سرینگر: سرینگر کے علاقے ناٹی پورہ کی رہائشی زینب بلال نے سی بی ایس ای دسویں جماعت کے امتحانات میں 500 میں سے 475 نمبر حاصل کر کے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ کشمیر وادی کی پہلی نابینا طالبہ بن گئی ہیں جنہوں نے اس سطح کی شاندار کامیابی حاصل کی۔
زینب بلال نے خاص طور پر کمپیوٹر کے مضمون میں 100 میں سے 100 نمبر حاصل کیے جو اس شعبے میں ان کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اتنے زیادہ نمبر کی توقع نہیں تھی لیکن مسلسل محنت اور توجہ نے انہیں یہ مقام دلایا۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اساتذہ اور اسکول کے سر باندھا۔ زینب نے اپنی والدہ والد اور دادا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے دہلی پبلک اسکول سرینگر اور اساتذہ خصوصاً وجے دھر کا بھی ذکر کیا جنہوں نے انہیں بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا۔زینب نے کہا کہ لرننگ ریسورس سینٹر نے ان کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط بنایا جس سے ان کا اعتماد بڑھا۔

اپنے مستقبل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ کمپیوٹر کے میدان میں آگے بڑھنا چاہتی ہیں اور بیچلر آف کمپیوٹر ایپلیکیشنز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی آئی ٹی کے شعبے میں دلچسپی رہی ہے۔طلبہ کے لیے اپنے پیغام میں زینب نے کہا کہ مستقل مزاجی بہت ضروری ہے اور روزانہ ایک یا دو گھنٹے کی محنت بھی کامیابی دلا سکتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ مشکلات کے باوجود ہمت نہ ہاریں اور آگے بڑھتے رہیں۔
Visually impaired Zainab Bilal of Badshah Nagar , Natipora, Srinagar scores 95 percent marks in CBSE 10th class pic.twitter.com/sopBA9gd1a
— JK News Today (@jknewstoday) April 15, 2026
انہوں نے خصوصی بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا حوصلہ بڑھائیں ان پر یقین رکھیں اور کبھی امید نہ چھوڑیں۔زینب کی اس کامیابی کو سرینگر بھر میں سراہا جا رہا ہے اور اسے جموں کشمیر کے طلبہ کے لیے ایک متاثر کن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
