گوہاٹی : رفتار کی جان، ڈرائیور مسلمان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2025
گوہاٹی : رفتار کی جان، ڈرائیور مسلمان
گوہاٹی : رفتار کی جان، ڈرائیور مسلمان

 



ڈاکٹر ریشما رحمان

جب مسلم ڈرائیور نہیں ہوتے، تو گوہاٹی کی رفتار تھم جاتی ہے۔ یہ جملہ شاید مبالغہ لگے، لیکن گوہاٹی کی سڑکوں پر دن رات دوڑتی گاڑیاں اور ان کے پیچھے بیٹھے محنت کش لوگ اس سچائی کی گواہی دیتے ہیں۔

گوہاٹی، جو کہ آسام کا سب سے بڑا اور شمال مشرقی ہند کا تجارتی اور تعلیمی مرکز ہے، اپنی تیز رفتار زندگی کے لیے مشہور ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اس رفتار کو برقرار رکھنے والے وہ لوگ کون ہیں، جو ہر موسم اور ہر حالت میں آپ کو آپ کے منزل تک پہنچاتے ہیں؟

آٹھ سو سے زیادہ مسلم ڈرائیور: گوہاٹی کی دھڑکن

گوہاٹی میں تقریباً 8000 مسلم ڈرائیور روزانہ سڑکوں پر اُترتے ہیں – ٹیکسی، آٹو، بس، رپیدو، اوبر یا پرائیویٹ گاڑیاں چلاتے ہیں۔ یہ لوگ صرف ڈرائیور نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں۔ وہ طلباء کو اسکول پہنچاتے ہیں، ملازمین کو دفاتر، مریضوں کو اسپتال اور سیاحوں کو مندروں تک لے کر جاتے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر ڈرائیور آسام کے دیہاتوں، پہاڑی علاقوں اور سرحدی اضلاع سے آتے ہیں، جیسے بارپیتا، دھوبری، نگاؤ، گولپڑا اور کریم گنج۔ یہ نہ صرف روزگار کا ذریعہ ہے بلکہ خود انحصاری اور عزت سے جینے کا راستہ بھی ہے۔

awaz

ڈرائیور ہی مالک ہیں اور مالک ہی ڈرائیور

گوہاٹی کے ڈرائیور مفجزل حسین بتاتے ہیں کہ یہاں 75فیصد سے زائد ڈرائیور اپنی خود کی گاڑیاں چلاتے ہیں۔ یہ صرف پیشہ نہیں، بلکہ کاروبار ہے۔ کوئی اور مالک نہیں – ہم خود اپنے مستقبل کے معمار ہیں۔

یہاں ایک ڈرائیور کی اوسط آمدنی 40,000 سے 50,000 روپے ماہانہ ہوتی ہے، جو تہوار یا سیاحت کے دوران مزید بڑھ جاتی ہے۔ اگر کوئی شراب یا جوا کی لت سے بچا رہے تو یہ پیشہ مکانات، زمین اور بچوں کی اچھی تعلیم کے لیے بھی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

تعلیم نہیں، ہنر چاہیے

گوہاٹی میں ڈرائیونگ کے لیے کسی ڈگری کی ضرورت نہیں ہے۔ معمولی سرمایہ کاری میں لائسنس اور ٹریننگ سے کیریئر کی شروعات کی جا سکتی ہے۔ اس سے ان نوجوانوں کو راحت ملتی ہے جو کم پڑھے لکھے ہیں لیکن محنتی ہیں۔

ڈرائیوروں کا یہ طبقہ آسام کے روایتی کاروباروں – زراعت، مویشی پالنے اور دستکاری – سے نکل کر جدید شہر میں روزگار کی نئی تعریف بنا رہا ہے۔

گوہاٹی کا غیر رسمی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک

دہلی، ممبئی، چنئی جیسے شہروں میں جہاں میٹرو کی رفتار نے بسوں اور ٹیکسیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، وہیں گوہاٹی میں ابھی بھی ٹرانسپورٹ کا بنیادی ذریعہ – پرائیویٹ گاڑیوں کا نیٹ ورک ہے۔

شہر میں آج بھی لوگوں کی پہلی پسند ہے –اوبر اور رپیدو،آٹو اور ٹیکسی، کرائے کی گاڑیاں اور منی بس ہیں۔اس پورے نیٹ ورک کی قیادت مسلم ڈرائیوروں کے ہاتھوں میں ہے، جو شہر کے ہر کونے کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔

awa

تہواروں پر رفتار رک جاتی ہے

عید، رمضان اور دیگر مسلم تہواروں کے دوران گوہاٹی کی رفتار اچانک سست پڑ جاتی ہے۔ لوگ کیب بک کرتے ہیں، لیکن ڈرائیور نہیں ملتے۔ گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں اور مسافروں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ یہ صورتحال اس سماجی حقیقت کو اجاگر کرتی ہے جسے ہم اکثر نظرانداز کرتے ہیں – کہ گوہاٹی کا ٹرانسپورٹ سسٹم مسلم ڈرائیوروں کے بغیر ادھورا ہے۔

ڈرائیور ایسوسی ایشن

شہر کے مختلف حصوں میں ڈرائیور ایسوسی ایشن فعال ہیں – بیلٹولا، پلٹن بازار، نارنجی جیسے علاقوں میں ان کے دفاتر ہیں، جو ڈرائیوروں کے حقوق، حفاظت اور ضروریات کے بارے میں کام کرتے ہیں۔ حادثات، پولیس انتظامیہ سے الجھاؤ یا آپسی تنازعات – ہر مسئلے پر ایسوسی ایشن کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔

دیگر ریاستوں کے ڈرائیور بھی گوہاٹی میں کیریئر بناتے ہیں۔اگرچہ 95فیصد ڈرائیور آسام کے ہیں، لیکن بہار اور دیگر ہندی بولنے والی ریاستوں کے کچھ ڈرائیور ٹورزم سیکٹر سے جڑے ہیں۔ یہ لوگ خاص طور پر ماں کاماکھیا مندر کے درشن کے لیے آنے والے سیاحوں کو   خدمات فراہم کرتے ہیں، جو ملک اور دنیا بھر سے آتے ہیں۔ ان کی ہندی بولنے کی مہارت انہیں اس شعبے میں بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

awaz

 کردار اہم ہے

گوہاٹی کے مسلم ڈرائیوروں کی کہانی صرف روزگار کی نہیں، بلکہ ایک ذمہ دار شہری کے کردار ادا کرنے کی کہانی ہے۔ وہ معاشرے کو جوڑنے والے، رفتار کو برقرار رکھنے والے اور زندگی کو آسان بنانے والے ہیں۔ آج جب ملک میں بار بار مذہب کے نام پر سماجی تقسیم کی جا رہی ہے، یہ کہانی یاد دلاتی ہے کہ – معاشرے کی گاڑی چلانے کے لیے ہر انسان کا کردار ضروری ہے – چاہے وہ کسی بھی مذہب یا ذات کا ہو۔