احسان فاضلی/سرینگر
عامر راشد وانی کی عمر 20 سال تھی جب انہوں نے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا شروع کی۔ جلد ہی، انہوں نے محسوس کیا کہ ایسے لوگ بہت زیادہ ہیں جنہیں اپنی زندگی کو آسان بنانے کے لیے پیسے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی - موج کشیر (مادر کشمیر) ویلفیئر ٹرسٹ تاکہ ایک بہتر اور براہ راست رسائی کے لیے شفاف طریقے سے فنڈز اکٹھا کرسکیں۔ سماجی کام میں پانچ سال گزر چکے ہیں، اور آج، وہ سب سے کم عمر سماجی کارکنوں میں سے ایک ہیں جنہیں انٹرنیشنل انٹرن شپ یونیورسٹی ، آسٹریلیا کی جانب سے "سوشل ورک" میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔
نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن (این ایچ آر سی) کی طرف سے ان کے کام کے اعتراف میں ڈگری کی سفارش کی گئی تھی۔ وانی کو گزشتہ سال اپریل کے اوائل میں نئی دہلی میں ایک تقریب میں ڈگری ملی تھی۔ موج کشیر ویلفیئر ٹرسٹ، جموں، اور کشمیر، کے کام میں غریبوں اور یتیموں کی تعلیم میں سہولت فراہم کرنا، اور گاؤں کے بہت سارے طلباء کو کتابیں، اسٹیشنری اور اسکول کی فیس فراہم کرکے ان کی مدد کرنا شامل ہے۔
ایک ضرورت مند خاندان کے ساتھ عامر
روایتی فنڈنگ سے انحراف کرتے ہوئے، موج کشیر نے اپنی مہم کو وسیع کرنے کے لیے "کراؤڈ فنڈنگ" شروع کی۔ ٹرسٹ، مالی امداد کے لیے ضرورت مند افراد کی شناخت اور تصدیق کی ذمہ داری لیتا ہے۔ عامر راشد وانی نے آواز-دی وائس کو بتایا کہ ہم کیسز کی تصدیق کرتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں، جس سے ضرورت مندوں کو براہ راست فوری امداد حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً پانچ دنوں میں ضرورت مندوں کو مطلوبہ مالی امداد مل جاتی ہے، جس کے بعد کیس کو بند قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا موج کشیر کی دیگر خدمات میں مفت طبی دیکھ بھال، ایمبولینس کی خدمات، غریب خاندانوں کے لیے کھانے کی کٹس اور غریب خاندانوں سے آنے والی بیٹیوں کی شادیوں کے اخراجات کو پورا کرنا شامل ہیں۔
وانی نے آواز-دی وائس کو بتایا، غریبوں اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی کام شروع کرنے کا مقصد 19 اور 25 سال کی عمر کے نوجوانوں کو شامل کر کے بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تین دہائیوں سے جاری عسکریت پسندی کے پس منظر میں کام کرنے والی کئی این جی اوز نوجوانوں کو شامل نہیں کر رہی تھیں۔ وادی کشمیر کے تمام اضلاع اور جموں کے بہت سے دوسرے اضلاع میں نوجوان رضاکار یوٹی میں ان کی رسائی کا حصہ ہیں۔
ایک گلی میں این جی او ارکان کے ساتھ عامر
وانی، جن کا تعلق بارہمولہ ضلع کے ٹنگمرگ علاقے سے ہے، نوجوانوں کو اپنی مہم میں شامل کرنے کی اپیل کرتے رہتے ہیں۔ موج کشیر نے اب تک 1,000 سے زائد خاندانوں کو پناہ، طبی دیکھ بھال، خون، مفت ایمبولینس خدمات، آکسیجن کی سہولیات اور بیٹیوں کی شادی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کی ہے۔ موج کشیر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے کام کو نمایاں کرکے اور ضرورت مندوں کے لیے لوگوں سے مدد حاصل کرنے کے لیے اسے استعمال کرکے شفافیت کو برقرار رکھتی ہے۔
ان کی ویب سائٹ پر ہر اس فرد کے لیے ایک فائل ہے جس کو مدد کی ضرورت پڑی ہے۔ ہر ایک کے اندراج اور کیس کو بند کرنے کی تاریخ موجود ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے وگورہ علاقے کے کچوا مقام گاؤں کے رہنے والے امتیاز احمد پارہ کا ہے۔ تین نوجوان لڑکیوں کے والد اور بی پی ایل (غربت کی لکیر سے نیچے) کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے امتیاز کو گردے کی پیوند کاری کے لیے 25-30 لاکھ روپے درکار تھے۔
وانی نے کہا کہ موج کشیر نے پچھلے مہینے اس کے لیے 26 لاکھ روپے اکٹھے کیے، اور کیس بند کر دیا گیا۔ فیس بک پر کرائوڈ فنڈنگ کی ایک اپیل کی گئی۔ "ایک بے سہارا شخص کے لیے ہنگامی اپیل، یعنی غلام محمد بھٹ ضلع اننت ناگ سے جس کے چار بچے صرف ایک کمرے میں رہتے ہیں۔ بدقسمتی سے ان کی ایک بیٹی کو صحت کا ایک نازک مسئلہ درپیش ہے……اس کے پاس کوئی ایسا ذریعہ نہیں ہے جہاں سے وہ اس کے علاج کے اخراجات کا انتظام کر سکے۔…پیارے بھائی آئیے ایک چھوٹے سے معمولی گھر کی تعمیر میں اس کی مدد کریں اور تعاون کریں"۔
گزشتہ ہفتے موج کشیر کی طرف سے “کراؤڈ فنڈنگ” کے لیے فیس بک پر ایسی ہی ایک اپیل پڑھنے کو ملی۔ متعلقہ ایس ڈی ایم اور محلہ کمیٹی سے مدد کے لیے کیس کی تصدیق کرنے کے بعد اس شخص کے نام، بینک اکاؤنٹ نمبر، اور رابطہ نمبر کے ساتھ اس کی پیروی کی جاتی ہے۔ اس کی تائید ایک ویڈیو سے بھی ہوتی ہے جس میں متعلقہ خاندان کی حالت زار کو دکھایا گیا ہے۔
اسی طرح کے ایک اور کیس کے بند ہونے پر موج کشیر اپنے فیس بک پیج پر لکھتا ہے: گنڈ پورہ، بانڈی پور ضلع سے تعلق رکھنے والی تین یتیم بہنوں کے لیے فنڈ کی اپیل کے کیس کو گزشتہ ماہ کامیابی سے بند کیا گیا۔ اس نے مزید کہا: یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ بے سہارا ماں کی اپیل کے ساتھ تین یتیم بہنوں نے اپنا مقصد پورا کیا۔ دو دنوں میں (روپے) 25 لاکھ سے زیادہ کی رقم جمع ہو چکی ہے، اور آپ کی سخاوت نے ان یتیم بہنوں کے لیے یہ مداخلت ممکن بنائی ہے۔
عامر کو دہلی کی ایک تقریب میں پی ایچ ڈی کی اعزازی دگری دی گئی۔
اپنی کارروائیوں کے ایک حصے کے طور پر، موج کشیر نے 2021 میں تقریباً 60 لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کا بھی اہتمام کیا ہے اور گزشتہ دو سالوں میں ایک ایک سو۔ ان لڑکیوں کو ان کی شادیوں کے لیے کپڑے اور دیگر ضروریات سمیت تمام مطلوبہ اشیاء فراہم کی جاتی ہیں۔ ایم کے ڈبلیو ٹی جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں غریبوں اور حادثے کے متاثرین کو ایمبولینس خدمات بھی فراہم کر رہی ہے۔ اس نے غریبوں کے لیے وہیل چیئر کی سہولت بھی فراہم کی ہے جو اس کی استطاعت نہیں رکھتے تھے اور ایک تازہ اقدام میں اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے ضرورت مند غریب لوگوں کے لیے مزید 30 وہیل چیئرز کا بندوبست کرنے کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔ عامر راشد وانی نے کہا کہ ہمارے پاس سری نگر کے تمام ہسپتالوں میں ایک ہیلپ ڈیسک موجود ہے۔واضح ہوکہ موج کشیر اپنی 10 رکنی باڈی کے ساتھ 45 رضاکاروں کی ایک بریگیڈ ہے تاکہ اس کی سہولیات کو ضرورت مندوں تک پہنچانے میں مدد کی جا سکے۔