مہتاب حسین۔ فٹ بال کا ہیرو سماجی ہم آہنگی کی علا مت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2025
 مہتاب حسین۔ فٹ بال کا ہیرو  سماجی ہم آہنگی کی علا مت
مہتاب حسین۔ فٹ بال کا ہیرو سماجی ہم آہنگی کی علا مت

 



 شانتی پریہ رائے چودھری / کولکاتہ

ملک کے مشہور فٹ بال کھلاڑی مہتاب حسین اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ کھیل انسانوں کو ذات، مذہب یا نسل کی دیواروں سے بالاتر کر کے جوڑ سکتا ہے۔ وہ صرف کولکاتہ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے کھیل کے حلقوں میں مذہبی ہم آہنگی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔اگر آپ مہتاب حسین کے دھاکوریا والے فلیٹ میں جائیں تو ایک خاتون کو دیوی لکشمی کے سامنے  پوجا کرتے دیکھیں گے۔ جی ہاں، وہ مہتاب حسین کی اہلیہ مومیتا پورکایستھا ہیں، شادی کے بعد وہ مومیتا حسین کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں۔ حسین کے گھر کی دیواروں پر ایک طرف دیوی لکشمی کی تصاویر لگی ہیں تو دوسری طرف مکہ اور مدینہ کی تصویریں۔ گھر میں لکشمی پوجا کے منتر اور روزانہ پانچ وقت کی نماز کی اذان کی آواز ایک دوسرے میں گھل مل کر ایک خوبصورت ہم آہنگی پیدا کرتی ہے۔

 مہتاب اور مومیتا بن گئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت


مہتاب اور مومیتا کی ملاقات چند سال پہلے ہوئی تھی، جب مہتاب درگاپورسے کلکتہ فٹبال کھیلنے کے لیے ٹرین سے آتے تھے اور مومیتا کلکتہ کے ایک کوچنگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہی تھیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات ٹرین میں ہوئی، پھر دوستی اور آخرکار محبت شادی میں بدل گئی۔ پہلے وہ باروپور علاقے میں رہتے تھے اور اب دھاکوریا میں مقیم ہیں۔

مہتاب حسین کہتے ہیں، ہماری شادی نے مجھے بہت بدلا۔ ہم دونوں کے عقائد الگ ہیں، مگر ہم ایک دوسرے کے مذہب کی پوری عزت کرتے ہیں۔ میں گھر میں گوشت (بیف) نہیں کھاتا کیونکہ اس سے مومیتا کے جذبات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ ہم اپنے گھر میں عید بھی مناتے ہیں اور درگا پوجا بھی۔ان کے گھر میں ہر سال درگا پوجا منائی جاتی ہے، جو اب مقامی لوگوں کے درمیان چرچا کا موضوع بن چکی ہے۔ مغربی بنگال جیسے صوبے میں جہاں سیاست میں مذہبی تقسیم بڑھتی جا رہی ہے، مہتاب حسین کا خاندان مذہبی ہم آہنگی کی ایک مضبوط مثال ہے۔

مہتاب کہتے ہیں، "ہم دونوں اپنے اپنے مذہب پر قائم ہیں، مگر ایک دوسرے کے عقائد کی پوری عزت کرتے ہیں۔" مومیتا اپنی مانگ میں سندور بھرتی ہیں، جس پر مہتاب نے کبھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔

5 ستمبر 1985 کو پیدا ہونے والے مہتاب حسین نے اپنے شاندار کیریئر میں موہن بگان اور ایسٹ بنگال جیسے بڑے کلبوں کے لیے کھیلا۔ وہ دس سال تک ایسٹ بنگال سے وابستہ رہے اور تین بار فیڈریشن کپ جیتا۔ انہوں نے ہندوستان کی قومی فٹبال ٹیم کی جانب سے 31میچ کھیلے۔ 2019 میں مہتاب نے کوچنگ کا آغاز کیا اور کلکتہ پریمیئر ڈویژن میں منیجر کے طور پر کام کیا۔ 21 جولائی 2020 کو وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوئے اور پارٹی کے صدر دلیپ گھوش سے پرچم حاصل کیا، لیکن صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہی انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔