسوس ہوئی وہاں فوراً لائف لائن کا استعمال کیا۔

awazurdu

لائف لائن

25لاکھ کی رقم جیتنے تک حُسین کے اکاؤنٹ میں صرف ایک لائف لائن باقی تھی۔جو ایک اور سوال کے جواب میں مدد کر سکتی تھی۔14 واں سوال تھا"دنیا میں سب سے بڑا اور بھاری دماغ کس جانور کا ہوتا ہے؟کافی غور کرنے پر بھی وہ اپنے جواب سے پوری طرح مطمئن نہیں تھے اِس لیے حُسین نے آخری لائف لائن آسک دی ایکسپرٹ کا سہارا لیا۔

ایکسپرٹ انوجا چوہان نے اُن کی مدد کی اور حُسین نصف کروڑ تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔سپرم ویل جواب کے بعد اگلے سوال نے پھر اُنہیں مشکل میں ڈال دیا لیکن اب اُنہیں اپنی مدد آپ کرنا تھی۔

اگلےہی سوال نے کے بی سی کےاُن کے سفر کو تمام کیا۔حُسین کہتے ہیں کہ یہ رقم میری بہت سی ذمےداریاں پوری کرنے میں مدد گار ہوگی۔حُسین کے بی سی پروگرام میں اپنی پرفارمنس سے خوش بھی ہیں اور مطمئن بھی۔