لڑکی کو بحفاظت گھر پہنچانا میرا فرض تھا۔ کولکتہ کےکیب ڈرائیور سے ملیں، جس کے وائرل ویڈیو نے دنیا کا دل جیتا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2026
لڑکی کو بحفاظت گھر پہنچانا میرا فرض تھا۔ کولکتہ کےکیب ڈرائیور سے ملیں، جس کے وائرل  ویڈیو نے دنیا کا دل جیتا
لڑکی کو بحفاظت گھر پہنچانا میرا فرض تھا۔ کولکتہ کےکیب ڈرائیور سے ملیں، جس کے وائرل ویڈیو نے دنیا کا دل جیتا

 



کولکتہ: ٹیچر الیجیبلیٹی ٹیسٹ ٹی ای ٹی پاس کرنے کے باوجود نوکری حاصل نہ کر پانے کے بعد 31 سالہ منا عزیز ملک کو مجبورا کیب چلانا پڑا۔ کرسمس ایو کی رات ایک نشے کی حالت میں سوار ہونے والی نوجوان لڑکی کو بحفاظت اس کے گھر چھوڑنے کے بعد وہ اچانک سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو جلد ہی وائرل ہو گئی۔ لیکن منا عزیز ملک کا کہنا ہے کہ ان کی ماں کے مطابق انہوں نے کوئی غیر معمولی کام نہیں کیا۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب آر جی کار اسپتال کیس کے بعد کولکتہ میں خواتین کی حفاظت پر بحث ایک بار پھر شروع ہو گئی تھی ۔دی انڈین ایکسپریس سے گفتگو میں منا عزیز ملک نے بتایا کہ ان کا تعلق مغربی بنگال کے مشرقی بردوان سے ہے۔ وہ ہائی اسکول کے بعد کولکتہ آئے تاکہ تعلیم کے ذریعے اپنے خاندان کی حالت بہتر بنا سکیں۔ آٹھ برس تک انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کیا اور اسی دوران شیاما پرساد کالج میں نائٹ کلاسز بھی کرتے رہے۔

ٹیچنگ کے بجائے ڈرائیونگ

سال2022 میں انہوں نے ٹی ای ٹی پاس کیا اور ڈپلومہ ان ایلیمنٹری ایجوکیشن مکمل کیا۔ وہ پرائمری تدریس کے اہل ہو گئے اور فائنل انٹرویو تک بھی پہنچے۔ تاہم بڑے پیمانے پر بھرتی گھوٹالوں اور عدالتی مقدمات کے باعث ان کا خواب ادھورا رہ گیا اور ہزاروں امیدواروں کی طرح ان کی زندگی بھی غیر یقینی کا شکار ہو گئی۔منا عزیز ملک نے کہا کہ جب میں نے ٹی ای ٹی پاس کیا تو لگا میری ساری جدوجہد ختم ہو جائے گی۔ لیکن اس کے بعد ایک کے بعد ایک مقدمہ سامنے آ گیا۔ متوسط طبقے کے لوگوں کے لیے ایسے گھوٹالے زندگی کو الٹ پلٹ کر دیتے ہیں۔ مہنگائی کے دور میں مستقل روزگار کے بغیر گزارا ممکن نہیں۔چھوٹے بھائی کی تعلیم اور والد کی ذمہ داریوں کے باعث انہوں نے کیب چلانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے قرض لے کر ماروتی آلٹو خریدی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ آتی تھی اور فوری آمدنی کی ضرورت تھا

آخر ہوا کیا تھا اس رات

یہ واقعہ کرسمس ایو کی رات تقریبا ساڑھے دس بجے پیش آیا۔ ایک نشے میں دھت نوجوان لڑکی جنوبی کولکتہ سے شہر کے شمالی حصے کی طرف جا رہی تھی۔ ابتدا میں ایک مرد دوست بھی ساتھ تھا جو چند منٹ بعد میٹرو اسٹیشن پر اتر گیا۔ اس کے بعد منا عزیز ملک لڑکی کے ساتھ اکیلے رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ اس کی حفاظت میری ذمہ داری تھی۔ ممکنہ غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے میں نے ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کر دی۔ لڑکی کا فون بند ہو چکا تھا اور وہ اپنی ماں سے بات کرنا چاہتی تھی۔ میں نے ماں کو فون کیا اور یقین دلایا کہ لڑکی کو بحفاظت گھر پہنچا دیا جائے گا اور پہنچنے سے پہلے اطلاع دی جائے گی۔منزل پر پہنچنے کے بعد لڑکی دروازہ کھولنے کے قابل بھی نہیں تھی۔ منا عزیز ملک نے خود دروازہ کھولا اور اس وقت تک انتظار کیا جب تک وہ محفوظ طریقے سے اندر نہیں چلی گئی۔

ماں نے کیا کہا

ویڈیو وائرل ہونے پر انہوں نے اپنی ماں کو فون کیا۔ ماں نے کہا کہ لوگ تعریف کیوں کر رہے ہیں۔ اسے بحفاظت گھر چھوڑنا تمہارا فرض تھا۔ یہی بات انہیں زمین سے جوڑے رکھتی ہے۔منا عزیز ملک کے مطابق کولکتہ کو وہ ہمیشہ محفوظ شہر سمجھتے تھے۔ پچھلے کچھ برسوں میں حالات بدل گئے ہیں اور اعتماد مجروح ہوا ہے۔ میں جو کر سکتا ہوں وہ یہ ہے کہ مسافروں کو محفوظ محسوس کراؤں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے وقت میں صحیح کام کرنا بھی غیر معمولی سمجھا جاتا ہے۔ میں نے صرف اپنا فرض ادا کیا۔