باپ بناتے ہیں پنکچر، ماں سلتی ہے کپڑے، بیٹا احد احمد بن گیاجج

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2023
باپ بناتے ہیں پنکچر، ماں سلتی ہے کپڑے، بیٹا احد احمد بن گیاجج
باپ بناتے ہیں پنکچر، ماں سلتی ہے کپڑے، بیٹا احد احمد بن گیاجج

 

اونیکا مہیشوری، نئی دہلی

پریاگ راج میں ایک چھوٹے سے گھر میں رہتے ہوئے، ایک ماں نے اپنے بیٹے کو جج بنانے کے لیے فلم "گھر دوار" سے تحریک لی، حالانکہ اس کے شوہر پنکچر ٹھیک کرنے کا کام کرتے ہیں اور وہ خود ٹیلرنگ کا کام کرتی ہیں۔

  جی ہاں، پریاگ راج میں پنکچر بنانے والے کے بیٹے احد احمد نے پہلی ہی کوشش میں پی سی ایس جے کا امتحان پاس کر کے جھنڈا لہرایا ہے، اس نے یوپی پی سی،ایس جے میں 157 واں رینک حاصل کیا ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ احد احمد کی کامیابی پر پورے علاقے میں ہندو، مسلم اور دوسرے طبقوں کے لوگ پرجوش ہیں اور ان کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔

کبھی اپنے والد کے ساتھ پنکچر بنانے والے احد احمد نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ نہ صرف اہل خانہ بلکہ اردگرد کے لوگ بھی اس پر فخر کرتے ہیں۔ احد احمد نے پہلی کوشش میں یوپی پی سی ایس جے کو کلیئر کیا اور جج بن گئے۔

سنگم شہر پریاگ راج کے نواب گنج علاقے کے بارائی ہرکھ گاؤں میں سائیکل پنکچر کی چھوٹی سی دکان چلانے والے شہزاد احمد کے بیٹے احد احمد کی ان دنوں کافی چرچا ہے۔

awaz

احد کی کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ اس کے والد جنہوں نے سائیکل کے ٹائر ٹھیک کر کے خاندان کا گزر بسر کیا  اور اس کی والدہ نے کپڑے سلائی کر کے گھر چلایا۔

چند سال پہلے تک احد احمد اپنے والد کے ساتھ سائیکل ٹھیک کرتا تھا اور کبھی کبھی خواتین کے کپڑوں کی سلائی میں اپنی والدہ کی مدد کرتا تھا لیکن اب وہ جج بن گیا ہے۔ یوپی میں پی سی ایس جے کی بھرتی کا نتیجہ 30 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ احد احمد نے 157ویں پوزیشن حاصل کی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ احد نے یہ کامیابی اپنی پہلی ہی کوشش میں حاصل کی، وہ بھی بغیر کسی کوچنگ کے اور صرف اپنی پڑھائی پر بھروسہ کرتے ہوئے۔

احد احمد چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں اور ان سے بہت متاثر ہیں۔ احد احمد نے آٹھویں جماعت تک تعلیم گاؤں کے ہی اپر پرائمری اسکول سے مکمل کی۔ اس کے بعد وہ مزید تعلیم کے لیے پریاگ راج شہر چلے گئے جہاں انہوں نے 2012 میں گورنمنٹ انٹر کالج سے 12ویں کا امتحان پاس کیا۔

اس کے بعد انہوں نے الہ آباد سنٹرل یونیورسٹی سے بی اے اور یہیں سے ایل ایل بی کیا۔ اس کے بعد انہوں نے الہ آباد ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔ یہاں وہ اس وقت کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ سے بہت متاثر ہوئے اور کورونا کے دوران ہی انہوں نے پی سی ایس جے کی تیاری شروع کردی۔

دراصل، اسد کی کامیابی کے پیچھے فلم کی کہانی ہے۔ بیٹے احد کو پڑھا کر ایک کامیاب انسان بنانے کا خیال ان کی والدہ افسانہ کے ذہن میں فلم "گھر دوار" دیکھ کر آیا۔ فلم دیکھنے کے بعد، انہوں نے فیصلہ کیا کہ ان کے شوہر کی دکان خاندان کی کفالت کرے گی اور وہ اپنے بچوں کو خواتین کے کپڑے سلائی کرکے پڑھائیں گی۔

awaz

احد احمد چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے والدین نے نہ صرف احد احمد کو پڑھایا بلکہ اپنے دوسرے بچوں کو بھی پڑھایا۔ احد کا بڑا بھائی سافٹ ویئر انجینئر بن چکا ہے اور چھوٹا بھائی ایک نجی بینک میں برانچ منیجر ہے۔ حالیہ دنوں میں خاندان میں صرف خوشیاں ہی رہی ہیں۔

احد کے والدین نے بچوں کو نہ صرف غربت اورمشکل میں پالا بلکہ اسے ہمیشہ ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ محنت کرنے کی تلقین کی۔ احد کا خیال ہے کہ اب والد شہزاد احمد کو آرام کرنا چاہئے۔ تاہم، ایک جج بن جانے کے باوجود، احد کو والد کے کام میں مدد کرنے میں گریز نہیں۔