عاصم کا کارنامہ: پرانی سائیکل کو کردیا،الکٹرک بائیک میں تبدیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-01-2022
عاصم کا کارنامہ: پرانی سائیکل کو کردیا،الکٹرک بائیک میں تبدیل
عاصم کا کارنامہ: پرانی سائیکل کو کردیا،الکٹرک بائیک میں تبدیل

 

 

شیخ محمد یونس، حیدرآباد

 حیدرآباد ی نوجوان عبدالقادر عاصم کا کارنامہ ضرورت ' ایجاد کی ماں ہوتی ہے۔ اس مقولہ کو شہر حیدرآباد کے نوجوان عبد القادر عاصم نے اپنی اختراعی سوچ و فکر اور لاجواب ذہانت کے ذریعہ نہ صرف اجاگر کیا ہے بلکہ نوجوان نسل کو ماحول کے تحفظ کا بھی پیام دیا ہے۔ْ

عبد القادر عاصم نے بہترین ذہنی اور اختراعی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کر تے ہوئے اپنی پرانی سائیکل کو انتہائی کم خرچ پر الکٹرک بائیک میں تبدیل کر دیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے پریشان عوام کو بہترین متبادل کی سمت توجہ دلانے کے علاوہ عبد القادر عاصم کرہ ارض کے تحفظ کے لئے شعور بیدار کر رہے ہیں۔

بچپن ہی سے پراجکٹس کی تیاری کا شوق

عبدالقادر عاصم امیر پیٹ وینگل رائو نگر کے ساکن ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھوانی پبلک اسکول سے حاصل کی۔ یہ ایک چھوٹا سا اسکول تھا تاہم سائنس فیئر میں اسکول کو ریاستی سطح پر متعدد مرتبہ سر فہرست مقام حاصل ہوا۔ عبدالقادر عاصم کو بچپن ہی سے مختلف پراجکٹس بنانے کا شوق تھا۔ وہ اسکول میں مختلف پراجکٹس کی تیاری عمل میں لاتے۔

ایس ایس سی کی تکمیل کے بعد عاصم نے سی ای سی مضمون سے انٹر میڈیٹ کی تکمیل کی ۔ بی کام کی ڈگری کے حصول کے بعد دکن اسکول آف مینجمنٹ سے ایچ آر میں ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ۔ اب وہ اومیگا ٹیک کمپنی میں شعبہ ایچ آر میں بر سر کا ر ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاٹا انالسٹ کے طورپر بھی وہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اگر چہ کہ عاصم کامرس گریجویٹ ہیں تاہم وہ اپنی ذہانت کے ذریعہ مختلف پراجکٹس کی تیاری عمل میں لائے ہیں۔

پرانی سائیکل کی الکٹرک بائیک میں تبدیلی

پٹرول کی قیمت میں روز بروز اضافہ سے پریشان عاصم نے اپنی پرانی سائیکل کو الکٹرک بائیک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ عاصم کو دفتر کو روانگی کے علاوہ روزآنہ مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے یومیہ 150روپے پٹرول پر صرف کرنے پڑ رہے تھے۔عاصم نے دو وولٹ کی بیاٹریز' 250واٹ کی بی ایل ڈی سی موٹر' ایکسلریٹر ' ہیڈ لائٹس' ہارن اور اسپیئر پارٹس کی خریداری عمل میں لائی۔یہ سارے سامان کی جملہ مالیت 6500روپے ہے۔ عاصم نے مہارت اور ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی پرانی سائیکل کو یہ سارا سامان فٹ کیااور بہترین ڈیزائن کے ساتھ اپنی سائیکل کو الکٹرک بائیک میں تبدیل کردیا۔

دونوں بیاٹریوں کو چارج کرنے کے لئے روزآنہ ایک یونٹ برقی درکار ہوتی ہے جس کے لئے صرف 5روپے خرچ ہوتے ہیں۔ الکٹرک بائیک 30کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔

عاصم نے اپنی ذہانت کے ذریعہ انتہائی کم خرچ پر الکٹرک بائیک تیار کی جو ایک مرتبہ چارج کرنے پر تقریباً 40کلو میٹر کی مسافت طئے کر تی ہے۔اگر بیاٹری میں چارجنگ ختم ہو جاتی ہے تب روایتی طورپر پیڈل کے ذریعہ سائیکل کو پیروں سے چلایا جا سکتا ہے۔عاصم اپنے روز مرہ کے کام اور دفتر کو اسی الکٹرک بائیک پر جارہے ہیں۔ ان کے اختراعی کام کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جا رہی ہے۔  awazthevoice

حوصلہ اور عز م کی کہانی 


عاصم اور ستیم کی مثالی دوستی

عاصم اپنے پراجکٹس کی تیاری اور تکمیل کے لئے اپنے قریبی دوست ستیم سے مدد حاصل کر تے ہیں۔ ستیم اگر چہ عاصم سے عمر میں بڑے ہیں لیکن یہ دونوں کی دوستی مثالی ہے۔ عاصم نے اپنی پرانی سائیکل کو الکٹرک بائیک میں تبدیل کرنے کے لئے ستیم کے ساتھ مل کر کام کیا ۔ علاوہ ازیں عاصم کے پڑوسی رگھونندن جو نامور سائنسدان ہیں وہ بھی عاصم اور ستیم کی پراجکٹس کی تیاری میں مدد کر تے ہیں ۔

عاصم اور ستیم دونوں ہی کوئی بھی کام کو چیالنج کے طورپر قبول کر تے ہیں اور ایک دوسرے کے مشورے کے ذریعہ اسے پایہ تکمیل کو پہنچا تے ہیں۔

بچت کے ساتھ ساتھ ماحول کا تحفظ

عاصم نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کر تے ہوئے کہا کہ بچت کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کے لئے الکٹرک بائیکس اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روزمرہ کے کاموں کے لئے ہم گاڑیوں کا استعمال کر تے ہیں جس کے لئے کافی پٹرول صرف ہوتا ہے ۔علاوہ ازیں فضائی آلودگی بھی پیدا ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رقم کی بچت کے ساتھ ماحول کے تحفظ کے لئے الکٹرک گاڑیاں بہترین متبادل ہیں۔ عاصم نے بتایا کہ الکٹرک بائیکس کی رفتار بھی دھیمی ہوتی ہیں اور کم عمر لڑکے بھی اسے آسانی سے چلا سکتے ہیں۔ الکٹرک بائیکس کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے حادثات پیش آنے کے امکانات بھی کم سے کم ہوتے ہیں۔

نوجوانوں کو مدد اور رہنمائی کی پیشکش

عاصم نے بتایا کہ مارکٹ میں مختلف اقسام کی کٹس موجود ہیں جس کے ذریعہ ہم اپنی سیکلوں کو الکٹرک بائیکس میں تبدیل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کو ڈیزائن کر نا اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنی سیکلوں کو الکٹرک بائیک میں تبدیل کرنے کی مساعی کریں۔

اس دوران انہیں کسی قسم کی دقت یا مشکل درپیش ہوتی ہے تب وہ مکمل مدد اور تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تربیت کے لئے کلاسیس بھی منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ عاصم نے بتایا کہ کوئی بھی کام ناممکن نہیں ہے ۔ کام کی انجام دہی کے لئے سخت محنت اور جستجو درکار ہوتی ہے۔ہم دس مرتبہ ناکام ہوسکتے ہیں تاہم گیارہویں مرتبہ ہمیں کامیابی ضرور حاصل ہوگی۔ لہذا کبھی بھی احساس کمتری کا شکار اور پست ہمت نہیں ہونا چاہئے۔

بڑے پراجکٹس پر کام کرنے کا عزم

عاصم نے بتایا کہ سائیکل کو الکٹرک بائیک میں تبدیل کرنے کا کام ان کے لئے سہل اور آسان تھا۔ اب وہ بڑے پراجکٹس پر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ عاصم نے بتایا کہ ان کے پاس الکٹرک کا کافی سامان موجود ہے علاوہ ازیں وہ ذاتی ویلڈنگ مشین کی خریدی عمل میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رگھونندن اور ستیم کی مدد اور تعاون کے ذریعہ وہ الکٹرک کار کی تیاری و دیگر پراجکٹس کے لئے کام کا عنقریب آغاز کریں گے۔

عاصم نے نوجوان نسل کو پیام دیا کہ وہ کبھی بھی یہ نہ سوچیں کہ کوئی بھی کام نا ممکن ہے اور اسے وہ ہر گز نہیں کر سکتے بلکہ کسی بھی کام کو ایک چیالنج کے طورپر قبول کیا جائے۔ جہد مسلسل اور جستجو کے ذریعہ اسے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔

عاصم نے بتایا کہ وہ ایک این جی او کے متحرک رکن ہیںجو کہ ماحول کے تحفظ کے لئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں کرہ ارض کی بقاء اور تحفظ اہمیت کا حامل ہے۔

آج دنیا گلوبل وارمنگ' فضائی و آبی آلودگی ' جنگلات کی تباہی اور موسم کی تبدیلی کے باعث سنگین مسائل کا شکار ہے۔ہمیں زمین ' ماحول ' جنگلات اور تالابوں کے تحفظ کو یقینی بنا نا ہے۔ عاصم نے کہا کہ کرہ ارض کے تحفظ کے لئے نوجوان آگے آئیں اور ماحول دوست پراجکٹس کی تیاری اور استعمال کو یقینی بنائیں۔