روزگارمیلہ:مسلم نوجوانوں کو روزگار سے جوڑرہی ہے یوگی سرکار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2023
روزگارمیلہ:مسلم نوجوانوں کو روزگار سے جوڑرہی ہے یوگی سرکار
روزگارمیلہ:مسلم نوجوانوں کو روزگار سے جوڑرہی ہے یوگی سرکار

 

 

لکھنو: لوک سبھا انتخابات سے پہلے حکومت مسلم نوجوانوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہیں جوڑنے کے لیے ریاستی حکومت نے روزگار میلوں کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔ اب تک بریلی، لکھنؤ، کانپور اور اعظم گڑھ میں میلوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ اس کے تحت اب تک تقریباً 4000 نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا چکا ہے۔ حکومت کے اس قدم کو یوپی میں اقلیتی ووٹروں کو جوڑنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ایک طرف جہاں مدارس کے بچوں کو کمپیوٹر، سائنس، ریاضی اور انگریزی جیسے مضامین سے جوڑا جا رہا ہے وہیں دوسری طرف اقلیتی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت تمام 18 منڈلوں میں اقلیتی روزگار میلوں کا انعقاد کیا جانا ہے۔ ان میلوں میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود ترقی دانش آزاد انصاری شرکت کر رہے ہیں۔

اعظم گڑھ میں منگل کو ایک میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں 1300 سے زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کی بات کہی گئی۔ دانش آزاد نے بتایا کہ اس سے پہلے اب تک کانپور، لکھنؤ اور بریلی وغیرہ میں میلے منعقد ہو چکے ہیں۔ خاص طور پر آٹھویں اور نویں پاس کرنے والے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا رہا ہے جو اپنے ہاتھ کا ہنر جانتے ہیں۔ کمپنیوں کو میلوں میں لے جایا جا رہا ہے۔

ریاستی وزیر دانش انصاری کے مطابق کاشی اور گورکھپور میں بڑے میلوں کا انعقاد کیا جانا ہے، جس کا خاکہ تیار کیا جا رہا ہے۔ ان دونوں جگہوں پر کم از کم 5000 نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں مختلف کمپنیوں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ بتا دیں کہ یوگی حکومت اب اقلیتوں کی بھی مدد کر رہی ہے۔ جہاں پسماندہ سماج کے مسلمانوں کی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، وہیں اب اقلیتوں کو روزگار سے جوڑنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔