آسام کا مُختار حسین - ایک اور رفتار کے جادوگر کا ظہور

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2025
آسام کا  مُختار حسین  - ایک اور رفتار کے جادوگر کا ظہور
آسام کا مُختار حسین - ایک اور رفتار کے جادوگر کا ظہور

 



کولکاتہ : کچھ دن پہلے رنجی ٹرافی میچ کھیلنے کے لیے آسام کی ٹیم کولکاتا کے قریب کلّیانی پہنچی تھی۔ آسام کی ٹیم ویسے تو بہت مضبوط نہیں مانی جاتی، مگر ایک لڑکا سب کی نظر کھینچ لے گیا۔ مُختار حسین، جو 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکتا ہے۔کرکٹ کے ماہرین پہلے سے ہی اس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ بنگال کے خلاف اُسے صرف ایک اننگ میں بالنگ کرنے کا موقع ملا، اور اس نے بڑی سمجھداری سے 31 اوور میں 99 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔ ساورَو گنگولی نے بھی اس کے بارے میں کہا کہ اگر اسے صحیح طریقے سے تیار کیا جائے تو یہ لڑکا آگے چل کر بھارت کے لیے قیمتی اثاثہ بن سکتا ہے۔

چند مہینے پہلے ہی بی سی سی آئی کی نظر بھی اس پر پڑی تھی۔ مشرقی زون کے بولر آکاش دیپ کے زخمی ہونے کی وجہ سے مختار کو دلِپ ٹرافی میں کھیلنے کا موقع ملا۔ شمالی زون کے خلاف میچ میں اُس نے وکٹ تو نہیں لی، لیکن اس کی لائن اور لینتھ نے سب کو متاثر کیا۔ سلیکٹرز نے اس کی محنت کو نوٹس کیا ہے، اور اگر وہ اسی طرح کارکردگی دکھاتا رہا تو بھارتی ٹیم میں جگہ پانے کا راستہ اس کے لیے کھل سکتا ہے۔

اب بات آتی ہے کہ وہ اتنا خاص کیوں ہے۔

2017-18  کوچ بہار ٹرافی میں اس نے صرف 17.88 کی اوسط سے 35 وکٹیں لے کر سب کو چونکا دیا تھا۔ پھر 2018 میں جب اس نے وجے ہزارے ٹرافی میں لسٹ اے کی شروعات کی، اور رنجی میں کھیلتے ہوئے پہلے ہی سیزن میں 40 وکٹیں حاصل کیں، تو اس کا نام ہر جگہ ہونے لگا۔ جھارکھنڈ، تریپورہ، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ کے خلاف اس کی بالنگ آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔

 اعداد و شمار سنجیدہ ٹیلنٹ کے گواہ

اب تک 46 فرسٹ کلاس میچوں میں 140 وکٹیں، جن میں 6 بار پانچ وکٹیں شامل ہیں۔ لسٹ اے میں 52 اور ٹی ٹوئنٹی میں 39 وکٹیں بھی اس کے نام ہیں۔ اس کی رفتار اور مسلسل درست لائن اسے سب سے الگ بناتی ہے۔