آواز دی وائس
کل یگ میں انسانیت کا نظارہ ہونا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ گھر کی غربت کا عالم، مگر پھر بھی لالچ کو ٹھکرا کر نیک نیتی کے ساتھ اپنے کام کو ہی اپنی تقدیر ماننے والے مہاراشٹرا کے دھولیہ کے امین شیخ نے دنیا کے سامنے سچائی اور ایمانداری کی نئی مثال قائم کی ہے۔
مہاراشٹرا کے دھولیہ میں رہنے والے امین کباڑ بٹورنے کا کام کرتے ہیں۔ کباڑ میں ملے تقریباً دس لاکھ روپے کے سونے کو لوٹا کر انہوں نے یہ دکھا دیا کہ دنیا میں آج بھی ایمانداری اور اخلاق باقی ہے۔ امین کی اس ایمانداری کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ ان کی اس نیکی کے صلے میں انہیں انعام کے طور پر ایک موبائل فون بھی ملا ہے۔
امین بتاتے ہیں، "روزمرہ کے کام کے لیے میں وکاس ہائی اسکول کے پیچھے رہنے والے بھوشن سر کے گھر کباڑ لینے گیا تھا۔ کباڑ جمع کرکے میں نے اسے لاری میں رکھ دیا۔ لیکن گھر آنے پر امی نے لاری کا سارا سامان الگ کیا تو اس میں سونا نظر آیا۔ انہوں نے سونے کو گھر کی الماری میں رکھ دیا تاکہ کہیں کھو نہ جائے۔ پھر راجپوت خاندان سے رابطہ کیا اور سارا سونا انہیں لوٹا دیا۔ میری ایمانداری دیکھ کر انہوں نے مجھے تحفے میں موبائل فون دیا۔"
کیا ہوا تھا؟
شہادہ میں وکاس ہائی اسکول کے پیچھے رہنے والے ٹیچر بھوشن سنجے راجپوت 8 جون کو اپنی ماں کے ساتھ نندربار میں ایک پروگرام کے لیے جانے والے تھے۔ لیکن کسی وجہ سے یہ منصوبہ منسوخ ہو گیا۔ ماں کے زیورات گھر کی الماری میں رکھ دیے گئے۔ اسی الماری میں پرانے اخبار بیچنے کے لیے ردی بھی رکھی گئی تھی۔ تھوڑی دیر بعد امین شیخ ایوب اس علاقے میں کباڑ لینے آئے۔ راجپوت نے انہیں گھر کا کباڑ اور ردی دے دی۔ غلطی سے اسی ردی میں ایک منگل سوتر اور چار چوڑیاں، یعنی تقریباً دس تولہ سونا بھی چلا گیا۔
اگلے دن راجپوت خاندان نندربار جانے کی تیاری کر رہا تھا۔ پہننے کے لیے زیورات تلاش کرنے پر پتہ چلا کہ گھر میں سونا نہیں ہے۔ راجپوت جی کی ماں اور گھر والوں کو بڑا صدمہ لگا۔ انہیں شک ہوا کہ سونا ردی کے ساتھ چلا گیا ہے۔ انہوں نے فوراً امین شیخ سے رابطہ کیا۔ مگر امین نے اس دن سارا کباڑ ہول سیل والے کو بیچ دیا تھا۔ وہاں کے سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کیے گئے، مگر کچھ نہیں ملا۔ پھر امین نے اپنے گھر والوں سے بات کی، کیونکہ کبھی کبھار بچے کباڑ میں سے کھیلنے کی چیزیں نکالتے ہیں۔ انہوں نے گھر پر امی کو فون کرکے پوری بات بتائی۔
امی نے بتایا کہ سونا محفوظ ہے اور کھو نہ جائے اس لیے الماری میں رکھا ہے۔ یہ سن کر راجپوت خاندان کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ امین کی امی اس دن سندھوا (مدھیہ پردیش) گئی ہوئی تھیں۔ اگلے دن لوٹنے کے بعد انہوں نے سارے زیورات راجپوت خاندان کو لوٹا دیے۔ اس موقع پر بھوشن راجپوت نے خوشی خوشی امین کو 15 ہزار روپے کا موبائل فون تحفے میں دیا۔ اس واقعے سے ثابت ہوا کہ دنیا میں انسانیت اب بھی زندہ ہے۔
ایک اور دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ امین، بھوشن کے والد اور ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر سنجے راجپوت کے شاگرد بھی رہ چکے ہیں۔
امین کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے بھوشن راجپوت نے کہا، "امین نے، یعنی امو کباڑ والے نے جو ایمانداری دکھائی، وہ آج کے چالاکی بھرے زمانے میں قابلِ تعریف ہے۔ آج کے دور میں ہر کسی پر شک کا ماحول رہتا ہے۔ مگر امین نے اس سوچ کو توڑتے ہوئے نئی مثال قائم کی۔ زندگی کی روز کی جنگ میں بھی امین نے بغیر کسی لالچ کے ہمارا سونا جوں کا توں لوٹا دیا۔"