عبدالرحمٰن: رحمانی 30 سے انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ تک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-09-2021
 عبدالرحمٰن کو اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ میں مل گیا داخلہ
عبدالرحمٰن کو اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ میں مل گیا داخلہ

 


آواز دی وائس، پٹنہ

ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں واقع مشہور تعلیمی ادارہ رحمانی 30 کے طالب علم عبدالرحمٰن کو انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ(کولکاتہ) میں داخلہ مل گیا ہے۔

رحمانی 30 کے چیرمین فہد رحمانی نے اس بات کی اطلاع دی ہے۔

فہد رحمانی معروف عالم دین مرحوم مولانا محمد ولی رحمانی کے صاحبزادے ہیں، مولانامرحوم نے ادارہ رحمانی 30 کو قائم کیا تھا۔

فہد رحمانی نے رحمانی 30 کے تعلق سے بتایا کہ مولانا محمد ولی رحمانی کا ہمیشہ یہ خواب رہا کہ اقلیت اور غریب بچے آئی ایس آئی کولکاتا میں تعلیم حاصل کریں۔

انھوں نے کہا کہ الحمد اللہ آج وہ خواب پائے تکمیل تک پہونچا۔ عبدالرحمن ابن محمد رضا صاحب، سیتا مڑھی رحمانی تھرٹی کے طالب علم نے انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ کولکاتا میں بیچلر آف اسٹیٹسٹکس (آنرز پروگرام 2021) کے لیے کوالیفائی کیا ہے-

پورے ملک میں اُنہیں EWS میں پہلا رینک  ملا ہے۔

خیال رہے کہ آئی ایس آئی شماریات کا سب سے پرانا ادارہ ہے جو 1931 میں قائم کیا گیا تھا اور 1959 کے ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے قومی اہمیت کے انسٹیٹیوٹ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے- UG, PG اور ڈاکٹریٹ پروگراموں کے ساتھ تقریبا ایک ہزار طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں مالی سال 2021-22 کے لیے 320 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے -

انسٹی ٹیوٹ اب کمپیوٹر سائنس ، شماریات ، مقداری معاشیات اور متعلقه علوم میں تربیت اور تحقیق کے لیے دنیا کے صف اول کے مراکز میں شمار ہوتا ہے۔

آئی ایس آئی ہندوستان کا ایک انوکھا ادارہ ہے جہاں صرف چند منتخب افراد کو شرکت کا موقع ملتا ہے۔

فہد رحمانی نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم رحمانی 30 کے انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کو ان کی سخت محنت اور مسلسل کوشش کے لئے مبارکباد دیتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اقلیتی طلبہ بین الاقوامی شہرت کے حامل اداروں میں نمائندگی کرتے رہیں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ رحمانی 30 کی کامیابی سال در سال ترقی کی جانب گامزن ہوگی اور اقلیتی طلبہ کو ملک وبیرون ملک کے متعدد اعلیٰ اور شہرت یافتہ اداروں تک پہنچانے میں مدد کرتے رہے گی۔