آسام: ڈاکٹر آصف اقبال کی قیادت میں تھیلیسیمیا کے مریض کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کامیاب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-08-2025
 آسام:  ڈاکٹر آصف اقبال کی قیادت میں تھیلیسیمیا کے مریض کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کامیاب
آسام: ڈاکٹر آصف اقبال کی قیادت میں تھیلیسیمیا کے مریض کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کامیاب

 



آواز - دی وائس آسام بیورو

آسام کے معروف کینسر علاج کے ادارے ڈاکٹر بھوبنیشور بوروآہ کینسر انسٹیٹیوٹ (BBCI)، جو ممبئی کے ٹاٹا میموریل اسپتال کی ایک اکائی ہے، نے ایک نایاب کارنامہ انجام دے کر گواہاٹی کو نہ صرف بھارت بلکہ پورے جنوب مشرقی ایشیا کے لیے طبی سیاحت کا مرکز بنانے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ملک کے معروف ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر آصف اقبال کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پہلی بار آسام میں تھیلیسیمیا کے مریض کا بون میرو ٹرانسپلانٹ (BMT) کامیابی سے مکمل کیا ہے۔

آسام، جو بھارت کی کئی ریاستوں کے مقابلے بہتر طبی سہولیات رکھتا ہے، پہلے ہی مشرقی بھارت اور پڑوسی ممالک کے لیے ایک طبی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی یہ خواب رہا ہے کہ آسام کو نہ صرف جنگلات اور چائے بلکہ میڈیکل ٹورازم کے لیے بھی ایک عالمی مرکز بنایا جائے۔

17 سالہ مریضہ کی مکمل صحت یابی

ڈاکٹر آصف اقبال کی سربراہی میں BBCI کی سپر اسپیشلسٹ ٹیم نے ایک 17 سالہ لڑکی کا کامیاب بون میرو ٹرانسپلانٹ 9 اور 10 جون کو انجام دیا۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر مانسا کوکنجے، ڈاکٹر رنجیتا شرما، ڈاکٹر کاری کُلی اور ڈاکٹر ساکشی گپتا شامل تھے۔

مریضہ جو کئی برسوں سے مسلسل خون کی بوتلیں لے رہی تھی، اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہے۔ پہلے ایک عارضی اقدام کے طور پر اس کا اسپلینکٹومی (تلی نکالنے کا آپریشن) کیا گیا تھا تاکہ خون کی ضرورت کم کی جا سکے۔ تاہم، اب کامیاب بون میرو ٹرانسپلانٹ کے بعد اسے باقاعدہ خون کی منتقلی سے نجات مل گئی ہے۔

تھیلیسیمیا کیا ہے؟

تھیلیسیمیا ایک پیدائشی خون کی بیماری ہے، جس میں خون بنانے والے گلوبن جین متاثر ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار میں نمایاں کمی آتی ہے۔ ہیموگلوبن چونکہ خون میں آکسیجن لے جانے والا اہم جزو ہوتا ہے، اس لیے اس کی کمی سے مریض بہت کمزور، تھکا ہوا اور خون کی کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔ایسے بچوں کو عام زندگی گزارنے کے لیے بار بار خون چڑھانا پڑتا ہے، جو نہ صرف مہنگا بلکہ جسمانی اور ذہنی طور پر تکلیف دہ عمل بھی ہوتا ہے۔ مسلسل خون کی منتقلی سے جسم میں آئرن کی زیادتی ہو جاتی ہے، جس کے لیے خصوصی ادویات ضروری ہوتی ہیں۔

علاج کا واحد مؤثر حل: بون میرو ٹرانسپلانٹ

چونکہ تھیلیسیمیا خون بنانے کے نظام کی بیماری ہے، اس لیے اس کا مستقل علاج صرف بون میرو ٹرانسپلانٹ ہے۔ اس عمل میں مریض کے جسم کا بون میرو نکال کر صحت مند ڈونر کا بون میرو منتقل کیا جاتا ہے، تاکہ نیا اور صحت مند خون بن سکے۔عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ صرف کینسر کے علاج کے لیے ہوتا ہے، مگر حقیقت میں اسے تھیلیسیمیا جیسے کئی پیچیدہ غیرسرطانی خون کی بیماریوں کے علاج میں بھی کامیابی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر آصف اقبال: مشن تھیلیسیمیا

ڈاکٹر آصف اقبال، جو آسام میں تھیلیسیمیا کے خلاف اکیلے محاذ پر لڑ رہے ہیں، نے ایک بڑی تنخواہ والی نوکری چھوڑ کر BBCI میں شمولیت اختیار کی تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ جیسا مہنگا علاج سرکاری سطح پر فراہم کیا جا سکے۔

انہیں 2021 میں آسام حکومت کی جانب سے تیسرا بڑا سول اعزاز "آسوم گورو ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی، انہیں 2022 میں ڈالمیہ سیمنٹس ینگ اچیور ایوارڈ بھی ملا۔

ڈاکٹر اقبال نے 2003 میں آسام میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں ٹاپ کیا اور 2008 میں گوہاٹی میڈیکل کالج سے MBBS مکمل کیا۔ بعد میں 2013 میں MD (جنرل میڈیسن) اور 2017 میں کولکاتا سے DM (کلینیکل ہیماٹولوجی) مکمل کی۔ وہ نیویارک کے معروف Memorial Sloan Kettering Cancer Center سے بین الاقوامی تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

BBCI میں 2021 سے اب تک 40 سے زائد کامیاب BMT

ڈاکٹر بھوبنیشور بوروآہ کینسر انسٹیٹیوٹ میں 2021 میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت کا آغاز ہوا اور اب تک 40 سے زائد کامیاب ٹرانسپلانٹس کیے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر آصف اقبال اور ان کی ٹیم نے اس سہولت کو اب تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بھی کارآمد ثابت کر دیا ہے۔یہ کامیابی نہ صرف مریضہ بلکہ پورے شمال مشرقی بھارت کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے، جو اس خطے کو طبی سیاحت کے نقشے پر نمایاں مقام دلا سکتی ہے۔