دولت رحمان / گوہاٹی
جب پاکستان کی سرپرستی میں بھارت میں ہونے والی دہشت گردی نے عالمی توجہ حاصل کی ہے، ایسے وقت میں گوہاٹی کے ایک اسکول ٹیچر شیخ محمد صباح الاحمد نے اسی مسئلے کو ایک مختلف انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی نظم "In the Valley of Red" (وادیِ سرخ میں) — جو کشمیری نوجوانوں کی ہلاکتوں کا ذکر کرتی ہے — کو پینگوئن بُک آف پوئمز آن دی انڈین سٹی میں شامل کیا گیا ہے۔غالب کی دہلی، نسیم ازکیل کے بمبئی، آغا شاہد علی کے سری نگر، اور کمالا داس کے کلکتہ سے لے کر سروجنی نائیڈو کے حیدرآباد، اروندھتی سبرا منیم کے مدراس، اور کائین فام سنگ نونگکنریہ کے شیلانگ تک — یہ شعری مجموعہ قارئین کو بھارت کے 37 شہروں کے ایک شاندار اور تخیلاتی سفر پر لے جاتا ہے۔اس مجموعے میں تقریباً 300 نظمیں شامل ہیں، جن میں کچھ انگریزی میں لکھی گئی ہیں اور کچھ کو 25 علاقائی زبانوں سے ترجمہ کیا گیا ہے۔ یہ مجموعہ بھارت کے شہری مناظر کا ایک گہرا، غنائیاتی مطالعہ پیش کرتا ہے۔
Awaz - The Voice سے گفتگو کرتے ہوئے صباح احمد نے بتایا کہ ان کی نظم "In the Valley of Red" ان کشمیری نوجوانوں کی حالت اور ستم ظریفی کو بیان کرتی ہے جو برین واشنگ کے ذریعے سرحد پار لے جائے جاتے ہیں تاکہ دہشت گرد بنیں۔ وہی نوجوان ایک دن اپنے ہی لوگوں کو قتل کرنے کے لیے واپس آتے ہیں، اور آخرکار مختلف جھڑپوں میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نظم کے ذریعے میں ان والدین کے جذبات کو قید کرنے کی کوشش کرتا ہوں جو دن رات اس امید میں جیتے ہیں کہ ان کے بیٹے ایک دن واپس لوٹ آئیں گے۔ لیکن آخرکار انہیں ان کے مردہ جسم ہی وصول ہوتے ہیں۔ میری نظم یہ دکھانے کی کوشش کرتی ہے کہ پاکستان نے کس طرح جنت نظیر وادی کشمیر کو برباد کر دیا ہے۔
پینگوئن بُک آف پوئمز سے قبل صباح احمد کی یہی نظم 2021 میں شائع شدہ مجموعے WITNESS: The Red River Book of Poetry of Dissent میں شائع ہوئی تھی، جس میں ہندوستانی شاعروں کی طرف سے "حاشیوں پر موجود اختلاف کی شاعری" کو جگہ دی گئی تھی۔ اس مجموعے کی تدوین نابینا داس نے کی تھی۔ بعد ازاں یہ نظم 28 فروری 2022 کو لندن میں شائع ہونے والے Joao-Roque Literary Journal میں بھی شائع ہوئی، جس کی مدیر برٹش ایشیائی مصنفہ سلمیٰ کاروالہو تھیں۔
پینگوئن بُک آف پوئمز آن دی انڈین سٹی میں صباح احمد کی ایک اور نظم "Guwahati Diaries" بھی شامل کی گئی ہے، جو کووڈ-19 وبا کے دوران گوہاٹی کی صورتِ حال کو بیان کرتی ہے۔اس شعری مجموعے کے مدیر بلال معین ہیں جو آکسفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ ہیں اور یہ کتاب 30 مئی 2025 کو منظرِ عام پر آئے گی۔صباح احمد، 50سالہ استاد، گوہاٹی کے معروف ادارے ڈان باسکو اسکول، پان بازار میں سوشیالوجی پڑھاتے ہیں اور اپنے طلبہ، والدین، اور ساتھیوں میں بے حد مقبول ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ۔۔ میں نے 1988 یا 1989 میں، جب میں آٹھویں یا نویں جماعت میں تھا، چند اشعار لکھے تھے۔ تب مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں چودہ سال کا لڑکا ہوں جو اپنے جذبات کاغذ پر اتار رہا ہے۔ پھر یہ ایک لمبا سفر بن گیا۔ 2019 میں مجھے شمال مشرق کے بہترین ابھرتے شاعر کے طور پر Reuel International Prize for Poetry سے نوازا گیا۔ میری نظموں کا اطالوی ترجمہ نیپلز، اٹلی کے شاعر جیورجیو موئیو نے کیا، اور منیپوری زبان میں لائشرم میمو سنگھ جیسے بزرگ نقاد نے ترجمہ کیا۔صباح احمد کشمیر کی موجودہ صورت حال سے بے حد مایوس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں دہائیوں بعد حالات بہتر ہو رہے تھے، مگر پہلگام حملے نے سب کچھ برباد کر دیا۔ لیکن میں اب بھی پر امید ہوں کہ کشمیر میں بہتر دن آئیں گے۔ اگر میری نظم کشمیری نوجوانوں کے دلوں کو چھو جائے اور وہ سرحد پار سے دکھائے گئے غلط راستے کو چھوڑ دیں، تو وہ میری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہوگا۔