شانتی پریہ رائے چودھری
ہاوڑہ کے الوبیریا کے نمدیگھی کی رہنے والی تہرینہ نسرین دنیا کی پہلی مسلم خاتون تیراک ہیں جنہوں نے انگلش چینل عبور کیا۔ وہ ایک طویل فاصلے کی تیراک ہیں اور گزشتہ 13 برسوں سے اس میدان میں مہارت حاصل کر چکی ہیں۔ وہ اب تک انگلش چینل اور جبرالٹر آبنائے کو عبور کر چکی ہیں۔ انہوں نے 3 ستمبر 2015 کو 12 گھنٹے 38 منٹ میں انگلش چینل عبور کیا جبکہ 11 اگست 2022 کو 4 گھنٹے 23 منٹ میں جبرالٹر چینل عبور کیا۔ ان کامیابیوں کے بعد بنگال کی اس جل پری نے نہ صرف بنگال بلکہ پورے ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔
بنگال کی یہ جل پری یہاں رکنا نہیں چاہتی۔ ان کی آنکھوں میں سات سمندروں کو عبور کرنے کا خواب ہے۔ آئندہ سال 2027 کے مارچ میں وہ نیوزی لینڈ کی کک اسٹریٹ آبنائے عبور کرنے کے لئے روانہ ہوں گی۔ اسی سال وہ گریٹ برٹن کے نارتھ چینل کو بھی عبور کرنا چاہتی ہیں۔ اس کے لئے انہیں تقریباً 30 لاکھ روپے خرچ کرنے ہوں گے۔

یہ واقعی خوشی اور فخر کی بات ہے کہ ہماری بیٹی تہرینہ نسرین سات سمندر عبور کرنا چاہتی ہیں۔ لیکن اتنی بڑی رقم وہ کیسے جمع کریں گی یہ ایک بڑا سوال ہے۔ دو سمندر عبور کرنے کے بعد ایک عام خاندان کی بیٹی کے ذہن میں یہی سوال گردش کر رہا ہے۔انہوں نے 2015 میں انگلش چینل اور 2022 میں جبرالٹر آبنائے مکمل طور پر اپنی ذاتی رقم سے عبور کیا۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے سوئم بنگلا چینل کو انہوں نے 2018 میں سنگل اور 2019 میں ڈبل کراس کیا جو کہ اپنے خرچ پر تھا۔ اسی سال 9 جنوری کو انہوں نے ہندوستان کے سب سے قدیم دھرمتر گیٹ وے چینل کو پہلی بنگالی خاتون تیراک کے طور پر عبور کیا۔
انگلش چینل عبور کرنے میں انہیں 12 لاکھ روپے اور جبرالٹر آبنائے عبور کرنے میں 8 لاکھ روپے خرچ ہوئے یعنی تقریباً 20 لاکھ روپے۔ اس کے علاوہ سوئم بنگلا چینل عبور کرنے میں 6 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ان اخراجات کو پورا کرنے کے لئے تہرینہ نے اپنے والد کے کاروبار کی جمع پونجی بینک قرض اور اپنی ملازمت کی آمدنی کا استعمال کیا۔ سرکاری مدد کے طور پر انہیں صرف یوتھ ویلفیئر محکمہ سے 1 لاکھ روپے ملے۔ اس کے علاوہ کسی سرکاری یا نجی ادارے نے ان کی مدد نہیں کی۔ایسے میں مزید پانچ چینلز عبور کرنے کے لئے اتنی بڑی رقم جمع کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ تاہم پرعزم تہرینہ کا کہنا ہے کہ وہ ہر حال میں سات سمندر عبور کریں گی۔ اپنے استاد مرحوم مسعود الرحمن کی اس شاگرد کا کہنا ہے کہ اگر کچھ اسپانسر مل جائیں تو ان کے لئے یہ سفر آسان ہو جائے گا۔ وہ اس کے لئے مسلسل کوشش بھی کر رہی ہیں۔

کافی عرصے بعد الوبیریا کی ایک تنظیم فرینڈس انٹرپرائز نے انہیں مالی مدد دینے کا وعدہ کیا ہے اور مستقبل میں بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے ان کے چہرے پر خوشی آئی ہے۔تہرینہ نسرین جیسے کئی باصلاحیت کھلاڑی معمولی اسپانسر کے لئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ ذاتی طور پر ہندوستان کے کھیل کے میدان کو روشن کرنا چاہتے ہیں مگر ان کی طرف توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے۔