بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر میں شمولیت۔ احمد فراز بنے فخر پورنیہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2021
جوہری سائنسداں احمد فراز،ملک کو ایٹمی بجلی میں خودکفیل بنانا چاہتے ہیں
جوہری سائنسداں احمد فراز،ملک کو ایٹمی بجلی میں خودکفیل بنانا چاہتے ہیں

 

 

سلطانہ پروین۔ پورنیہ

احمد فراز حسن، مادھوپاڑا سجاد کالونی، پورنیا کے رہنے والے ایک نوجوان سائنسداں ہیں۔وہ بجلی کی پیداوار کو کوئلے سے نیوکلیئر پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو اپنا آئیڈیل ماننے والے احمد فراز حسن، جوہری شعبے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

ابتدائی تعلیم

شہر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ احمد فراز نے بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر میں سائنٹیفک آفیسر بن کر 251 سالہ ضلع پورنیہ کا سربلند کیا ہے۔ احمد فراز اس ضلع سے بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹرتک پہنچنےوالے اولین شخص ہیں۔ احمد فراز، نے اپنی ابتدائی تعلیم عرس لائن اسکول سے کی ہے۔انھوں نے میٹرک اور 12ویں کا امتحان ملیہ کانونٹ سے پاس کیاہے۔

حسن نے 2013 میں میٹرک اور 2015 میں بارہویں پاس کی۔ اس کے بعد جب انھوں نے بی ٹیک اڈمیشن کے لئے ٹیسٹ دیا تو انھیں چار جگہوں کے لیے منتخب کیا گیا۔ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، آر وی کالج بنگلور، میرین انجینئرنگ اور جادو پوریونیورسٹی کولکتہ کے لئے منتخب ہوئے۔

احمد فراز حسن نے یادو پور یونیورسٹی ، کولکاتہ کاداخلے کے لئے انتخاب کیا اور وہاں سے 2019 میں کیمیکل انجینئرنگ اسٹریم میں بی ٹیک مکمل کیا۔ بی ٹیک کے تیسرے سال میں انہیں کیمپس سلیکشن کے دوران ملازمت مل گئی۔

انھوں نے ایک سال کام بھی کیا لیکن اسے کچھ اور کرنا تھا۔ نومبر 2020 میں جب بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر کا امتحان ہو رہا تھا، احمد فراز حسن بھی اس میں شامل ہوئے۔ امتحان پاس کرنے کے بعد انھیں انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔ احمد فراز کہتے ہیں کہ انٹرویو کا حصہ سب سے اہم ہے۔ تقریباً ایک گھنٹہ پندرہ منٹ کے انٹرویو کے بعد انہیں سائنٹفک آفیسر کے طور پر منتخب کیا گیا اور پھر بی اے آر سی کے ہی ٹریننگ اسکول بھیج دیا گیا۔

اس بار ٹریننگ آٹھ ماہ کی تھی ورنہ عموماً ایک سال کی ٹریننگ ہوتی ہے جس کے بعد میرٹ لسٹ جاری کر کے انہیں سائنٹیفک آفیسر کے طور پر تقرری کے لیٹر دیے گئے۔ احمد فراز حسن نے 1 نومبر 2021 کو ممبئی کے بھابھا اٹامک ریسرچ سنٹر میں بطور سائنٹیفک آفیسر کام شروع کیا ہے۔

باپ کی خواہش تھی کہ بیٹا ڈاکٹر بنے

احمد فراز حسن کے والد کا نام ڈاکٹر اظفر حسین اور والدہ کا نام ڈاکٹر گل رخ ریحان ہے۔ والد ریٹائرڈ لیبر انفورسمنٹ آفیسر ہیں۔ والد کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے تھے کہ فراز ڈاکٹر بنے۔ شروع میں بائیولوجی پڑھنے کو بھی کہا لیکن اس کا جھکاؤ ریاضی کی طرف تھا۔ جب اس نے دیکھا کہ وہ ریاضی پڑھنا چاہتا ہے تو اس میں اس کا حوصلہ بڑھایا۔ جس کا نتیجہ اچھا نکلا اور آج وہ ایٹمی سائنسدان ہے۔

والدہ ڈاکٹر گل رخ ریحان کا کہنا ہے کہ احمد فراز تحقیق میں زیادہ دلچسپی رکھتاہے۔ جب وہ اپنا پہلا کام کر رہا تھا تو اس نے دو تین ماہ میں اچھے نتائج دیئے۔ اس کے افسروں نے پوچھا کہ کیا کرناچاہتے ہو؟ تواس نے کہا کہ میں تحقیق کرنا چاہتا ہوں۔ اس کے بعد اسے جے پور بھیج دیا گیا۔ اب وہ اپنی پسندیدہ جگہ پر ہے۔ جہاں اس کے سامنے تحقیق کے لیے پورا آسمان کھلا ہے۔

awazurdu

 

ضلع کی قدر میں اضافہ

پورنیا کے سماجی کارکن وجے شریواستو کا کہنا ہے کہ یہ 251 سال پرانے ضلع پورنیہ کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم میں سے ایک لڑکا بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر میں سائنس افسر بن گیا ہے۔ احمد فراز حسن نے اتنے پرانے ضلع کو رونق بخشی ہے۔ بی جے پی آرٹ کلچر سیل کے ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر، ٹیچر لیڈر اور علاقائی انچارج سنجے کمار مشرا کا کہنا ہے کہ احمد فراز حسن نے ہمارے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں اس پر فخر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 1974 میں کھگڑیا ضلع میں ان کے آبائی گاؤں سرنیا کے ایک شخص کو بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر میں منتخب کیا گیا تھا۔ اس وقت پورے گاؤں نے جشن منایاتھا۔ احمد فراز نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وہ مستقبل میں بہت آگے جائے گا۔

ملک میں جوہری شعبے کو ترقی دینامقصد

احمد فراز حسن کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں جوہری شعبے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں کوئلے کی مسلسل قلت ہے۔ جس کی وجہ سے بجلی کا بحران پیدا ہونے والا ہے۔ اب ایٹمی توانائی کا مستقبل آنے والا ہے۔ آنے والے دنوں میں ایٹمی توانائی ایک بڑی توانائی بن جائے گی۔ اس شعبے میں کام کر کے ملک کو آگے لے جانا چاہتا ہوں۔