اے ایم یو : ڈاکٹر فیض خان یوسفی نے پہلی کوشش میں ہی ایم آر سی ایس امتحان پاس کر لیا
علی گڑھ: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سرجری کے تیسرے سال کے پی جی ریزیڈنٹ ڈاکٹر فیض خان یوسفی نے رائل کالج آف سرجنز آف انگلینڈ کے زیر اہتمام ممبرشپ آف رائل کالجیز آف سرجنز آف انگلینڈ(ایم آر سی ایس) امتحان کو پہلی ہی کوشش میں کامیابی سے پاس کر لیا۔
ڈاکٹر یوسفی یہ امتحان پاس کرنے والے نہ صرف سب سے کم عمر امیدوار ہیں بلکہ جے این میڈیکل کالج کے پہلے طالبعلم بھی ہیں جنہوں نے ماسٹر آف سرجری (ایم ایس) کی تعلیم کے دوران ہی یہ باوقار بین الاقوامی امتحان پاس کرلیا۔
ایم آر سی ایس ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ اہلیت ہے جو سرجری کے میدان میں درکار علمی استعداد، عملی مہارت اور کلینیکل سمجھ بوجھ کی جانچ کرتی ہے۔ اس امتحان میں کامیابی کو دنیا بھر میں سرجن بننے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم سنگ میل تصور کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر یوسفی کی اس شاندار کامیابی کو فیکلٹی کے اراکین اوران کے رفقاء نے سراہا اور اسے میڈیکل کے طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال قرار دیا ہے۔
شعبہ سرجری کی سربراہ پروفیسر عطیہ ذکاء الرب نے ڈاکٹر یوسفی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے شعبے سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فرد ہیں۔ایک تابناک مستقبل کے لیے ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر حبیب رضا نے کہا کہ ڈاکٹر یوسفی کی کی غیر معمولی کامیابی شعبہ اور یونیورسٹی دونوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔