بہار سے یوگانڈاتک اربازاور جابرانصاری کی دھوم

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-11-2021
بہار سے یوگانڈاتک اربازاور جابرانصاری کی دھوم
بہار سے یوگانڈاتک اربازاور جابرانصاری کی دھوم

 

 

سراج انور/پٹنہ

بہار کے دومسلمان لڑکے کھیلوں کی دنیا میں زبردست جوہر دکھا رہے ہیں، اپنی ریاست ہی نہیں بیرون ملک بھی چھائے ہوئے ہیں، گولڈ میڈل پر قبضہ کیا، دونوں لڑکے انٹرنیشنل لیول کے کھلاڑی ہیں اور ملک و بیرون ملک میں دھوم مچا رہے ہیں۔ پورے بہار کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ارباز انصاری نے حال ہی میں ختم ہونے والے یوگانڈا پیرا بیڈمنٹن بین الاقوامی مقابلے 2021 میں ہندوستان کو ایک بڑی کامیابی دلائی ہے۔

جیت پرجشن

ارباز انصاری نے ملک کے لیے طلائی تمغہ جیت کر بہار کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ارباز انصاری، جو بہار کے سہرسہ کے رہنے والے ہیں نے گولڈ میڈل جیت کر نہ صرف اپنا بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا ہے۔میڈل جیتنے کی خبر سہرسہ پہنچتے ہی لوگوں نے جشن منانا شروع کر دیا۔ارباز کو ہر طرف سے مبارکبادیں ملنے لگی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے یوگانڈا پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل مقابلے کا ایونٹ 15 سے 21 نومبر تک چلا۔ ارباز نے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ڈبلز میچ جیت لیا۔ محمدنثار کے بیٹے ارباز اس مقابلے میں ملک کی نمائندگی کر رہے تھے، وہ کئی سالوں سے انٹرنیشنل پیرا بیڈمنٹن مقابلے کھیل رہے ہیں۔ ضلع کا نام روشن کرنے پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے انہیں اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔

بین الاقوامی مقبولیت

ارباز کے رشتہ دار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ کوسی جیسے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والا ارباز بین الاقوامی اسٹیج پر مسلسل اپنے جوہر کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ارباز انصاری نے رواں سال اپریل میں دبئی میں منعقدہ تیسرے بین الاقوامی پیرا بیڈمنٹن مقابلے میں بھارت کی جانب سے کھیلتے ہوئے ڈبلز ایونٹ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ان کی کامیابی پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نے اسپورٹس آفس کے کمرے میں انہیں اعزاز سے نوازا۔

احمد علی انصاری نے ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتنے والے اس نوجوان ہونہار کھلاڑی کو شال پہنا کر اعزاز سے نوازا، انہوں نے کہا کہ ارباز نے جو کیا ہے وہ بہت بڑی کامیابی ہے، کھیل میں اپنا پرچم لہرائیں گے۔ شریاسی سنگھ نے مبارکباد دی۔۔۔۔۔ انٹرنیشنل شوٹر شریاسی سنگھ نے ارباز انصاری کو یوگانڈا میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا کہ بہار میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، یہاں کے لوگ کھیل کے میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ شریاسی سنگھ جموئی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایم ایل اے ہیں، وہ بہار میں کھیلوں کو فروغ دینے کی مسلسل کوشش کر رہی ہیں۔

awazurdu

جابر انصاری نےدکھایاجوہر

جابر انصاری بہار سے کراٹے کی دنیا کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے۔ان کی مسلسل کامیابی نے بہار کے لوگوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔جابر نے پٹنہ میں منعقدہ بہار اسٹیٹ کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔اس مقابلے میں 150کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔جابر نے کامیابی حاصل کی۔ سینئر کیٹیگری میں یہ کامیابی حاصل کرکے قومی سطح کی چیمپئن شپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ جابر کئی بار اسٹیٹ کراٹے چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں، کئی قومی اور بین الاقوامی چیمپئن شپ میں حصہ لے چکے ہیں۔ کم عمری میں ریاست کے ایک چھوٹے سے علاقے جموئی ضلع کے جھاجھا کے اس لعل نے تمغوں کے انبار لگا دیے۔

awazurdu

چار مرتبہ ملک کی نمائندگی

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر پٹنہ میں منعقدہ راجیو گاندھی میموریل کراٹے چمپئن شپ میں جابر نے اپنا جوہر دکھاکے، چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔اس نے اپنی کیٹیگری (- 75 کلوگرام زمرہ) میں 5 بار بہار اسٹیٹ چیمپئن کا خطاب جیتا قومی سطح پر 5 مرتبہ۔لیکن انھوں نے ریاست کی نمائندگی کی ہے۔انھوں نے 2017 اور 2018 میں دو بار ریاست کے لیے تمغہ جیتا تھا۔

اس کے علاوہ جابر نے چار بار ملک کی نمائندگی کی۔2017 کے جنوبی ایشیائی کراٹے مقابلے میں اپنے ملک کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ سری لنکا میں منعقدہ میچ جیتا۔ جابرنے2018 میں چین، تھائی لینڈ اور 2019 میں ترکی میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔ انڈونیشیا میں منعقدہ ایشین گیمز میں 2018 میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، ہندوستان کے ممکنہ کراٹے کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہوئے۔

والدین کی دعاؤں کا اثر

جابر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس کامیابی کے پیچھے والدین کی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ میں اپنے کوچ پنکج کامبلی کا بھی شکر گزار ہوں کہ ان کی نگرانی میں میں مقصد کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہوں۔جابر کے والد امتیاز انصاری جھاجھا کے میں اسکول ٹیچرہیں۔