زوبین کے بغیر آیا پہلا بوہاگ: خاموشی،خالی پن اور اداسی دے گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2026
زوبین کے بغیر آیا  پہلا بوہاگ: خاموشی،خالی پن اور اداسی  دے گیا
زوبین کے بغیر آیا پہلا بوہاگ: خاموشی،خالی پن اور اداسی دے گیا

 



نیکنجا ناتھ

بہار ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔ پھول کھل چکے ہیں کوئلیں خوشی میں گا رہی ہیں نرم ہوا کھیتوں سے گزر رہی ہے اور دور کہیں سے ڈھول اور پیپا کی آوازیں آسام کی فضا میں گونج رہی ہیں۔ فطرت ہمیشہ کی طرح اپنا وعدہ نبھا رہی ہے۔ یہ آسام کے سب سے بڑے تہوار بوہاگ یا بیساکھ بیہو کا وقت ہے جسے رونگالی بیہو بھی کہا جاتا ہے۔

لیکن اس بار کچھ کمی ہے۔ فضا بوجھل محسوس ہوتی ہے رنگ پھیکے لگتے ہیں اور وہ ہنسی جو کبھی آسام بھر میں بے ساختہ گونجتی تھی اب جیسے ٹھہر گئی ہے۔ بوہاگ تو آ گیا ہے لیکن ویسا نہیں جیسا ہم یاد کرتے ہیں اور نہ ویسا جیسا ہم محسوس کرتے تھے۔کیونکہ پہلی بار بوہاگ آسام کے محبوب فنکار اور نوجوان نسل کے دل کی دھڑکن زوبین گارگ کے بغیر آیا ہے اور آسام کو سمجھ نہیں آ رہا کہ اس کے بغیر جشن کیسے منایا جائے۔

آسام کا ہر فرد اب تک اس کڑی حقیقت کو قبول نہیں کر پا رہا۔ ہر لمحہ پورا آسام اس عظیم فنکار کی کمی محسوس کر رہا ہے جسے ہم نے گزشتہ سال انیس ستمبر کو کھو دیا۔ زوبین کے بغیر بیہو نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ ناقابل تصور بھی ہے۔ آسام اس بار کیا منائے گا۔ اس شخصیت کے بغیر جس نے آسام اور آسامیہ لوگوں سے اپنی جان سے زیادہ محبت کی اور جس کی آواز ہر رات بیہو کے پنڈالوں کو زندہ کر دیتی تھی بیہو واقعی خالی خاموش اور منجمد محسوس ہوتا ہے۔ زوبین کے بغیر بیہو منانا ایک اذیت سے کم نہیں۔زوبین گارگ صرف ایک فنکار نہیں تھے بلکہ ایک ادارہ تھے۔ آسام کی فن اور ثقافت کی وسیع دنیا ان کے بغیر ادھوری ہے۔

ایک وقت تھا جب بیہو کی راتیں بجلی کی طرح چمکتی تھیں جب میدان انسانوں کے سمندر میں بدل جاتے تھے جو ایک آواز کے انتظار میں جھومتے اور سانس روکے کھڑے رہتے تھے۔ پھر وہ آتے۔ صرف گلوکار کے طور پر نہیں بلکہ ایک طوفان ایک آگ ایک مکمل جشن بن کر۔ ہر رونگالی بیہو اسٹیج پر ان کی موجودگی ایک جنون ہوتی تھی۔ لاکھوں مداح صرف ان کی ایک لائن سننے کے لیے رات بھر جاگتے تھے۔

زوبین بیہو کا حصہ نہیں تھے۔ وہ خود بیہو تھے۔ان کی آواز صرف مائیک تک محدود نہیں تھی بلکہ مٹی میں دریا میں پہاڑوں میں اور ہر آسامیہ دل میں بستی تھی۔ جب وہ گاتے تو رات جاگ اٹھتی وقت تھم جاتا اور نیند بھول جاتی۔اور اب خاموشی ہے۔اس سال بھی اسٹیج روشن ہوں گے روشنی جگمگائے گی رقاصہ جھومیں گی اور پیپا کی دھن رات کی فضا میں گونجے گی۔ ان کے گائے ہوئے گیت پھر سنائے جائیں گے لیکن ان کی آواز میں نہیں۔

اور یہی وہ خلا ہے جسے کوئی دھن نہیں بھر سکتی۔

بوہاگ کیسے منایا جائے جب وہ آواز خاموش ہو چکی ہو جو اس کی پہچان تھی۔ بہار کا استقبال کیسے کیا جائے جب اس کی روح خاموش ہو جائے۔ یہ صرف غم نہیں بلکہ ایک ناقابل یقین حقیقت ہے۔ان کی آواز کا وہ جوش جو بہار کی بارش میں گونجتا تھا اب نہیں ہوگا۔ وہ پیغام بھی نہیں سنائی دے گا جو وہ انسانیت کے لیے دیتے تھے کہ میرا کوئی مذہب نہیں میرا کوئی فرقہ نہیں میں آزاد ہوں۔ آسام کے ہر کونے میں پھیلائی گئی خوشی کو سب یاد کریں گے۔بہت سے لوگوں کے لیے یہ ماننا مشکل ہے کہ جس نے آسام کو گانا سکھایا وہ خود ایک یاد بن گیا ہے۔ وہ آواز جو ہمیں کئی راتوں تک ساتھ لے کر چلتی رہی اب صرف گونج بن کر رہ گئی ہے۔

موجودہ نسل کے لیے بیہو کا مطلب زوبین تھا اور اب ان کے بغیر یہ تہوار کسی سوگ سے کم نہیں۔ کئی بیہو کمیٹیوں نے اس بار سادگی سے جشن منانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس عظیم فنکار کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ کئی مقامات پر ان کی تصاویر اور بینرز کے ساتھ اسٹیج سجائے گئے ہیں۔ کچھ فنکاروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ بغیر معاوضہ کے صرف اپنی محبت کے ساتھ پرفارم کریں گے۔

کیونکہ ایسی چیز کے لیے پیسے کیسے لیے جائیں جو اب سوگ جیسی لگتی ہو۔اور پھر بھی کہیں نہ کہیں ان کے الفاظ ہوا میں سرگوشی کرتے ہیں کہ زندگی چلتی رہتی ہے دنیا کسی کا انتظار نہیں کرتی۔ان کے قریبی دوست پارتھا پرتیم گوسوامی نے کہا کہ زوبین ہمیشہ کہتے تھے کہ زندگی چلتی رہنی چاہیے اور ثقافتی پروگرام جاری رہنے چاہئیں۔ ہر شخص کا دکھ اس کا اپنا ہوتا ہے لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہوگا اور ان کے کام کو جاری رکھنا ہوگا۔ان کے ساتھی راجہ بروآہ نے کہا کہ مجھے اب بھی یقین نہیں آتا کہ وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن جب ہم اسٹیج پر جاتے ہیں تو ان کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ وہ واقعی ایک راک اسٹار تھے اور ہمیشہ کچھ نیا کرنے کا جذبہ رکھتے تھے۔

شاید زوبین کو اس دن کا اندازہ تھا اور انہوں نے ہمیں تیار کیا۔آج آسام درد اور یادوں کے درمیان کھڑا ہے آنکھوں میں آنسو ہیں مگر رگوں میں اب بھی دھن باقی ہے کیونکہ ان کی غیر موجودگی میں بھی وہ ہر جگہ ہیں۔ہر کانپتی دھن میں ہر بے چین رات میں اور ہر دل میں جو اب بھی ان کی آواز کا انتظار کرتا ہے۔یہ بوہاگ مختلف ہے یہ زیادہ خاموش ہے زیادہ تنہا ہے اور حد سے زیادہ ساکت ہے لیکن یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ایک شخص کس قدر گہرائی سے پوری سرزمین کو چھو سکتا ہے۔زوبین چلے گئے ہیں لیکن کھوئے نہیں ہیں۔

جب تک بوہاگ آتا رہے گا جب تک آسام سانس لیتا رہے گا جب تک کوئی گیت گانے کے لیے باقی ہوگا

وہ زندہ رہیں گے

ہمیشہ