نئی دہلی : انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ کونسل (AIMDC) نے باضابطہ طور پر “40 انڈر 40 لیڈرز” کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے ، یہ ایک سنگ میل نوعیت کی پہل ہے جس کا مقصد ہندوستان میں نئی نسل کے مسلم رہنماؤں کی نشاندہی کرنا، ان کی پرورش اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔ یہ اعلان ملک کی حالیہ تاریخ کے سب سے جامع اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے بعد سامنے آیا ہے، جو ایک سال پر محیط سفر اور کثیر مراحل پر مشتمل تھا۔
اس پہل کو زبردست ردعمل ملا، جس میں پورے ملک سے تقریباً 950 درخواستیں موصول ہوئیں۔ امیدوار مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے تھے ، تعلیم، سیاست، کارپوریٹ قیادت، انجینئرنگ، طب، سرگرمی (Activism)، صحافت، قانون، تحقیق، تدریس، کاروبار، معیشت، شریعت اسکالرشپ، کاؤنسلنگ، موٹیویشنل اسپیکنگ، علماء، طلبہ اور گورننس۔
یہ سفر ایک باریک بینی سے تیار کردہ درخواست کے عمل سے شروع ہوا، جس میں قابلیت، کامیابیاں، سماج کے لیے خدمات اور ذاتی پس منظر کی تفصیلات دینا لازمی تھا۔ سخت جانچ کے بعد 215 امیدوار ذاتی انٹرویوز کے لیے منتخب ہوئے۔
ایک ماہر پینل نے جامع انٹرویوز کے بعد امیدواروں کو 112 تک محدود کیا۔ مزید جانچ کے بعد 105 بہترین امیدواروں نے چار روزہ فائنل میں جگہ حاصل کی۔
ہندوستان کے اسٹارٹ اپ کیپٹل بنگلورو نے چار روزہ ان پرسن سلیکشن ایونٹ کی میزبانی کی۔ امیدواروں نے گروپ ڈسکشن، پارلیمانی طرز کی بحث اور اجتماعی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن کا مقصد ان کی انفرادی ذہانت اور ٹیم ورک کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ منتظمین نے ان کے قوم سازی کے عزم، کمیونٹی کے تئیں اخلاص، انسانی تعلقات اور ذاتی ڈسپلن کا بغور جائزہ لیا۔
اس مرحلے سے 70 رہنماؤں کو منتخب کیا گیا، جنہیں سرٹیفیکیٹ آف لیڈرشپ اور سرٹیفیکیٹ آف پارٹیسپیشن دیا گیا۔
یکم جولائی 2025 کو، 70 رہنماؤں کے اعلان کے دن ہی، AIMDC نے ایک ایڈہاک (کنسلٹیشن) کمیٹی تشکیل دی جس میں خود نامزد کردہ اور منتظمین کے نامزد کردہ رہنما شامل تھے۔
انہیں ایک منتخب فہرست میں سے اپنی دلچسپی کے دو منصوبے چننے کے لیے کہا گیا جو کمیونٹی اور قوم سازی سے متعلق تھے۔ اس کا مقصد فیصلہ سازی کی صلاحیت، ٹیم ورک، برین اسٹارمنگ اور جدید قیادت کی بنیاد کو پرکھنا تھا۔
زیادہ تر شرکاء کو معلوم نہیں تھا کہ یہ مرحلہ دراصل ایک "خاموش" فائنل جانچ بھی ہے۔ منتظمین نے ان کے اخلاق، اخلاص، وقت کی پابندی، وعدوں کی تکمیل، تعلیمی پروگراموں میں شمولیت، تنظیمی صلاحیت اور اجتماعی جذبے پر گہری نظر رکھی۔
مہینوں کی مشاہدہ، جانچ اور عملی کام کے بعد AIMDC نے بالآخر 40 انڈر 40 لیڈرز کا اعلان کیا ہے ، وہ افراد جو 40 برس سے کم عمر ہیں اور جن کی بصیرت، مہارت اور لگن انہیں مثبت تبدیلی کے علمبردار بناتی ہے۔
منتظمین نے کہا کہ “ہم تمام 70 رہنماؤں کی غیر معمولی صلاحیت، لگن اور وژن سے واقعی متاثر ہوئے۔ ایک سخت جانچ کے بعد، 40 انڈر 40 پہل کے تحت منتخب کیے گئے یہ فائنل 40 رہنما نیشنل ایگزیکٹو بنائیں گے، جو اس پہل کی حکمتِ عملی اور ڈرائیونگ فورس ہوں گے۔”
باقی 30 غیر معمولی رہنماؤں کی اہمیت اور صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے، انہیں نیشنل 40u40 ٹیم کے رکن کے طور پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔ وہ منصوبوں اور پروگراموں کو ہر سطح پر انجام دینے میں اہم کردار ادا کریں گے تاکہ ہمارا مشن ملک بھر کی کمیونٹیز تک پہنچے اور قوم سازی میں بامعنی کردار ادا کرے۔
AIMDC کے جنرل سیکریٹری محمد امتیاز نے کہا
“یہ پہل صرف ایک اعزاز دینے کا پروگرام نہیں ، بلکہ یہ ایک تبدیلی کی بنیاد ہے۔ یہ رہنما ذہنی، اخلاقی اور حکمتِ عملی کی اس طاقت کی نمائندگی کرتے ہیں جو ہماری کمیونٹی کو رہنمائی دے سکتی ہے اور ملک کے لیے بامعنی کردار ادا کر سکتی ہے۔”
ایک منتخب رہنما (مہاراشٹر) نے کہا کہ میں یہاں آیا تھا یہ سوچ کر کہ دوسرے نوجوان رہنماؤں سے ملاقات ہوگی۔ میں جا رہا ہوں یہ جان کر کہ میں ایک ایسے نیٹ ورک، بھائی چارے اور بہن چارے کا حصہ ہوں جس کا ایک ہی مقصد ہے۔
کیرالہ سے ایک اور فائنلسٹ نے کہا کہ یہ عمل عاجزی سکھانے والا تھا۔ یہ صرف ہمارے سی وی کے بارے میں نہیں تھا ، بلکہ ہمارے کردار، اخلاص اور اس صلاحیت کے بارے میں تھا کہ ہم اپنے آپ سے بڑی کسی چیز کے لیے کام کر سکیں-
۔1 تعلیم، 2. سیاست، 3. کارپوریٹ قیادت، 4. انجینئرنگ، 5. طب، 6. سماجی خدمت، 7. صحافت، 8. قانون، 9. تحقیق و تدریس، 10. کاروبار، 11. معیشت، 12. شریعت اسکالرشپ، 13. کاؤنسلنگ، 14. موٹیویشنل اسپیکنگ، 15. علماء، 16. طلبہ و نوجوان قیادت، 17. گورننس
منتخب امیدواروں کے نام
افزاء خان، 2. ایمان حوّا حافظ، 3. امرین فاروق، 4. جویریہ سرکار، 5. امرین ایاز شیخ، 6. کے۔ حاجرہ سلطانہ، 7. عریفہ علی، 8. رمسا جان، 9. بی۔ سینی رحفو نیشا، 10. رانیہ زلیخہ، 11. فاطمہ صبا، 12. رکزہ پرویز، 13. گلزار کرشمہ ملک، 14. شبنم محمد اکبر خان، 15. حنا فاطمہ سرفراز علی سید، 16. زلیخہ ایس راجانی، 17. مفتی یحییٰ معین سمر، 18. محمد عماد علی، 19. عبدالغنی ندیم پنجابی، 20. محمد اویس، 21. عدیل کمپو، 22. محمد ذیشان، 23. افسر رین، 24. مصعب مصطفیٰ خان، 25. اسد اللہ ولی اللہ خان، 26. محمد رفی کے ای، 27. عصرالدین شیخ، 28. مجتبیٰ منیب، 29. ڈاکٹر بلال شیٹھ، 30. نواز ایس، 31. ڈاکٹر مرزا علمدار علی بیگ، 32. نعمان عالم، 33. فہد عبدالباسط حانی، 34. رامیز عبدالوَدود، 35. خان عبد الرحمن، 36. ریاض حیدر، 37. محمد فیضان، 38. سرفراز خان، 39. محمد فیضان احمد، 40. سرفراز نواز۔
AIMDC کا وژن
آل انڈیا مسلم ڈولپمنٹ کونسل (AIMDC) اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ ایسی قیادت کو فروغ دیا جائے جو کمیونٹی اور قوم دونوں کی خدمت اعلیٰ معیار، دیانتداری اور اتحاد کے ساتھ کرے۔ 40 انڈر 40 لیڈرز پہل ایک ایسی نرسری ہے جو تبدیلی کے متلاشی افراد کو پلیٹ فارم، نیٹ ورک، رہنمائی اور اخلاقی رہنمائی فراہم کرتی ہے تاکہ وہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے جدید دور کے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کر سکیں۔