جبل پور حادثہ: رمضان بنا ڈوبتے سیاحوں کے لیے فرشتہ ، ڈیم میں کود کر چار جانیں بچائیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-05-2026
جبل پور حادثہ: رمضان بنا ڈوبتے سیاحوں کے لیے فرشتہ
جبل پور حادثہ: رمضان بنا ڈوبتے سیاحوں کے لیے فرشتہ

 



جبل پور: مدھیہ پردیش کے شہر جبلپور میں برگی ڈیم حادثے میں اب تک نو افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ راحت اور بچاؤ کا عمل جاری ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے ایک مزدور نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ امدادی ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی پل کی تعمیر میں مصروف رمضان  نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کئی لوگوں کی زندگیاں بچائیں اور نہایت بہادری کے ساتھ یہ کام انجام دیا۔

درحقیقت برگی ڈیم کے قریب جہاں یہ حادثہ پیش آیا وہاں کچھ ہی فاصلے پر پل کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ مزدوروں نے کروز کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو ایک مزدور بغیر کسی وسائل کے لوگوں کو بچانے کے لیے فوراً پانی میں کود گیا اور امدادی کام شروع کر دیا۔

مغربی بنگال کے رہنے والے رمضان نے بتایا کہ اس نے اپنی آنکھوں سے کروز کو ڈوبتے دیکھا۔ اس نے فوراً ایک رسی لی اور تقریباً پچیس فٹ کی اونچائی سے ڈیم میں چھلانگ لگا دی۔ اس نے چھ افراد کو باہر نکالا جن میں سے چار محفوظ رہے جبکہ دو جانبر نہ ہو سکے۔

مد ھیہ پردیش کے وزیراعلی نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد اس بات کا اعلان کیا کہ جن جن لوگوں نے ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے کی کوشش کی ہے انہیں کی 51 ہزار روپے فی کس انعام دیا جائے گا

وہیں موقع پر موجود بندر کمار یادو نے بتایا کہ وہ مغربی چمپارن کے رہنے والے ہیں اور وہاں تقریباً پینتیس مزدور کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کروز کو بے قابو ہوتے دیکھ کر پائلٹ کو روکنے کی آواز دی اور ساتھیوں سے رسی لانے کو کہا لیکن پائلٹ نے بات نہیں مانی اور آگے بڑھ گیا جس کے بعد کروز ڈوب گیا۔ اس کے بعد کئی مزدور ساتھی مدد کے لیے پانی میں اتر گئے۔

بہار کے راج کمار اور گورکھپور کے شیوناتھ نے بتایا کہ وہ کروز تک پہنچتے اس سے پہلے ہی وہ ڈوب چکا تھا۔ کچھ مسافر پہلے ہی پانی میں گر چکے تھے جنہیں مزدوروں نے مل کر باہر نکالا۔

 مرکزی حکومت کی جل جیون مشن کے تحت ایک منصوبے پر کام کرتے ہوئے مزدور اس مقام سے کچھ ہی فاصلے پر موجود تھے جہاں کروز بوٹ ڈوبی۔ انہوں نے لمحوں میں ردعمل دیا اور فوری طور پر ایک عارضی ریسکیو ٹیم تشکیل دے دی۔

صرف رسیوں کے سہارے ان مزدوروں نے غیر معمولی ہمت اور انسانی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز لہروں میں چھلانگ لگا دی اور حادثے کے ابتدائی نہایت اہم لمحات میں تقریباً ایک درجن مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب رہے جیسا کہ مقامی لوگوں نے بیان کیا۔

ان بے لوث بہادروں میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا بائیس سالہ رمضان بھی شامل تھا جس کی جرات مندانہ چھلانگ ریسکیو کے سب سے نمایاں مناظر میں شمار ہوئی۔ اس نے اپنے جسم کے ساتھ رسی باندھی اور تقریباً پچیس فٹ اونچی چٹان سے چھلانگ لگا کر طوفانی پانی میں تیرتے ہوئے مشکل میں پھنسے مسافروں تک پہنچا۔

 رمضان نے کہا کہ میں نے کشتی کو ڈوبتے دیکھا اور ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا رمضان نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا میں نے فوراً رسی اٹھائی اور پانی میں کود گیاوہ چھ افراد کو باہر نکالنے میں کامیاب رہا جن میں سے چار زندہ بچ گئے جبکہ دو کو بچایا نہ جا سکا

یہ حادثہ جمعرات کے روز پیش آیا جب تیز آندھی اور طوفان کے باعث کروز ڈیم میں ڈوب گیا۔ اس واقعے میں پچیس افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ نو افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔